تعارف
ایسے بہت سے افراد جو Bitcoin میں سرمایہ کاری کرتے ہیں – یا جو ابتدائی کوائن کی آفر (ICO) کے ایونٹس میں شرکت کرتے ہیں – عموماً دو چیزوں کے بارے میں فکر مند ہوتے ہیں۔ پہلا، سرمایہ کاری کی واپسی (ROI)، جو کہ ان منافعوں کو ظاہر کرتی ہے جنہیں وہ اپنی ابتدائی سرمایہ کاری سے حاصل کریں گے۔ اس کے بعد، دوسرا مسئلہ، جو کہ سرمایہ کاری میں شامل خطرے کی مقدار سے متعلق ہے۔ جب خطرات بہت زیادہ ہوتے ہیں، سرمایہ کاروں کا اپنی ابتدائی سرمایہ کاری (جزوی یا مکمل طور پر) کھونے کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے، جو کہ منفی ROI کا باعث بن سکتا ہے۔
قدرتی طور پر، سرمایہ کاری کے ساتھ کسی حد تک خطرہ شامل ہوتا ہے۔ تاہم، ان صورتوں میں خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے جہاں سرمایہ کار غیر متوقع طور پر پونزی یا پیرامڈ اسکیمز میں شامل ہو جاتے ہیں، جو کہ اکثر ممالک میں غیر قانونی ہے۔ لہٰذا، ان اسکیمز کی شناخت کرنے کے قابل ہونا اور ان کے کام کرنے کے طریقہ کار کو سمجھنا نہایت اہم ہے۔
پونزی اسکیم کیا ہے؟
پونزی اسکیمز کا نام Charles Ponzi کے نام پر رکھا گیا، ایک اطالوی جعلساز جس نے شمالی امریکہ ہجرت کی اور دھوکہ دہی سے پیسہ بنانے کے اپنے سسٹم کے باعث مشہور ہوا۔ 1920 کے اوائل میں، پونزی ہزاروں افراد کو دھوکہ دینے میں کامیاب ہوا اور اس کی اسکیم – جو کہ ایک سال سے زائد عرصے تک کام کرتی رہی۔ بنیادی طور پر، پونزی اسکیم دھوکہ دہی پر مبنی سرمایہ کاری کی جعل سازی ہے جو کہ نئے سرمایہ کاروں سے رقم اکھٹی کر کے پرانے سرمایہ کاروں کو ادائیگی کرتے ہوئے کام کرتی ہے۔ اس اسکیم میں یہ مسئلہ ہے کہ بیک اینڈ پر موجود سرمایہ کاروں کو قطعاً ادائیگی نہیں کی جاتی۔
جاری پونزی اسکیم کچھ اس طرح نظر آئے گی:
سرمایہ کاری کے مواقع کا تشہیر کار سرمایہ کار سے $1000 وصول کرتا ہے۔ وہ مقررہ مدت کے اختتام پر (مثلاً، 90 دن) 10% سود کے ساتھ ابتدائی مالیت کی دوبارہ ادائیگی کا وعدہ کرتا ہے۔
90 دنوں کی مدت مکمل ہونے سے قبل تشہیر کار دو اضافی سرمایہ کاروں کو شامل کرنے کے قابل ہوتا ہے۔ پھر وہ دوسرے اور تیسرے سرمایہ کاروں سے حاصل کردہ $2000 میں سے $1100 ڈالر پہلے سرمایہ کار کو ادا کرے گا۔ وہ ممکنہ طور پر پہلے سرمایہ کار کو دوبارہ $1000 کی سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب بھی دیں گے۔
جعلساز نئے سرمایہ کاروں سے رقم لے کر، پرانے سرمایہ کاروں کو وعدے کے مطابق ادائیگی کرنے کے قابل ہو جاتا ہے، جبکہ انہیں دوبارہ سرمایہ کاری کرنے اور مزید لوگوں کو دعوت دینے پر آمادہ کرتا ہے۔
