خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطوحات کیا ہیں اور ان کا حساب کیسے لگایا جاتا ہے؟
ہوم
آرٹیکلز
خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطوحات کیا ہیں اور ان کا حساب کیسے لگایا جاتا ہے؟

خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطوحات کیا ہیں اور ان کا حساب کیسے لگایا جاتا ہے؟

جدید
شائع کردہ Aug 12, 2022اپڈیٹ کردہ Nov 16, 2023
5m

TL؛DR

خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطوحات دو بنیادی تصورات ہیں جن پر کئی ٹریڈرز انحصار کرتے ہیں تاکہ وہ اپنی خطرہ برداشت کرنے کی صلاحیت کے لحاظ سے اپنی خروج کی حکمت عملیوں کا تعین کر سکیں۔ یہ حدود روایتی اور کرپٹو دونوں مارکیٹس میں استعمال ہوتی ہیں، اور خاص طور پر ان ٹریڈرز میں مقبول ہیں جو تکنیکی تجزیہ استعمال کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

تعارف

مارکیٹ کی ٹائمنگ ایک ایسی حکمت عملی ہے جہاں سرمایہ کاران اور ٹریڈرز مارکیٹ میں مستقبل کی قیممتوں کا اندازہ لگانے کی کوشش کرتے ہیں اور اثاثوں کو خریدنے یا بیچنے کے لیے قیمت کی بہترین سطح تلاش کرتے ہیں۔ اس نقطہ نظر کے تحت، یہ جاننا ضروری ہوتا ہے کہ مارکیٹ سے کب خارج ہونا ہے۔ یہی وہ مقام ہے جہاں خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطوحات عمل میں آتی ہیں۔ 

خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطوحات قیمت کے وہ اہداف ہیں جو ٹریڈرز پیشگی طور پر اپنے لیے سیٹ کر لیتے ہیں۔ اکثر اوقات ایک منظم ٹریڈر کی جانب سے خروج کی حکمت عملی کے حصے کے طور پر استعمال کی جانی والی یہ پہلے سے معینہ سطوحات اس طریقے سے ڈیزائن کی گئی ہیں، کہ جذباتی ٹریڈنگ کو کم سے کم رکھا جائے، نیز یہ خطرے کی نظم کاری کے لیے بھی ناگزیر ہیں۔

خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطوحات

خسارہ روکنے (SL) کی سطح کسی اثاثے کی پیشگی طور پر متعین کردہ قیمت ہوتی ہے، جو موجودہ قیمت سے کم ہوتی ہے، جس پر پہنچنے کے بعد پوزیشن بند ہو جاتی ہے تاکہ اس پوزیشن پر سرمایہ کار کے خسارے کو محدود کیا جا سکے۔ اس کے برعکس، منافع لینے کی (TP) سطح پہلے سے متعین کردہ قیمت ہے جس پر ٹریڈرز کسی منافع بخش پوزیشن کو بند کرتے ہیں۔

حقیقی وقت میں مارکیٹ آرڈرز کو استعمال کرنے کی بجائے، ٹریڈرز مارکیٹس کی 24/7 نگرانی کیے بغیر خودکار فروخت کو متحرک کرنے کے لیے ان سطحوں کو سیٹ کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، Binance Futures میں ایک اسٹاپ آرڈر کا فنکشن موجود ہوتا ہے، جو خسارہ روکنے اور منافع لینے کے آرڈرز کو باہم یکجا کرتا ہے۔۔ جب آرڈر دیا جاتا ہے، تو یہ سسٹم ٹریگر قیمت کی سطحوں اور اختتامی قیمت یا نقطہء قیمت کی بنیاد پر اس بات کا فیصلہ کرتا ہے کہ آیا یہ آرڈر خسارہ روکنے پر مشتمل ہے یا منافع لینے پر۔ 

خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطوحات کیوں استعمال کی جاتی ہیں؟

