TL؛DR
پیسے کی وقتی اہمیت (TVM) ایک ایسا تصور ہے جس کے مطابق، موجودہ وقت میں کوئی مخصوص رقم وصول کرنا مستقبل میں اتنی ہی رقم وصول کرنے سے بہتر ہو گا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ اس پیسے کی سرمایہ کاری کے ذریعے، آمدنی کما سکتے ہیں۔ مستقبل کی رقم کی موجودہ مالیتی قدر اور موجودہ رقم کی مستقبل کی قدر کا جائزہ لیتے ہوئے، یہ تصور مزید واضح ہو سکتا ہے۔
TVM کو ریاضی کے اعتبار سے منتخب شدہ مساوات کے ذریعے ظاہر کیا جا سکتا ہے۔ TVM سے متعلقہ فیصلے کرتے وقت کمپاؤنڈنگ کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے، اور عام طور پر افراط زر کو بھی پیش نظر رکھا جاتا ہے۔
تعارف
یہ تصور خاصا دلچسپ ہے کہ ہم سب انفرادی طور پر پیسے کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔ ہو سکتا ہے بظاہر ایسا لگے کہ بعض لوگ اسے دوسروں کے مقابلے میں کم اہم سمجھتے ہیں۔ جبکہ کچھ دیگر لوگ اس کے لیے سخت محنت کرنے پر بھی تیار ہوتے ہیں۔ اگرچہ یہ تصورات کافی حد تک نظریاتی ہیں، لیکن جب وقت کے لحاظ سے پیسے کی اہمیت کی بات آتی ہے، تو درحقیقت اس حوالے سے خاصا منظم فریم ورک موجود ہے۔ اگر آپ اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں کہ سال کے آخر تک زیادہ دولت کا انتظار کریں یا موجودہ وقت میں نسبتاً قلیل حصہ حاصل کریں، تو پیسے کی وقتی اہمیت کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ الجھن دور ہو سکتی ہے۔
پیسے کی وقتی مالیت کا تعارف
پیسے کی وقتی اہمیت (TVM) ایک ایسا اقتصادی/مالی تصور ہے جس کے مطابق، موجودہ وقت میں کوئی مخصوص رقم وصول کرنا مستقبل میں اس کے مساوی رقم وصول کرنے سے بہتر ہو گا۔ اس فیصلے میں موقع کی اہمیت کا تصور پوشیدہ ہے۔ بعد میں پیسہ وصول کرنے کا انتخاب کرنے کی صورت میں، آپ موجودہ وقت میں اس پیسے سے سرمایہ کاری کرنے یا اس کو کسی دوسری منافع بخش سرگرمی میں استعمال کرنے کا موقع ضائع کر بیٹھتے ہیں۔
آئیں ایک مثال پر نگاہ ڈالتے ہیں۔ آپ نے کچھ عرصہ پہلے اپنے دوست کو $1,000 کی رقم بطور ادھار دی تھی، اور اب انہوں نے اسے واپس کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔ وہ آپ کو پیشکش کرتے ہیں کہ اگر آپ $1,000 لینا چاہتے ہیں تو آج ہی وصول کر لیں، لیکن کل وہ ایک سال کے عرصے کے لیے دنیا بھر کی سیر پر جا رہے ہیں۔ تاہم، جب وہ 12 ماہ بعد واپس تشریف لائیں گے تو آپ کو $1,000 ادا کر دیں گے۔
اگر آپ کافی سست محسوس کر رہے ہیں، تو آپ 12 ماہ تک انتظار کر سکتے ہیں۔ لیکن TVM کا مطلب یہ ہے کہ یہ رقم آج ہی وصول کرنے میں آپ کا زیادہ فائدہ ہے۔ ان 12 ماہ کے دوران، آپ اسے زیادہ سود پر مبنی سیونگز اکاؤنٹ میں رکھ سکتے ہیں۔ آپ دانشمندی سے اس کی سرمایہ کاری بھی کر سکتے ہیں اور کچھ منافع کما سکتے ہیں۔ افراط زر کی صورت میں بھی یہی ہو گا کہ مستقبل میں 12 ماہ کے بعد آپ کے پیسے کی قدر کم ہو گی، لہٰذا حقیقی معنوں میں آپ کو دراصل کم ادائیگی ملے گی۔
