TL؛DR
گورننس ٹوکنز اپنے ہولڈرز کو ان معاملات پر ووٹ دینے کا حق فراہم کرتے ہیں جو کسی بلاک چین پراجیکٹ کی ترقی اور آپریشنز کا انتظام کرتے ہیں۔ یہ ایک ایسا طریقہ ہے جس کے ذریعے پراجیکٹس اپنی کمیونٹیز میں فیصلہ سازی کی قوت تقسیم کرتے ہیں۔ گورننس کا یہ غیر مرکزی ماڈل ٹوکن ہولڈرز کے مفادات کو پراجیکٹ کے مفادات کے ساتھ ہم آہنگ بنانے میں مدد کرتا ہے۔
تعارف
بہت سی روایتی کمپنیاں بورڈ آف ڈائریکٹرز یا لوگوں کے ایک چھوٹے سے گروپ کے زیرِ انتظام چلتی ہیں، جنہیں مرکزی گورننس کے طور پر درجہ بند کیا جا سکتا ہے۔ سب سے بڑی کمپنیوں کے بورڈز کا اوسط سائز لگ بھگ 10 افراد پر مشتمل ہوتا ہے۔ انہیں کمپنیاں چلانے کے طریقے کے حوالے سے وسیع اختیارات حاصل ہوتے ہیں۔ یہ ڈائریکٹرز کلیدی ایگزیکٹوز کو نامزد یا برطرف کر سکتے ہیں، یہ فیصلہ بھی کر سکتے ہیں کہ کن پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کرنی ہے، اور کمپنی کی حکمت عملی بھی طے کر سکتے ہیں۔
گورننس ٹوکنز تنظیموں کو چلانے کے ایک مختلف طریقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ بالعموم غیر مرکزی خود مختار تنظیموں (DAOs) اور غیر مرکزی فنانس (DeFi) میں پایا جانے والا یہ ماڈل گورننس کے ایک مزید مساوی، غیر مرکزی، اور شفاف طریقے کی پیشکش کرتا ہے اور گورننس ٹوکنز اس کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اکثر صورتوں میں، ایک ٹوکن ایک ووٹ کے برابر ہوتا ہے۔ یہ ٹوکنز کمیونٹیز کو باہم جوڑنے کے لیے ڈیزائن کیے جاتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ بلاک چین کے پراجیکٹس درست طریقے سے ڈویلپ کرنے کا عمل انجام سکتے ہیں۔
گورننس ٹوکنز کیسے کام کرتے ہیں؟
گورننس ٹوکنز DAO، DeFi، اور غیر مرکزی ایپلی کیشن (DApp) کے پراجیکٹس میں غیر مرکزی گورننس کو سمجھنے کا بنیادی طریقہ ہیں۔ یہ اکثر اوقات، فعال صارفین کو ان کی وفاداری اور کمیونٹی میں شراکت داریوں کے صلے میں دیے جاتے ہیں۔ بدلے میں، ٹوکن ہولڈرز پراجیکٹ کی مضبوط ڈویلپمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے بڑے معاملات پر ووٹ دیتے ہیں۔ عام طور پر، ووٹنگ اسمارٹ معاہدہ جات کے ذریعے منعقد ہوتی ہے، جس صورت میں نتائج خودکار طور پر نافذ ہو جاتے ہیں۔
اولین گورننس ٹوکنز میں سے ایک MakerDAO کے ذریعے جاری کیا گیا تھا، جو Ethereum پر مبنی ایک ایسی DAO ہے جو کرپٹو سے ضمانت یافتہ اسٹیبل کوائن DAI کی معاونت کرتی ہے۔ میکر پروٹوکول کو اس کے MKR نامی گورننس ٹوکن کے ہولڈرز چلاتے ہیں۔ ایک MKR ٹوکن ایک ووٹ کے برابر ہوتا ہے، اور سب سے زیادہ ووٹس حاصل کرنے والا فیصلہ منظور کیا جاتا ہے۔ ٹوکن ہولڈرز مختلف قسم کے معاملات پر ووٹ دیتے ہیں جیسا کہ ٹیم کے ممبرز کی تقرری، فیس کو ایڈجسٹ کرنا، اور نئے قواعد کی منظوری۔ اس کا مقصد MakerDao کے اسٹیبل کوائن کے استحکام، شفافیت، اور موثر کارکردگی کو یقینی بنانا ہے۔