خطرے کی نظم کاری پر عمل درآمد کریں

SL اور TP کی سطحیں مارکیٹ کی موجودہ حرکات کی عکاسی کرتی ہیں، اور وہ لوگ جو اس بارے میں جانتے ہوں کہ اپنی بہترین اقدار کی درست طریقے سے شناخت کیسے کی جاتی ہے، وہ لازماً سازگار ٹریڈنگ کے مواقع اور خطرے کی قابل قبول سطحوں کی نشاندہی بھی کر لیتے ہیں۔ SL اور TP کی سطحوں کو استعمال کرتے ہوئے خطرے کا اندازہ لگانا آپ کے پورٹ فولیو کو محفوظ رکھنے اور اس کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ آپ کم خطرے پر مبنی ٹریڈز کو ترجیح دیتے ہوئے نہ صرف اپنی ہولڈنگز کو منظم طریقے سے محفوظ کرتے ہیں، بلکہ آپ اپنے پورٹ فولیو کو مکمل طور پر ختم ہونے سے بھی روک رہے ہوتے ہیں۔ اسی لیے، بہت سے ٹریڈرز اپنی خطرے کی نظم کاری کی حکمت عملیوں میں SL اور TP کی سطوحات کو استعمال کرتے ہیں۔

جذباتی ٹریڈنگ کی روک تھام

کسی بھی وقت میں کسی شخص کی جذباتی کیفیت فیصلہ سازی کے عمل کو از حد متاثر کر سکتی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ بعض ٹریڈرز تناؤ، خوف، لالچ، یا دیگر طاقتور جذبات کے تحت ٹریڈنگ سے بچنے کے لیے پہلے سے طے شدہ حکمت عملی پر انحصار کرتے ہیں۔ پوزیشن بند کرنے کے وقت کو پہچان لینے سے آپ غیر متوقع ٹریڈنگ سے بچ سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں آپ پریشانی کی بجائے مناسب حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے اپنی ٹریڈز کی نظم کاری کر سکتے ہیں۔  

خطرے سے انعام کے تناسب کا حساب لگائیں

خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطحوں کو کسی ٹریڈ میں خطرے سے انعام کے تناسب کا حساب لگانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

خطرے سے انعام کے تناسب سے مراد ممکنہ انعامات حاصل کرنے کے لیے مول لیے جانے والے خطرے کی پیمائش ہے۔ عام طور پر، ایسی ٹریڈز میں داخل ہونا بہتر رہتا ہے جہاں خطرے سے انعام کا تناسب کم ہو، کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ آپ کا ممکنہ منافع ممکنہ خطرات سے زیادہ ہو گا۔ 

آپ اس فارمولے کے ذریعے خطرے سے انعام کے تناسب کا حساب لگا سکتے ہیں:

خطرے سے انعام کا تناسب = (ابتدائی قیمت - خسارہ روکنے کی قیمت) / (منافع لینے کی قیمت - ابتدائی قیمت)

خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطوحات کا حساب کیسے لگایا جاتا ہے

ایسے مختلف طریقے موجود ہیں جن کو استعمال کرتے ہوئے ٹریڈرز خسارہ روکنے اور منافع لینے کی بہترین سطح کا تعین کر سکتے ہیں۔ ان طریقوں کو آزادانہ طور پر یا دوسرے طریقوں کے ساتھ باہم یکجا کرتے ہوئے استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن ان کا حتمی مقصد اب بھی ایک ہی ہوتا ہے: کسی پوزیشن کو بند کرنے کے وقت کے حوالے سے مزید باخبر فیصلے کرنے کے لیے پہلے سے موجود ڈیٹا کو استعمال کرنا۔

معاونت اور مزاحمت کی سطحیں

معاونت اور مزاحمت ایسے بنیادی تصورات ہیں جن سے روایتی اور کرپٹو مارکیٹس کا ہر تکنیکی ٹریڈر آگاہ ہوتا ہے۔ 

معاونت اور مزاحمت کی سطحیں قیمت کے چارٹ کے وہ حصے ہیں جہاں ٹریڈنگ کی سرگرمیوں میں اضافے کا امکان زیادہ ہوتا ہے، خواہ وہ خرید و فروخت میں سے کچھ بھی ہو۔ معاونت کی سطحوں پر، خریداری کی سرگرمی میں اضافے کی وجہ سے گھٹتے رجحانات کے رکنے کی توقع ہوتی ہے۔ مزاحمتی سطحوں پر، فروخت کی سرگرمی میں اضافے کی وجہ سے بڑھتے رجحانات کے رکنے کی توقع ہوتی ہے۔

ایسے ٹریڈرز جو یہ طریقہ استعمال کرتے ہیں وہ عام طور پر اپنی منافع لینے کی سطح کو معاونتی سطح کے عین اوپر اور خسارہ روکنے کی سطح کو اپنی شناخت کردہ مزاحمتی سطح کے بالکل نیچے سیٹ کرتے ہیں۔