اس دلچسپ سوال کو بھی مدنظر رکھنا چاہیئے کہ جب آپ کے دوست آپ کو 12 ماہ ادائیگی کریں گے، تو اس انتظار سے آپ کو کیا فائدہ ملے گا؟ ایک چیز بہرحال طے ہے کہ، آپ کے دوست کو کم از کم ان ممکنہ کمائیوں کو پورا کرنا چاہیئے جو آپ 12 ماہ پر محیط انتظار کی مدت میں کما سکتے تھے۔
موجودہ قدر اور مستقبل کی قدر کیا ہے؟
ہم TVM فارمولا کے نام سے موسوم ایک جامع فارمولے کے ذریعے اس پوری گفتگو کا اچھی طرح سے خلاصہ بیان کر سکتے ہیں۔ لیکن اس سمت میں جانے سے قبل، ہمیں اس کے علاوہ کچھ دیگر حسابات انجام دینے کی ضرورت ہو گی: پیسے کی موجودہ قدر اور پیسے کی مستقبل کی قدر۔
آپ پیسے کی موجودہ قدر کے ذریعے مستقبل کے نقدی کے مجموعے کو مارکیٹ کے موجودہ ریٹ کے لحاظ سے تصور کرتے ہوئے، اس کی موجودہ قدر معلوم کر سکتے ہیں۔ ہو سکتا ہے آپ اپنی مثال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ جاننے کے خواہشمند ہوں، کہ آپ کے دوست سے ملنے والے $1,000 کی آجکل اصل مالیت کیا ہو گی۔
مستقبل کی مالیتی قدر اس کے برعکس ہے۔ اس میں کوئی رقم آجکل کے لحاظ سے دیکھی جاتی ہے، اور اس چیز کا حساب لگایا جاتا ہے کہ مارکیٹ کے کسی مخصوص ریٹ پر اس کی مستقبل کی مالیت کیا ہو گی۔ لہٰذا، ایک سال میں $1,000 کی مستقبل کی قدر میں ایک سال کے مساوی مالیت کا سود شامل ہو گا۔
پیسے کی مستقبل کی قدر کا حساب لگانا
پیسے کی مستقبل کی قدر (FV) کا حساب لگانا آسان ہے۔ آئیں اپنی سابقہ مثال پر واپس جاتے ہیں، اور ہم سرمایہ کاری کے سردست دستیاب موقع کے طور پر شرح سود (2%) کو استعمال کریں گے۔ آج جو آپ کو $1,000 پر مشتمل رقم مل رہی ہے، ایک سال میں سرمایہ کاری کے بعد اس کی مستقبل کی قدر کچھ یوں ہو گی:
FV = $1,000 * 1.02 = $1,020
تصور کریں کہ آپ کے دوست اب کہتے ہیں کہ ان کا سفر دو سال کا ہو گا۔ تو اس صورت میں آپ کے $1,000 کی مستقبل کی قدر یہ ہو گی:
FV = $1,000 * 1.02^2 = $1,040.40
نوٹ کریں کہ ان دونوں صورتوں میں، ہم نے کمپاؤنڈنگ سود کو تصور کیا ہے۔ ہم مستقبل کی قدر سے متعلق اپنے فارمولے کو درج ذیل عمومی شکل دے سکتے ہیں:
FV = I * (1 + r)^n
I=ابتدائی سرمایہ کاری، r=شرح سود، اور n=دورانیوں کی تعداد
نوٹ کریں کہ ہم پیسے کی موجودہ قدر کی جگہ پر I کو بطور متبادل بھی لے سکتے ہیں، جس کی تفصیل ہم بعد میں بیان کریں گے۔ آخر ہمیں مسقبل کی قدر معلوم کرنے کی کیا ضرورت ہے؟ دراصل، یہ منصوبہ بندی کرنے اور اس بات کو جاننے میں ہماری مدد کرتی ہے کہ مستقبل میں آج سرمایہ کاری کردہ پیسے کی اہمیت کیا ہو گی۔ یہ ہماری سابقہ مثال کے سلسلے میں بھی ہماری مدد کرتی ہے، جہاں اس حوالے سے ایک فیصلہ کرنے کی ضرورت تھی کہ آیا کوئی مخصوص رقم ابھی وصول کی جائے یا کوئی دوسری رقم بعد میں لی جائے۔
پیسے کی موجودہ قدر کا حساب لگانا