اس کی ایک اور مثال Compound ہے، ایک ایسا DeFi پروٹوکول جو صارفین کو کرپٹو کرنسیز کا ادھار دینے اور ادھار لینے کا موقع دیتا ہے۔ یہ COMP نامی ایک گورننس ٹوکن جاری کرتا ہے جس کے ذریعے اس کے صارفین کی کمیونٹی کلیدی فیصلوں پر ووٹ دے سکتے ہیں۔ یہ ٹوکنز صارفین کی آن چین سرگرمی کے تناسب سے مختص کیے جاتے ہیں۔ بالفاظ دیگر، آپ Compound پر جتنا زیادہ ادھار دیتے یا ادھار لیتے ہیں، آپ کو اتنے ہی زیادہ COMP ٹوکنز ملتے ہیں۔
MakerDAO کی طرح، ایک COMP ٹوکن ایک ووٹ کے برابر ہوتا ہے۔ صارفین اپنی جانب سے ووٹ دینے کے لیے اپنے ٹوکن دوسرے لوگوں کو بھی دے سکتے ہیں۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ، Compound نے 2020 میں نیٹ ورک کی ایڈمن کلید کا کنٹرول چھوڑ دیا۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ پراجیکٹ گورننس کے متبادل طریقوں کے بغیر مکمل طور پر اپنے ٹوکن ہولڈرز کے زیرِ انتظام آ گیا۔
دیگر قابلِ ذکر گورننس ٹوکنز میں غیر مرکزی ایکسچینج کے جاری کردہ Uniswap اور PancakeSwap، DeFi ادھار دینے کے پلیٹ فارم کا Aave، Web3 NFT کمیونٹی کا ApeCoin DAO اور ورچوئل ورلڈ پلیٹ فارم کا Decentraland شامل ہیں۔
ہر پراجیکٹ گورننس ٹوکنز کے کام کرنے کے مختلف طریقے مرتب کرتا ہے۔ یہ ٹوکنز حساب کے مختلف ماڈلز کے مطابق اسٹیک ہولڈرز میں تقسیم کیے جاتے ہیں، جن میں بانی ٹیم، سرمایہ کاران، اور صارفین شامل ہیں۔ بعض گورننس ٹوکنز گورننس سے متعلقہ صرف مخصوص قسم کے معاملات پر ووٹ دیتے ہیں، جبکہ دیگر اکثر چیزوں پر ووٹ دیتے ہیں۔ بعض گورننس ٹوکنز مالی منافع جات کما سکتے ہیں، جبکہ دیگر ایسا نہیں کرتے۔
گورننس ٹوکنز کے فوائد اور نقصانات
گورننس ٹوکنز کے کچھ بہترین فوائد ہیں۔ وہ مفادات اس اختلاف رائے کو ختم کر سکتے ہیں جو مرکزی گورننس میں اکثر نظر آتا ہے۔ گورننس ٹوکنز کے ذریعے فعال ہونے والی غیر مرکزی گورننس اس نظم کاری کی طاقت کو اسٹیک ہولڈرز کی ایک وسیع کمیونٹی کو ٹرانسفر کرتی ہے، جو صارفین اور بذات خود تنظیم کے مفادات کو ہم آہنگ کرنے کا سبب بنتی ہے۔
گورننس ٹوکنز کا ایک اور فائدہ فعال، باہمی تعاون پر مبنی اور قریبی کمیونٹیز تعمیر کرنے کی صلاحیت ہے۔ ہر ٹوکن ہولڈر کو پراجیکٹ پر ووٹ دینے اور اسے بہتر بنانے کے صلے میں مراعات دی جاتی ہیں۔ چونکہ ایک ٹوکن اکثر ایک ووٹ کے برابر ہوتا ہے، اس لیے یہ منصفانہ اور زیادہ مساوی بنیادوں پر فیصلہ سازی کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ہر ٹوکن ہولڈر کسی ایسی تجویز کا آغاز کر سکتا ہے جس پر ووٹ دیا جانا ہو۔ ہر شخص ہر ووٹ کی تفصیلات کو دیکھ سکتا ہے، جس سے دھوکہ دہی کا امکان کم ہو جاتا ہے۔