جیسے سسٹم بڑھتا جاتا ہے، تشہیر کار کو اسکیم میں شامل کرنے کے لیے مزید نئے سرمایہ کاروں کی ضرورت ہوتی ہے۔ بصورت دیگر، وہ وعدے کے مطابق واپس ادائیگی کرنے کے قابل نہیں ہو گا۔
حتمی طور پر، اسکیم غیر مستحکم ہو جاتی ہے اور تشہیر کار پکڑا جاتا ہے یا اپنے پاس موجود رقم کے ساتھ فرار ہو جاتا ہے۔
پیرامڈ اسکیم کیا ہے؟
پیرامڈ اسکیم (یا پیرامڈ جعلسازی) کاروباری سیکٹر میں اس ماڈل کے طور پر کام کرتی ہے جو کہ ایسے ممبرز کے لیے ادائیگیوں اور انعامات کا وعدہ کرتا ہے جو نہ صرف اسکیم میں شامل ہوتے ہیں بلکہ نئے ممبرز کا اندراج کرنے میں بھی کامیاب ہوتے ہیں۔
مثلاً، ایک جعلساز تشہیر کار Alice اور Bob کو ایسے مواقع کی پیشکش کرتا ہے تاکہ وہ دونوں $1000 کے عوض ڈسٹریبیوٹرشپ کے حقوق خرید سکیں۔ لہٰذا اب ان کے پاس از خود ڈسٹریبیوٹرشپس بیچنے کا حق موجود ہے، نیز وہ ہر اضافی ممبر سے شیئر حاصل کرتے ہیں جسے وہ شامل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اپنی ذاتی ڈسٹریبیوٹرشپس کی سیلز سے جمع کردہ $1000 کو پھر تشہیر کار کے ساتھ 50/50 کے تناسب میں شیئر کیا جاتا ہے۔
اوپر بتائی گئی صورت میں، Alice اور Bob کو نصف تقسیم کرنے کے لیے دو ڈسٹریبیوٹرشپس کو بیچنا ہو گا، کیوںکہ وہ ایک سیل پر $500 کماتے ہیں۔ ابتدائی سرمایہ کاری کی تلافی کرنے کے لیے دو ڈسٹریبیوٹرشپس بیچنے کی ذمہ داری پھر ان کے صارفین پر عائد کر دی جاتی ہے۔ اسکیم حتمی طور پر ختم ہو جاتی ہے کیوںکہ کارروائی جاری رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ممبران کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسکیم کی غیر مستحکم پیش رفت پیرامڈ اسکیم کو غیر قانونی بناتی ہے۔
اکثر پیرامڈ اسکیمز پروڈکٹ یا سروس کی پیشکش نہیں کرتی اور انہیں صرف نئے ممبرز کی شمولیت سے حاصل کی جانے والی رقم سے انجام دیا جاتا ہے۔ تاہم، چند پیرامڈ اسکیمز کو مجاز ملٹی لیول مارکیٹنگ (MLM) کمپنی کے طور پیش کیا جا سکتا ہے جو کہ کوئی سروس یا پروڈکٹ بیچنے کا دعویٰ کرتی ہے۔ لیکن وہ عموماً ایسا صرف اپنی بنیادی دھوکہ دہی کی سرگرمی کو چھپانے کے لیے کرتی ہیں۔ لہٰذا، مشکوک افعال انجام دینے والی متعدد MLM کمپنیاں پیرامڈ ماڈلز استعمال کر رہی ہیں، لیکن ساری MLM کمپنیاں جعلساز نہیں ہیں۔
پونزی بمقابلہ پیرامڈ
مماثلات
دونوں مالیاتی فراڈ کی اقسام ہیں جو کہ متاثرہ افراد کو منافع کے ساتھ واپس ادائیگی کا وعدہ کر کے رقم کی سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرتی ہیں۔
دونوں کو کامیاب اور فعال رہنے کے لیے باقاعدگی کے ساتھ نئے سرمایہ کاروں کی رقم کی ضرورت ہوتی ہے۔
عموماً، یہ اسکیمز حقیقی پروڈکٹس یا سروسز کی پیشکش نہیں کرتی۔
فرق