پیسے کی موجودہ قدر (PV) کا حساب لگانے کا عمل بھی ہمارے مستقبل کی قدر کے حساب سے ملتا جلتا ہے۔ ہم محض اس چیز کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ مستقبل میں کسی رقم کی آج کیا مالیت ہو گی۔ ایسا کرنے کے لیے، ہم مستقبل کی قدر کے حساب کو واپس دہراتے ہیں۔
فرض کریں کہ آپ کے دوست آپ سے کہتے ہیں کہ وہ آپ کو ایک سال بعد، $1,000 کی بجائے $1,030 دیں گے۔ تاہم، آپ کو اس بات کا اندازہ لگانا ہو گا کہ آیا یہ معاملہ آپ کے حق میں بہتر ہے یا نہیں۔ ہم (اسی 2% شرح سود کو فرض کر کے) PV کا حساب لگاتے ہوئے یہ کام انجام دے سکتے ہیں۔
PV = $1,030 / 1.02 = 1,009.80
یہاں، درحقیقت آپ کے دوست آپ کو اچھی پیشکش کر رہے ہیں۔ موجودہ قدر کی مالیت اس سے $9.80 زیادہ ہے، جو آپ اپنے دوست سے آج حاصل کریں گے۔ اس صورت میں، آپ کے لیے ایک سال کے عرصے تک انتظار کرنا بہتر ہو گا۔
آئیں PV کا حساب لگانے کے لیے عمومی فارمولے کو ایک نظر دیکھتے ہیں:
PV = FV / (1 + r)^n
جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، FV کو PV کے لیے اور اس کے برعکس دوبارہ ترتیب دیا جا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں ہمیں اپنا TVM فارمولا حاصل ہوتا ہے۔
پیسے کی وقتی اہمیت پر کمپاؤنڈنگ اور افراط زر کے اثرات
ہمارے PV اور FV فارمولے TVM کو اخذ کرنے کے لیے ایک بہترین فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔ ہم پہلے ہی کمپاؤنڈنگ کا تصور بیان کر چکے ہیں، لیکن آئیں اس کی مزید وضاحت کرتے ہیں اور اس امر کا مشاہدہ کرتے ہیں کہ افراط زر بھی ہمارے حسابات کو کس طرح متاثر کر سکتی ہے۔
کمپاؤنڈنگ کا اثر
وقت گزرنے کے ساتھ، کمپاؤنڈنگ کا عمل بہت تیزی سے بڑھتا ہے۔ محض سادہ سود کے ساتھ بڑی رقم میں کچھ اضافہ ضرور ہوتا ہے، لیکن کمپاؤنڈنگ کے ذریعے ایک قلیل رقم اس سے کہیں زیادہ بڑی ہو سکتی ہے۔ ہم نے اپنے قائم کردہ ماڈل میں، ایک سال کی کمپاؤنڈنگ کا جائزہ لیا ہے۔ تاہم، آپ اس سے کم دورانیے میں بھی کمپاؤنڈ کر سکتے ہیں، فرض کریں کہ یہ عرصہ فی سال کی ہر سہ ماہی ہے۔
اس کو تشکیل دینے کے لیے، ہم اپنے ماڈل کو معمولی سا ایڈجسٹ کر سکتے ہیں۔
FV = PV * (1 + r/t)^n*t
PV=موجودہ قدر، r=شرح سود، t=کمپاؤنڈنگ کی مدت کی سالانہ تعداد
آئیں سال میں ایک بار دی جانے والی 2% سالانہ کمپاؤنڈ شرح سود کو $1,000 تصور کرتے ہیں۔
FV = $1,000 * (1 + 0.02/1)^1*1 = $1,020
بلاشبہ یہ وہی ہے، جس کا ہم پہلے حساب لگا چکے ہیں۔ تاہم، اگر آپ کو سال میں چار مرتبہ اپنی کمائیوں کو کمپاؤنڈ کرنے کا موقع ملتا ہے، تو اس کا نتیجہ کافی بڑا ہو گا۔
FV = $1,000 * (1 + 0.02/4)^1*4 = $1020.15
ہو سکتا ہے 15 سینٹس کا اضافہ بظاہر بڑا نہ معلوم ہو، لیکن زیادہ رقوم کے ساتھ اور طویل مدتوں کے دوران، یہ فرق بڑا ہو سکتا ہے۔
افراط زر کا اثر
ابھی تک، ہم نے اپنے حسابات میں افراط زر کو مدنظر نہیں رکھا۔ جب افراط زر 3% پر چل رہی ہو تو 2% سالانہ شرح سود کا کیا فائدہ ہو گا؟ کثیر افراط زر کے اوقات میں، ہو سکتا ہے مارکیٹ کی شرح سود کے بجائے افراط زر کی شرح کو شامل کرنا آپ کے لیے زیادہ مفید ثابت ہو۔ اس امر کی ایک عمومی مثال اجرت طے کرنے کی سرگرمیاں ہیں۔
