TL;DR
Bitcoin اور دیگر کئی بلاک چین نیٹ ورکس کرپٹو کرنسی مائننگ کے لیے پروف آف ورک (PoW) کے معاہداتی الگورتھم کو استعمال کرتے ہیں۔ کرپٹو کرنسی کو مائن کرنے کے بہت سے ممکنہ طریقے ہیں؛ یہ اکیلے بھی کی جا سکتی ہے، یا دیگر کے ساتھ مل کر بھی ہو سکتی ہے۔ آپ خصوصی مائننگ کمپیوٹرز یا گھر میں موجود اپنے ذاتی کمپیوٹر جیسی ڈیوائسز کو بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اگرچہ کوئی بھی شخص مائنر بن سکتا ہے، لیکن یہ ہر ایک کے لیے منافع بخش نہیں ہوتا۔ مائننگ کی شروعات سے قبل، اس کے مطالعے، درست ڈیوائسز اور پروگرامز کے انتخاب، اور کچھ عملی جوڑ توڑ کی ضرورت پیش آتی ہے۔
تعارف
کرپٹو کرنسی کی مائننگ شروع کرنے سے پہلے، ہر شخص کو تھوڑی بہت تحقیق کر لینی چاہیئے۔ کیونکہ ہو سکتا ہے مختلف پروٹوکولز کو منفرد ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کی ضرورت پیش آئے۔ اگرچہ مائننگ اپنے ممکنہ بڑے انعامات کی وجہ سے مختلف لوگوں کو کرپٹو کرنسی کے ایکو سسٹم کی جانب راغب کرتی ہے، یہ انہیں اس قابل بھی بناتی ہے کہ وہ غیر مرکزی بلاک چینز کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔
کرپٹو کرنسی کی مائننگ کافی تکنیکی موضوع ہے، اور اسے کرنے کے ایک سے زائد طریقے موجود ہیں۔ یہ آرٹیکل اس موضوع پر روشنی ڈالے گا اور اس سے متعلق زیادہ عملی رہنمائی مہیا کرے گا۔
کرپٹو کرنسی کی مائننگ کیا ہے؟
بلاک چین نیٹ ورکس ٹرانزیکشنز کے نئے بلاکس کی توثیق کرنے اور نیٹ ورک کو محفوظ بنانے کے لیے مائننگ کو استعمال کرتے ہیں۔ اس عمل میں، مائنرز کہلائے جانے والے افراد کرپٹو کرنسیز کے نئے یونٹس بنانے کے لیے خاطر خواہ مقدار میں کمپیوٹیشنل وسائل کو استعمال میں لاتے ہیں، جو ان کی پہلے سے موجود گردشی سپلائی میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔
Bitcoin، Litecoin (LTC) اور دیگر کئی بلاک چین نیٹ ورکس کرپٹو کرنسی مائننگ کے لیے پروف آف ورک (PoW) کے معاہداتی الگورتھم کو استعمال کرتے ہیں۔ PoW اس بات کا تعین کرتا ہے کہ کیسے کوئی بلاک چین نیٹ ورک فریق ثالث کے ثالثین کے بغیر تمام تقسیم شدہ شرکاء کے ساتھ اتفاق رائے پر پہنچتا ہے۔ مزید برآں، یہ دوہرے خرچ کے مسئلے کو بھی حل کرتا ہے جس کے نتیجے میں نیٹ ورک کے شرکاء یکساں فنڈز کو ایک سے زائد بار استعمال کرنے سے بچ سکتے ہیں۔
PoW نیٹ ورک میں ڈیزائن کے لحاظ سے عمدہ شرکت کو فروغ دیتا ہے۔ اگلے بلاک کو مائن کرنے کا حق حاصل کرنے کے لیے مائنرز مائننگ ہارڈ ویئر کے ساتھ پیچیدہ کرپٹو گرافک پزلز کو حل کرتے ہوئے باہم مسابقت کرتے ہیں۔ اس پہلے مائنر کو انعامات ملتے ہیں جو کوئی موثر حل تلاش اور اپنی ٹرانزیکشنز کے بلاک کی تصدیق کر لیتا ہے۔ لہٰذا، اس عمل میں کوشش درکار ہوتی ہے اور یہ مہنگا ہے، لیکن یہ کام کے عوض صلے کی پیشکش بھی کرتا ہے۔
