تعارف
مالیاتی مارکیٹس رجحانات کی صورت میں حرکت کرتی ہیں۔ سرمایہ کاری کے بہتر فیصلے کرنے کے لیے ان رجحانات کے درمیان فرق کو سمجھنا اہم ہے۔ کیسے؟ دراصل، مارکیٹ کے مختلف رجحانات مارکیٹ کے واضح طور پر مختلف حالات کا سبب بن سکتے ہیں۔ اگر آپ بنیادی رجحان کے بارے میں نہیں جانتے، تو آپ تبدیل ہوتے حالات کو کیسے اپنائیں گے؟
مارکیٹ کا رجحان وہ مجموعی سمت ہوتی ہے جس کی جانب مارکیٹ جا رہی ہوتی ہے۔ ایک بیئر مارکیٹ میں، قیمتیں عموماً کم ہو رہی ہوتی ہیں۔ بیئر مارکیٹس ٹریڈ یا سرمایہ کاری کرنے کے لیے مشکل ثابت ہو سکتی ہیں، خاص طور پر نوآموز افراد کے لیے۔
اکثر کرپٹو ٹریڈرز اور تکنیکی تجزیہ کار اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ Bitcoin اپنی تخلیق سے اب تک ایک میکرو بُل رجحان کے زیراثر رہا ہے۔ اس کے باوجود بھی، کرپٹو کرنسی کی کئی بیئر مارکیٹس قائم ہیں۔ یہ عموماً Bitcoin کی قیمت میں 80% کمی کا باعث بنتی ہیں، جبکہ altcoins کی قیمت میں 90% سے زیادہ کمی واقع ہو سکتی ہے۔ آپ اس دوران کیا کر سکتے ہیں؟
اس آرٹیکل میں، ہم بات کریں گے کہ بیئر مارکیٹ کیا ہے، آپ کو اس کی تیاری کیسے کرنی چاہیئے، اور اس سے کس طرح منافع حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اگر آپ پہلے بُل مارکیٹس کے بارے میں پڑھنا چاہتے ہیں، تو بُل مارکیٹ کیا ہے؟ ملاحظہ کریں۔
بیئر مارکیٹ کیا ہے؟
بیئر مارکیٹ کو مالیاتی مارکیٹس میں قیمتیں گرنے کے دور کے طور پر بیان کیا جا سکتا ہے۔ بیئر مارکیٹس شدید خطرناک ہو سکتی ہیں اور ناتجربہ کار ٹریڈرز کے لیے ٹریڈ کے حوالے سے مشکل ثابت ہو سکتی ہیں۔ یہ باآسانی بڑے نقصانات کا سبب بن سکتی ہیں اور یہاں تک کہ سرمایہ کاروں کو مالیاتی مارکیٹس میں واپس آنے کے حوالے سے تذبذب کا شکار بھی بنا سکتی ہیں۔ کیسے؟
ٹریڈرز کے درمیان ایک کہاوت مشہور ہے: "اوپر سیڑھی کی رفتار سے، نیچے، ایلیویٹر کی رفتار سے۔" اس کا مطلب یہ ہے کہ اوپر جانے میں وقت اور تحمل درکار ہو سکتا ہے، لیکن نیچے آنے میں بس ذرا سا وقت لگتا ہے۔ اس کی کیا وجہ ہے؟ جب قیمت گرنا شروع ہوتی ہے، تو زیادہ تر ٹریڈرز مارکیٹس سے فوری طور پر خارج ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسا وہ اپنے کیش کو برقرار رکھنے یا اپنی لانگ پوزیشنز سے منافع جات کو لاک کرنے کے لیے کرتے ہیں۔ اس سے فوری طور پر ڈومینو اثر پیدا ہو سکتا ہے جہاں فروخت کنندگان کا فوری طور پر اخراج، مزید فروخت کنندگان کے اخراج کا باعث بن سکتا ہے، اور یہ سلسلہ، یوں ہی جاری رہتا ہے۔ مارکیٹ کے زائد لیوریج شدہ ہونے پر قیمت گرنے میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ایک بڑے پیمانے پر ہونے والا تصفیہ واضح اثرات کا سبب بنے گا، جو کہ مزید قیمتوں کے تیزی سے گرنے کا باعث بنے گا۔
اس کے ساتھ، بُل مارکیٹس میں بھی بہتری کے مراحل آ سکتے ہیں۔ اس دوران، قیمتیں تیزی سے بڑھنے لگتی ہیں، ہم آہنگی میں اضافہ ہو جاتا ہے، اور زیادہ تر اثاثے مجموعی طور پر بڑھنے لگتے ہیں۔
روایتی طور پر، بیئر مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو "قیمت میں کمی" کا سامنا ہوتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ وہ قیمتوں کے گرنے کی توقع رکھتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ مارکیٹ کا رجحان عموماً کافی کم ہوتا ہے۔ تاہم، اس کا مطلب یہ نہیں کہ مارکیٹ کے تمام شرکت کنندگان فعال شارٹ پوزیشنز میں موجود ہوں۔ اس کا مطلب صرف یہ ہے کہ وہ قیمتوں کے گرنے کی توقع رکھتے ہیں اور موقع ملنے پر وہ اسی کے مطابق اپنی پوزیشن کا تعین کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