یہاں معاونت اور مزاحمت کی بنیادی باتوں کے بارے میں تفصیلی وضاحت موجود ہے۔

متحرک اوسطیں

یہ تکنیکی اشارہ مارکیٹ کے شور کو فلٹر کرتا ہے اور رجحان کی سمت پیش کرنے کے لیے قیمت کی حرکات کے ڈیٹا کو ہموار بناتا ہے۔ 

مختصر یا طویل مدت کے لیے متحرک اوسطوں (MA) کا حساب لگایا جا سکتا ہے، جس کا دارومدار ٹریڈرز کی انفرادی کارکردگیوں پر ہوتا ہے۔ ٹریڈرز باریک بینی سے متحرک اوسطوں کی نگرانی کرتے ہیں، اور جہاں کسی چارٹ پر دو مختلف MAs کراس کرتے ہیں، وہاں یہ کراس اوور سگنلز کی صورت میں خریدنے یا بیچنے کے بہترین مواقع تلاش کرتے ہیں۔ آپ متحرک اوسطوں کے بارے میں تفصیل سے پڑھ سکتے ہیں۔

عام طور پر، MA کو استعمال کرنے والے ٹریڈرز طویل مدتی متحرک اوسط کے نیچے خسارہ روکنے کی سطح کی نشاندہی کر لیتے ہیں۔ 

فیصدی طریقہ کار

بعض ٹریڈرز تکنیکی اشاروں کو استعمال کرتے ہوئے پہلے سے متعین کردہ سطح کا حساب لگانے کی بجائے، SL اور TP کی سطحوں کا تعین کرنے کے لیے مقررہ فیصد کو استعمال کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، جب کسی اثاثے کی قیمت ابتدائی قیمت سے 5% زیادہ یا کم ہو جائے، تو وہ اپنی پوزیشن بند کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ یہ ایک سیدھا سادا طریقہ ہے جو ان ٹریڈرز کے لیے بہتر انداز میں کام کرتا ہے جو تکنیکی اشاروں کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے۔

دیگر اشارے

ہم نے SL اور TP کی سطحوں کو قائم کرنے کے لیے استعمال ہونے والے چند عام TA ٹولز کا ذکر کیا ہے، لیکن ٹریڈرز اس کے علاوہ بھی کئی اشاروں کو استعمال کرتے ہیں۔ ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں، متعلقہ طاقت کا انڈیکس (RSI)، جو کہ حرکت پر مبنی ایک ایسا اشارہ ہے جو نشاندہی کرتا ہے کہ آیا کوئی اثاثہ ضرورت سے زیادہ خریدا گیا ہے یا ضرورت سے زیادہ فروخت شدہ ہے، بولینجر بینڈز (BB)، جو مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کی پیمائش کرتے ہیں، اور متحرک اوسط کی مطابقت و تضاد (MACD)، جو ڈیٹا پوائنٹس کے طور پر توضیحی متحرک اوسطوں کو استعمال کرتا ہے۔

اختتامی خیالات

بہت سے ٹریڈرز اور سرمایہ کار خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطحوں کا حساب لگانے کے لیے مندرجہ بالا طریقوں میں سے کوئی ایک یا ان کا مجموعہ استعمال کرتے ہیں۔ یہ سطحیں ان کے ٹریڈ سے خارج ہونے کے لیے تکنیکی محرکات کی حیثیت سے کام کرتی ہیں، خواہ وہ نقصان پر مبنی پوزیشن کو ترک کرنا یا ممکنہ منافعے کا ادراک ہو۔ یہ چیز مدنظر رہے کہ ہر ٹریڈر کے لیے یہ سطحیں منفرد ہوتی ہیں اور کامیاب کارکردگی کی ضمانت نہیں دیتیں۔  اس کے بجائے، وہ فیصلہ سازی کے عمل میں رہنمائی کرتی ہیں، اور اسے زیادہ منظم اور مضبوط بناتی ہیں۔ لہٰذا، خسارہ روکنے اور منافع لینے کی سطحوں کو پہچانتے ہوئے خطرے کا جائزہ لینا یا خطرے کی نظم کاری کی دیگر حکمت عملیوں کو استعمال کرنا ٹریڈنگ میں ایک اچھی عادت سمجھی جاتی ہے۔