PoW مائننگ کسی بلاک چین نیٹ ورک کو زیادہ غیر مرکزی بھی بناتی ہے۔ ایک بلاک چین غیر مرکزی لیجر کے طور پر کام کر سکتا ہے کیونکہ دنیا بھر میں لاتعداد تقسیم شدہ کمپیوٹرز (نوڈز) اسے برقرار رکھتے ہیں۔ اس لیے ایک ہی ڈیٹا بیس رکھنے کے بجائے، یہ باہم مربوط کردہ کمپیوٹرز بلاک چین ڈیٹا کی ایک کاپی کو برقرار رکھتے ہیں اور بلاک چین کی درست حالت کو مسلسل یقینی بنانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ مواصلت کرتے ہیں۔
تاہم، 51% حملے کے ساتھ کسی بلاک چین میں مداخلت کرنا ممکن ہے۔ اگرچہ عمومی تناظر میں، بالخصوص بڑے بلاک چین نیٹ ورکس کی صورت میں، اس بات کا امکان نہایت کم ہے کہ کوئی ایک ادارہ یا تنظیم نیٹ ورک کی 50% کمپیوٹنگ طاقت پر قابو پا لے۔ اس قدر مائننگ کی طاقت حملہ آور کو موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ ٹرانزیکشنز کی ترتیب کو جان بوجھ کر خارج یا تبدیل کر دیں، اور وہ اپنی ذاتی ٹرانزیکشنز کو واپس بھی لے سکتے ہیں۔
کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے تناظر میں ایک اور اہم مسئلہ اس کی پائیداری اور اخراجات کے حوالے سے ہے۔ کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے عمل کے دوران، نہ صرف ہارڈ ویئر بلکہ توانائی کی صورت میں بھی خاطر خواہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے۔ جس کے نتیجے میں، کئی مائنرز، بالخصوص ایسے لوگ جو Bitcoin (BTC) کو مائن کرتے ہیں، بھاری مقدار میں بجلی خرچ کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ، اگر کسی مائنر کو کئی مائننگ رِگز اور سستی بجلی تک رسائی حاصل نہیں تو یہ مائننگ شاید ہی کبھی منافع دے پائے۔
کرپٹو کرنسی کی مائننگ کی اقسام
کسی بلاک کی کامیاب توثیق کی صورت میں مائنرز کو ایک بلاک کا انعام ملتا ہے۔ مائنرز اس نیٹ ورک میں جتنی زیادہ کمپیوٹنگ کی طاقت شامل کرتے ہیں، ان کے اگلے بلاک کی توثیق کرنے کے امکانات اتنے ہی بہتر ہوتے ہیں۔ اس کے باوجود، جیسے ہی مزید مائنرز گیم میں شامل ہوتے ہیں، بلاکس کی توثیق کے لیے درکار کمپیوٹنگ کی طاقت بڑھنا شروع ہو جاتی ہے۔ لہٰذا انفرادی مائنرز کے لیے مائننگ کا عمل خاصا بیش قیمت ثابت ہو سکتا ہے۔
کرپٹو کرنسی کو مائن کرنے کا صرف ایک طریقہ نہیں۔ تو آئیں کچھ اہم طریقوں کو انفرادی طور پر دیکھتے ہیں تاکہ آپ درست طریقے کا انتخاب کر سکیں، اس چیز سے قطع نظر کہ آیا آپ انفرادی طور پر یا اجتماعی طور پر مائن کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ASIC مائننگ
ایپلیکیشن سپیسیفک انٹیگریٹڈ سرکٹس (ASIC) ایسے کمپیوٹرز ہیں جنہیں ایک ہی مقصد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ بعض ASIC مائننگ رِگز مکمل طور پر کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے لیے مختص کردہ ہیں۔
یہ بات ذہن نشین رہے کہ نئے ASIC ماڈلز کی وجہ سے پرانے ڈیزائنز غیر منافع بخش بن جاتے ہیں۔ مزید برآں، ASIC مائنرز کو استعمال کرتے ہوئے ASIC مزاحم کرپٹو کرنسیز کو مائن نہیں کیا جا سکتا۔
GPU مائننگ