بیئر مارکیٹس کی مثالیں
جیسا کہ ہم نے بات کی، اکثر سرمایہ کاروں کے مطابق Bitcoin اپنی ٹریڈنگ کے آغاز سے لے کر اب تک ایک میکرو بُل رجحان پر چلتا آ رہا ہے۔ کیا اس کا یہ مطلب ہے کہ اس بُل رجحان میں کوئی بیئر مارکیٹس شامل نہیں؟ جی نہیں۔ دسمبر 2017 میں Bitcoin کے $20,000 تک پہنچ جانے کے بعد، اس کی بیئر مارکیٹ کافی شدید رہی ہے۔
2017 کی بُل مارکیٹ کے بعد Bitcoin کی قیمت گر گئی۔
اور 2018 کی بیئر مارکیٹ سے پہلے، 2014 میں Bitcoin کی قیمت 86% تک گری۔
Bitcoin کی قیمت 2013 سے 86% تک گر گئی ہے۔
جولائی 2020 سے، پِچھلی بیئر مارکیٹ کی کم ترین قیمت کی حد $3,000 کو دوبارہ سے ٹیسٹ کیا گیا لیکن یہ کبھی بھی کم نہیں ہوئی۔ اگر مالیت اس کم ترین قیمت سے تجاوز کر جاتی، تو یہ متفقہ رائے قائم ہو جاتی کہ متعدد سالوں پر محیط Bitcoin بیئر مارکیٹ ابھی ختم نہیں ہوئی۔
Bitcoin اپنی پِچھلی بیئر مارکیٹ کی کم ترین قیمت کی حد کو دوبارہ سے ٹیسٹ کر رہا ہے۔
چوںکہ ابھی تک قیمت اس سطح سے کم نہیں ہوئی، اس لیے یہ رائے قائم کی جا سکتی ہے کہ COVID-19 کے خدشات کے باعث کم ہونے والی قیمتیں محض اس حد کا ایک باز امتحان تھیں۔ اب بھی، تکنیکی تجزیات کے حوالے سے کوئی بھی بات حتمی نہیں، بلکہ صرف امکانات ہیں۔
بیئر مارکیٹ کی دیگر قابل غور مثالیں اسٹاک مارکیٹ میں ملتی ہیں۔ کرونا وائرس کی عالمی وباء کے سبب اقتصادی بحران، 2008 کا مالیاتی بحران، یا 2020 کا اسٹاک مارکیٹ کریش قابل غور مثالیں ہیں۔ ان تمام صورت حالوں نے وال اسٹریٹ کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا اور مجموعی طور پر اسٹاک کی قیمتوں کو متاثر کیا۔ اس طرح کے حالات میں مارکیٹ انڈیکسز جیسا کہ Nasdaq 100، Dow Jones کی صنعتی اوسط (DJIA)، یا S&P 500 انڈیکس کی قیمتیں تیزی سے گر سکتی ہیں۔
بیئر مارکیٹ اور بُل مارکیٹ – فرق کیا ہے؟
فرق بالکل واضح ہے۔ بُل مارکیٹ میں، قیمتیں بڑھتی ہیں، جبکہ بیئر مارکیٹ میں، قیمتیں گرتی ہیں۔
ایک قابل غور فرق یہ ہو سکتا ہے کہ بیئر مارکیٹس میں استحکام کی مدت زیادہ ہو، جیسا کہ قیمت کی حرکات میں کمی یا اضافہ۔ اس وقت مارکیٹ کا اتار چڑھاؤ کم ترین ہوتا ہے، اور ٹریڈنگ کی محض معمولی سی سرگرمی چل رہی ہوتی ہے۔ اگرچہ بُل مارکیٹس میں بھی ایسی ہی صورت حال ہو سکتی ہے، تاہم اس طرح کی صورت حال بیئر مارکیٹس میں عام ہو سکتی ہے۔ بہرکیف، قیمتوں کا زیادہ دیر تک کم رہنا اکثر سرمایہ کاروں کے لیے حوصلہ بخش نہیں ہوتا۔
ایک اور قابل غور بات یہ ہے کہ آیا ایک اثاثے پر سب سے پہلے شارٹ پوزیشن میں داخل ہونا ممکن ہے۔ اگر مارجن پر اثاثے کو شارٹ کرنے یا ڈیریویٹوز استعمال کرنے کی صلاحیت نہیں، تو ٹریڈرز کیش یا اسٹیبل کوائنز کے عوض فروخت کرتے ہوئے صرف قیمت میں کمی کے نظریے کو ظاہر کر سکتے ہیں۔ اس سے خریداری میں معمولی سی دلچسپی کے ساتھ ایک طویل المدتی، غیر ضروری گھٹتا ہوا رجحان پیدا ہو سکتا ہے، جو کہ کم رفتار اور غیر اہم قیمت کی حرکات کا باعث بن سکتا ہے۔
➟ کرپٹو کرنسی پر آغاز کرنا چاہتے ہیں؟ Binance پر Bitcoin کو خریدیں!