تاہم، افراط زر کا اندازہ لگانا نسبتاً زیادہ مشکل چیز ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ، اشیاء اور سروسز کی قیمت میں اضافے کا حساب لگانے کے لیے مختلف قسم کے انڈیکسز سے انتخاب کرنا پڑتا ہے۔ عام طور یہ مختلف اعداد و شمار فراہم کرتے ہیں۔ مارکیٹ کی شرح سود کے برعکس، افراط زر کی پیشن گوئی کرنا بھی خاصا مشکل ہے۔
مختصر یہ کہ، ہمیں افراط زر کے حوالے سے کچھ خاص مدد نہیں مل سکتی۔ ہم اپنے ماڈل میں افراط زر کے لیے رعایت پر مبنی پہلو شامل کر سکتے ہیں، لیکن جیسا کہ پہلے بیان ہو چکا ہے، جب مستقبل کی بات ہوتی ہے تو افراط زر کا اندازہ لگانا کافی مشکل ہو سکتا ہے۔
پیسے کی وقتی اہمیت کرپٹو پر کیسے لاگو ہوتی ہے
کرپٹو میں ایسے متعدد مواقع موجود ہیں جہاں آپ کو موجودہ وقت میں کرپٹو کی مخصوص رقم اور مستقبل میں مختلف رقم کے مابین انتخاب کرنا پڑ سکتا ہے۔ لاک شدہ اسٹیکنگ اس کی ایک مثال ہے۔ آپ کو اس بارے میں انتخاب کرنا پڑ سکتا ہے کہ موجودہ وقت میں اپنا ایک ether (ETH) اپنے پاس رکھیں یا 2% شرح سود پر اسے چھ ماہ بعد واپس لیں۔ درحقیقت، آپ اسٹیکنگ کا کوئی اور موقع بھی تلاش کر سکتے ہیں جو بہتر منافع کی پیشکش کر رہا ہو۔ TVM کے کچھ عمومی حسابات بہترین پراڈکٹ تلاش کرنے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔
مزید نظریاتی اعتبار سے، ہو سکتا ہے آپ اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہوں کہ آپ کو کس وقت Bitcoin (BTC) خریدنا چاہیئے۔ اگرچہ BTC کو عام طور پر انحطاط زر کی کرنسی کہا جاتا ہے، لیکن اس کی سپلائی دراصل ایک خاص مقام تک بتدریج بڑھتی ہے۔ لہٰذا، اس کا اصولی مطلب یہ ہے کہ اس کی سپلائی موجودہ وقت میں افراط زر پر مبنی ہے۔ تو کیا اس صورت میں آپ کو آج $50 کا BTC خریدنا چاہیئے یا اپنی اگلی تنخواہ کا انتظار کرنا چاہیئے اور اگلے ماہ اسے $50 کا خریدنا چاہیئے؟ TVM پہلی صورت تجویز کرے گی، لیکن BTC کی اتار چڑھاؤ پر مبنی قیمت کی وجہ سے اصل صورت حال زیادہ پیچیدہ ہے۔
اختتامی خیالات
اگرچہ ہم TVM کی باضابطہ وضاحت کر چکے ہیں، لیکن شاید آپ پہلے ہی اس تصور کو بدیہی طور پر استعمال کر رہے ہوں گے۔ ہماری روزمرہ کی معاشی زندگیوں میں شرح سود، منافع اور افراط زر کے تصورات عام فہم ہیں۔ جن باضابطہ ورژنز پر ہم نے آج کام کیا ہے، وہ بڑی کمپنیوں، سرمایہ کاران اور ادھار دینے والے افراد کے لیے کافی فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کے لیے، ایک معمولی سا فیصدی حصہ بھی منافع جاتی اور بنیادی تناظر میں کافی بڑا فرق پیدا کر سکتا ہے۔ ہمیں کرپٹو سرمایہ کاران کی حیثیت سے بہرطور اس تصور کو اس وقت لازماً ذہن نشین رکھنا چاہیئے کہ جب ہم بہترین منافع جات کے لیے اپنے پیسے کی سرمایہ کاری کے طریقے اور مقام کا تعین کرتے ہیں۔