ASICs کے برعکس، گرافک پروسیسنگ یونٹس (GPUs) ایک سے زائد کام کر سکتے ہیں۔ روایتی لحاظ سے، ان کا کام گرافکس پر عمل کاری کرنا اور انہیں اسکرین پر پیش کرنا ہے۔ GPU مائننگ کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے شعبے میں کم قیمت پر شمولیت کی پیشکش کرتی ہے کیونکہ صارفین معیاری لیپ ٹاپس جیسے سستے اور عام دستیاب ہارڈ ویئر کے ساتھ اس میں کام کر سکتے ہیں۔ اگرچہ آپ GPUs کے ساتھ کچھ altcoins کو بھی مائن کر سکتے ہیں، تاہم ان کی کارکدگی مائننگ کی دشواری اور الگورتھم پر منحصر ہوتی ہے۔
CPU مائننگ
ایک سینٹرل پراسیسنگ یونٹ (CPU) وہ بنیادی جزو ہے جو کمپیوٹرز کو آپریٹ کرتا ہے۔ CPU مائننگ کرپٹو کرنسی مائن کرنے کے لیے آپ کو اپنے کمپیوٹر سے زائد توانائی کو استعمال کرنے کا موقع دیتی ہے۔ اگرچہ ابتداء میں Bitcoin کو بھی CPU استعمال کرتے ہوئے مائن کیا گیا تھا، تاہم اپنی طاقت کے مسائل کی وجہ سے CPUs کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے لیے اب مزید موثر نہیں ہیں۔
مائننگ پولز
مائننگ پولز سے مراد مائنرز کا ایک ایسا گروپ ہے جو مختلف قوتوں کو باہم ملاتا ہے تاکہ وہ اپنی کمپیوٹنگ کی طاقت کو (جو کہ ہیشنگ کی طاقت یا ہیش ریٹ بھی کہلاتی ہے) یکجا کر سکیں۔ جیسے ہی ان کا نئے بلاکس تلاش کرنے کا امکان بڑھتا ہے، وہ اجتماعی طور پر زیادہ کمائی کر سکتے ہیں اور انعامات شیئر کر سکتے ہیں۔ نسبتاً زیادہ مستحکم اور متوقع نتیجہ حاصل کرنے کے لیے بہت سے مائنرز مائننگ پولز میں شمولیت اختیار کرتے ہیں۔
سولو مائننگ
سولو مائننگ، مائننگ پولز کے برعکس ہے کیونکہ اس میں دیگر شرکاء کی ضرورت نہیں ہوتی۔ سولو مائننگ میں، مائنر اکیلے ہی مائننگ کا عمل انجام دیتا ہے۔ تاہم، بالخصوص بڑی کرپٹو کرنسیز کی صورت میں، مائننگ پولز کی مشترکہ عمل کاری کی وسیع طاقت کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی مسابقت کی وجہ سے، مائنرز کے لیے اس شعبے میں کامیاب ہونا مشکل ہے۔
کلاؤڈ مائننگ
کلاؤڈ مائننگ میں، آپ ایک کلاؤڈ مائننگ فارم سے کمپیوٹیشنل کام کو درآمد کرتے ہیں۔ اس عمل میں آپ عام طور پر کسی اور شخص کو معاوضہ دیتے ہیں کہ وہ آپ کی طرف سے مائن کرے۔ لہذا، یہ چیز مائننگ کے عمل کو شروع کرنا آسان بنا سکتی ہے کیونکہ اسے کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے لیے کسی مخصوص ہارڈ ویئر کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ، مائنرز کسی ایسی کمپنی سے کمپیوٹنگ کی طاقت کرایہ پر لیتے ہیں جو دنیا میں کہیں بھی واقع ہوسکتی ہے، جس کا مطلب ہے کہ اس میں بجلی کے بلز یا اسٹوریج کے حوالے سے مسائل بھی نہیں ہوں گے۔ تاہم، یہ آپشن انتہائی خطرناک ہے کیونکہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ آپ کو آپ کی سرمایہ کاری کا صلہ ملے گا۔ ان میں سے کئی سروسز دھوکہ بھی ثابت ہو چکی ہیں۔
کرپٹو کیسے مائن کریں؟
مائننگ کے عمل میں اضافی آمدنی کا ذریعہ بننے کی صلاحیت موجود ہے۔ آپ اپنی ذاتی صوابدید پر مائننگ شروع کرنے کے لیے اس مرحلہ وار جائزے کے ہدایت نامے پر عمل کر سکتے ہیں۔ تاہم، یہ بات ذہن نشین رہے کہ مائننگ کے کئی طریقے اور تکنیکیں موجود ہیں۔ لہٰذا، ہو سکتا ہے یہ مراحل مائننگ کے بعض طریقوں کے لیے کارآمد نہ ہوں، اور دیگر میں اضافی اقدامات کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔
مزید، یہ بھی نوٹ کریں کہ مائننگ ہمیشہ کوئی آسان یا منافع بخش کوشش نہیں ہوتی کیونکہ یہ کرپٹو کی تغیر پذیر قیمتوں اور توانائی کے بدلتے ہوئے اخراجات کے رحم و کرم پر ہو سکتی ہے۔ یہ آپ سے تقاضا کرتی ہے کہ آپ مائننگ ڈیوائسز کی درست تشکیل کاری کریں اور ابتدائی سرمایہ کاری کے علاوہ بھی کچھ اخراجات کا تقاضا کرتی ہے تاکہ کام کو جاری رکھا جا سکے۔
1. اپنی کرپٹو کرنسی منتخب کریں
کرپٹو کرنسیز کی مائننگ کی دشواری مختلف ہوتی ہے۔ اس دشواری سے مراد وہ محنت ہے جو نیٹ ورک کو کوئی بلاک مائن کرنے کے لیے درکار ہوتی ہے۔ جتنے زیادہ مائنرز نیٹ ورک میں شامل ہوتے ہیں، مسابقت اتنی ہی بڑھ جاتی ہے، جو کہ ہیشنگ میں دشواری کا سبب بنتی ہے۔ اس کے برعکس، جب مائنرز نیٹ ورک کو چھوڑ دیتے ہیں، تو نیا بلاک تخلیق کرنے کے عمل کو آسان بناتے ہوئے، ہیشنگ کی دشواری کم ہو جائے گی۔
سب سے بڑی کرپٹو کرنسیز نے ایسی شرائط لاگو کر رکھی ہیں جنہیں پورا کرنا انتہائی مشکل ہے، اور اسی لیے انفرادی مائنرز کے لیے ان سے آمدنی کمانا کافی مشکل ہے۔ اسی وجہ سے، Bitcoin کے مائنرز مضبوط ASICs اور مائننگ پولز کو استعمال کرتے ہیں تاکہ اپنے انعام حاصل کرنے کے مواقع بڑھا سکیں۔
Bitcoin کے علاوہ پروف آف ورک (PoW) کی دیگر کرپٹو کرنسیز جیسے کہ Dogecoin اور Ethereum Classic کو عام طور پر مائن کیا جا سکتا۔ Altcoin کے نیٹ ورکس پر اس قدر رش نہ ہو اور یہ چھوٹے مائنرز کے لیے بہتر امکانات کی پیشکش کرتے ہیں۔ Altcoins کی غیر مستعمل استعداد کی وجہ سے ان میں ترقی کے زیادہ مواقع ہو سکتے ہیں۔ مزید برآں، مائنرز کم توانائی استعمال کرنے والے مائننگ کے آپشنز کو استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ انہیں اتنی کمپیوٹیشنل طاقت کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔
تاہم، یہ بات مدِ نظر رہے کہ altcoin کی مائننگ زیادہ تغیر پذیر ہو سکتی ہے۔ یا، اس سے بھی خراب صورتحال میں، پروٹوکول ہیک یا بندش کا شکار ہو سکتا ہے، اور ٹوکنز بیکار ہو سکتے ہیں۔ مزید یہ بھی کہ، ہو سکتا ہے مخصوص کرپٹو کرنسیز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے سبب آپ کو مائننگ رِگز کی از سرِ نو تجدید کرنا پڑے اور اس سے زیادہ رقم خرچ کرنی پڑے کہ جتنی آپ نے ابتدا میں منصوبہ بندی کی تھی۔ مثال کے طور پر، ابتدا میں، مائنرز Bitcoin کی مائننگ کے لیے صرف اپنے لیپ ٹاپ کو استعمال کر سکتے تھے، جو کہ اب ایسا نہیں ہے۔
2. اپنا مائننگ کا ساز و سامان منتخب کریں
کرپٹو کرنسی کی مائننگ ایک قسم کی مسابقت ہے۔ مائننگ کے مقابلے میں، مائنرز طاقتور مائننگ ہارڈویئر سے فائدہ اٹھاتے ہیں کیونکہ ان کے اگلے بلاک کو مائن کرنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ جیسا کہ بیان کیا جا چکا ہے، کہ ASIC مائنرز کو ایک خاص مقصد کی تکمیل کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جو انہیں کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے لیے کے لیے عام طور پر بہترین آپشن بناتا ہے۔ اس کے باوجود، GPUs اب بھی بعض نیٹ ورکس میں کارآمد ہیں، لیکن ان کی کارکردگی کا دارومدار کرپٹو کرنسی کی مائننگ کی دشواری اور الگورتھم پر ہے۔