بیئر مارکیٹ میں کیسے ٹریڈ کریں
کیش (یا اسٹیبل کوائنز) برقرار رکھنا ایک ایسی آسان ترین حکمت عملی ہے جسے ٹریڈرز بیئر مارکیٹ میں استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر آپ قیمتوں کی کمی سے خوش نہیں ہیں، تو مارکیٹ کے بیئر مارکیٹ سے باہر نکلنے کا انتظار کرنا ہی بہتر ہے۔ اگر مستقبل میں کسی وقت نئی بُل مارکیٹ قائم ہونے کی توقع ہے، تو ایسا ہونے پر آپ اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اسی دوران، اگر آپ کئی سالوں یا دہائیوں پر محیط سرمایہ کاری کے وقت کے ساتھ طویل مدت کے لیے HODLing کر رہے ہیں، تو ضروری نہیں کہ بیئر مارکیٹ، براہ راست ایک فروخت کا اشارہ ہو۔
ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری کے معاملے میں، عام طور پر مارکیٹ کے رجحان کی سمت میں ٹریڈ کرنا ایک اچھا خیال ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیئر مارکیٹس میں شارٹ پوزیشنز کو کھولنا ایک نفع بخش حکمت عملی ہو سکتی ہے۔ اس طرح، جب اثاثے کی قیمتیں کم ہوتی ہیں، تو ٹریڈرز قیمتوں میں کمی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یہ روازانہ کی ٹریڈز، سوئنگ ٹریڈز، پوزیشن ٹریڈز ہو سکتی ہیں – اصل مقصد رجحان کی سمت میں ٹریڈ کرنا ہے۔ اس کے ساتھ، اکثر مخالفت کرنے والے ٹریڈرز "کاؤنٹر ٹرینڈ" ٹریڈز کی خواہش کریں گے، جس کا مطلب ایسی ٹریڈز ہیں، جو کہ مرکزی رجحان کے برخلاف ہوں۔ آیئے دیکھتے ہیں کہ یہ کس طرح سے کام کرتا ہے۔
بیئر مارکیٹ کی صورت میں اس سے مراد، فوری طور پر لانگ پوزیشن میں داخلہ ہو سکتا ہے۔ یہ اقدام بعض اوقات "بیئر مارکیٹ ریلی" یا ڈیڈ کیٹ باؤنس کہلاتا ہے۔ کاؤنٹر ٹریڈ قیمت کی حرکات واضح طور اتار چڑھاؤ کا شکار ہوتی ہیں، کیونکہ بہت سارے ٹریڈرز قلیل المدتی باؤنس کو لانگ کرنے کا موقع حاصل کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ تاہم، مجموعی طور پر بیئر مارکیٹ کے ختم ہو جانے کی تصدیق کے بعد، خیال یہ ہے کہ باؤنس کے فوراً بعد گھٹتا رجحان دوبارہ سے قائم ہو جائے گا۔
یہی وجہ ہے کہ کامیاب ٹریڈرز منافع (قیمت میں حالیہ اضافے کے آس پاس) حاصل کریں گے اور بیئر رجحان کے دوبارہ شروع ہونے سے پہلے خارج ہو جائیں گے۔ بصورت دیگر، بیئر مارکیٹ کے جاری رہنے پر وہ لانگ پوزیشن میں پھنس سکتے ہیں۔ اس طرح، یہ بات نوٹ کرنا اہم ہے کہ یہ شدید خطرے کی حامل حکمت عملی ہے۔ حتیٰ کہ قیمت میں کمی کا انتظار کرتے وقت نہایت تجربہ کار ٹریڈرز کو بھی بڑے نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اختتامی خیالات
ہم نے بات کی کہ بیئر مارکیٹ کیا ہے، ٹریڈرز خود کو کیسے محفوظ رکھ سکتے ہیں اور بیئر مارکیٹس سے منافع کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔ خلاصہ یہ کہ، سب سے آسان حکمت عملی بیئر مارکیٹ میں کیش کو برقرار رکھنا – اور ٹریڈ کرنے کے لیے محفوظ موقعے کا انتظار کرنا ہے۔ متبادل طور پر، اکثر ٹریڈرز شارٹ پوزیشنز تخلیق کرنے کے مواقع تلاش کریں گے۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں، ٹریڈنگ کے معاملے میں مارکیٹ کے رجحان کی سمت کو فالو کرنا عقل مندانہ فیصلہ ہے۔