گورنمنٹ ٹوکنز کو درپیش سب سے بڑا چیلنج، بڑی مچھلیوں کا مسئلہ ہے۔ بڑی مچھلیاں ایسے لوگوں کو کہا جاتا ہے جو اپنے پاس کسی خاص کرپٹو کا ایک بڑا حصہ رکھتے ہیں۔ اگر کسی کرپٹو پراجیکٹ کے گورننس ٹوکن کی مجموعی سپلائی کا خاطر خواہ حصہ اس کی سب سے بڑی مچھلیاں ہولڈ کر لیتی ہیں، تو وہ ووٹنگ کے عمل کو اپنے حق میں بدل سکتی ہیں۔ پراجیکٹس کو یقینی بنانا ہو گا کہ ملکیت حقیقی معنوں میں غیر مرکزی اور مساوی بنیاد پر تقسیم کردہ ہے۔
لیکن اگر گورننس ٹوکنز منصفانہ اور وسیع سطح پر تقسیم کر بھی دیے جاتے ہیں، پھر بھی اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ اکثریتی فیصلے ہمیشہ پراجیکٹس کے لیے بہترین ثابت ہوں گے۔ ایک شخص، ایک ووٹ پر مبنی الیکشن سسٹمز کی ایک طویل تاریخ ہے اور ان کا ٹریک ریکارڈ مخلوط ہے۔ ایسے واقعات بھی پیش آئے ہیں کہ جب گورننس ٹوکن کے ہولڈرز وسیع تر کمیونٹی کے بل پر بانی ٹیموں اور بڑے سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے ووٹ دیتے ہیں۔
گورننس ٹوکنز کا مستقبل کیا ہے؟
کرپٹو اسپیس سے جنم لینے والی ایک ایجاد ہونے کے ناطے، گورننس ٹوکنز مزید شعبہ جات میں وسیع سطح پر استعمال ہو سکتے ہیں۔ Web3 کی تحریک ایک ایسی جگہ ہے جہاں گورننس ٹوکنز ایک غیر مرکزی انٹرنیٹ تعمیر کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ جیسے جیسے DeFi اور DAOs کی رفتار بڑھ رہی ہے، گیمنگ جیسی دیگر انڈسٹریز اس گورننس ماڈل کو اپنا سکتی ہیں۔
گورننس ٹوکنز اپنے ابھار کے ساتھ مسائل کو حل کرنے کے لیے ارتقاء کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ بڑی مچھلیوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے نئے میکانزمز یا ووٹنگ کے عمل کو بہتر بنانے کے دیگر طریقے سامنے آ سکتے ہیں۔ ووٹ دینے کے نئے طریقے ظاہر ہو سکتے ہیں۔ نئی ایجادات ابھرنے کے ساتھ ساتھ اس اسپیس کے مزید پیچیدہ ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔
گورننس ٹوکنز کے مستقبل کو متاثر کرنے والا ایک اور بڑا عنصر ضابطہ کاری سے متعلقہ تبدیلیاں ہیں۔ کچھ حکومتیں ان ٹوکنز کو سکیورٹیز تصور کر سکتی ہیں۔ جس کی وجہ سے یہ سنگین ضابطہ کاریوں کی زد میں آ سکتے ہیں اور ان کے کام کرنے کا طریقہ کار متاثر ہو سکتا ہے۔
اختتامی خیالات
گورننس ٹوکن ابھی تک ترقی کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔ انہوں نے بہت سے DeFi اور DAO پراجیکٹس کی مضبوط ترقی میں سہولت فراہم کی ہے۔ پراجیکٹس کی نظم کاری کا تعین کرنے کے لیے ووٹنگ کی طاقت کے ساتھ، یہ ٹوکنز غیر مرکزیت میں سنگ بنیاد کی حیثیت رکھتے ہیں۔
ایک ٹوکن، ایک ووٹ کا اصول صارفین اور کمیونٹی کو اس وقت تک مرکزی حیثیت فراہم کرتا رہتا ہے جب تک کہ یہ ٹوکنز کمیونٹی کے ممبرز میں نسبتاً مساوی طور پر تقسیم کیے جاتے رہیں۔ ہو سکتا ہے مستقبل میں گورننس ٹوکنز میں توسیع کا سلسلہ جاری رہے۔ صارف کے زیرِ ملکیت نیٹ ورکس، Web3 کے پراجیکٹس، اور گیمز ایک مزید متحرک غیر مرکزی ایکو سسٹم کی تعمیر کے لیے گورننس ٹوکنز کو اختیار کر سکتے ہیں۔