پونزی اسکیمز کو عموماً سرمایہ کاری کی نظم کاری کی سروسز کے طور پر ظاہر کیا جاتا ہے، جہاں شرکت کنندگان کو لگتا ہے کہ مستقبل میں ان کو موصول ہونے والا نفع مجاز سرمایہ کاری کا نتیجہ ہو گا۔ جعلساز بنیادی طور پر ایک سرمایہ کار کو ادائیگی کرنے کے لیے دوسرے کی چوری کرتا ہے۔
پیرامڈ اسکیمز نیٹ ورک مارکیٹنگ پر منحصر ہوتی ہیں اور شرکت کنندگان سے مطالبہ کرتی ہیں کہ وہ رقم کمانے کے لیے نئے ممبران کو شامل کریں۔ لہٰذا، ہر شرکت کنندہ پیرامڈ پر رقم بھیجنے سے قبل کمیشن حاصل کرتا ہے۔
خود کو کیسے محفوظ رکھیں
محتاط رہیں۔ سرمایہ کاری کا موقع جو کم سرمایہ کاری کے ساتھ فوری اور زیادہ ادائیگیوں کا وعدہ کرتا ہے، ممکنہ طور پر بددیانت ہوتا ہے۔ یہ خاص طور پر اس وقت سچ ہوتا ہے جب کسی چیز میں سرمایہ کاری کرنا مکمل طور پر نیا اور سمجھ سے بالاتر ہو۔ اگر یہ انتہائی غیر معمولی معلوم ہو، تو ایسا ہو سکتا ہے۔
غیر مطلوبہ مواقعوں سے ہوشیار رہیں۔ طویل المدتی سرمایہ کاری کے مواقع میں حصہ لینے کا غیر متوقع دعوت نامہ عموماً ایک انتباہ ہوتی ہے۔
سیلر کی تفتیش کریں۔ سرمایہ کاری کی تشہیر کرنے والے ادارے کی تفتیش کرنی چاہیئے۔ مقبول مالیاتی مشیر، بروکر، یا بروکیج کمپنی کو متعلقہ حکومتی اداروں کی جانب سے رجسٹر کیا جائے گا اور ان کی نگرانی کی جائے گی۔
بھروسہ نہ کریں۔ توثیق کریں۔ مجاز سرمایہ کاریوں کو قانونی طور پر رجسٹر ہونا چاہیئے۔ سب سے پہلا عمل رجسٹریشن کی معلومات کے بارے میں پوچھنا ہے۔ اگر سرمایہ کاری کا موقع رجسٹر نہیں ہے، تو ایک بہتر اور معقول وضاحت فراہم کی جانے چاہیئے۔
یقینی بنائیں کہ آپ سرمایہ کاری کو سمجھتے ہیں۔ آپ کو اس چیز میں کبھی بھی سرمایہ کاری نہیں کرنی چاہیئے جس سے آپ مکمل طور پر واقف نہ ہوں۔ دستیاب ذرائع کے استعمال کو یقینی بنائیں اور سرمایہ کاری کے خفیہ مواقعوں کے حوالے سے نہایت محتاط رہیں۔
رپورٹ کریں۔ جب بھی سرمایہ کار پیرامڈ یا پونزی اسکیم کا سامنا کرتا ہے، تو متعلقہ حکام کو ان کی رپورٹ کرنا اہم ہے۔ یہ مستقبل میں سرمایہ کاروں کو اسی جعلسازی کا شکار ہونے سے بچنے میں مدد دے گا۔
کیا Bitcoin پیرامڈ اسکیم کیا ہے؟
کچھ لوگوں کے مطابق Bitcoin ایک بڑی پیرامڈ اسکیم ہو سکتا ہے، لیکن یہ درست نہیں ہے۔ Bitcoin محض رقم ہے۔ یہ ایک غیر مرکزی ڈیجیٹل کرنسی ہے جو کہ شماریاتی الگورتھمز اور کرپٹو گرافی کی جانب سے محفوظ شدہ ہے، اور یہ کہ اسے اشیاء اور سروسز خریدنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ فیاٹ رقم کی طرح، کرپٹو کرنسیز کو بھی پیرامڈ اسکیمز (یا کوئی دیگر خلاف قانون سرگرمی) میں استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ کرپٹو یا فیاٹ کرنسیز پیرامڈ اسکیمز ہیں۔