کچھ ایسی کرپٹو کرنسیز بھی موجود ہیں جن کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کردہ مائننگ رِگز درکار ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر، Helium کا کرپٹو مائنر ریڈیو ٹیکنالوجی کو استعمال کرتا ہے – وائرلیس نیٹ ورک کوریج فراہم کرنے کے لیے ڈیوائس کو غیر محدود نظارے والی جگہ پر انسٹال کیا جاتا ہے۔ لہٰذا، ہمیشہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس کرپٹو کرنسی کے لیے کس قسم کا ہارڈ ویئر ضروری ہے کہ جسے آپ مائن کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
3. ایک کرپٹو والیٹ سیٹ اپ کریں
آپ کو ایک کرپٹو والیٹ کی ضرورت بھی پیش آئے گی تاکہ آپ اس کرپٹو کرنسی کی کلیدوں کو اسٹور کر سکیں جو آپ نے مائننگ کی محنت سے کمائی تھی۔ ایک بار جب آپ مائننگ کے عمل سے کچھ کما لیتے ہیں، تو مائننگ سافٹ ویئر انعامات کو آپ کے متعین کردہ والیٹ ایڈریس میں منتقل کر دے گا۔ مثال کے طور پر، آپ اپنی کرپٹو کو بحفاظت اسٹور کرنے کے لیے ٹرسٹ والیٹ کو استعمال کر سکتے ہیں اور بلاک چینز پر ہزاروں پراجیکٹس سے مربوط ہو سکتے ہیں۔
4. اپنی مائننگ ڈیوائس کی تشکیل کاری کریں
کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے لیے آپ کو مخصوص مائننگ سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت ہو گی۔ اس سافٹ ویئر تک رسائی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ اس کرپٹو کرنسی کی ویب سائٹ ہے جسے آپ مائن کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس طرح، آپ اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ آپ کے پاس کسی مخصوص کرپٹو کرنسی کے لیے درست سافٹ ویئر ہو گا اور جعلی پروگراموں سے بچ سکیں گے۔
مائننگ کے اکثر سافٹ ویئر کو ڈاؤن لوڈ اور استعمال کرنا مفت ہے۔ اس کے علاوہ، بعض کرپٹو کرنسیز میں متعدد سافٹ ویئر موجود ہوتے ہیں جن میں سے کوئی بھی منتخب کیا جا سکتا ہے، اور وہ اکثر اوقات مختلف آپریٹنگ سسٹمز کے لیے دستیاب ہوتے ہیں۔ مائننگ سافٹ ویئر منتخب کرنے سے پہلے ان کے درمیان فرق کو سمجھنے کے لیے اپنی ذاتی تحقیق (DYOR) کر لینا ہمیشہ اچھا رہتا ہے۔
مائننگ ڈیوائس کو سیٹ اپ کرنے میں ایک اور مفید امر بجلی کے اخراجات کی نگرانی کے لیے ایک حکمت عملی تشکیل دینا ہے۔ آپ بجلی کے پچھلے بلز کو چیک اور اس بات کی جانچ کرتے ہوئے آغاز کر سکتے ہیں کہ مائننگ پر کتنا خرچ آئے گا۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ ہو سکتا ہے مائننگ رِگ کی توانائی کی کھپت کی وجہ سے آپ مائننگ سے کمائے گئے پیسوں کے مقابلے میں بجلی پر زیادہ رقم خرچ کر دیں۔
اس کے علاوہ، یاد رکھیں کہ مائننگ رِگز شور کرتی ہیں اور گرم بھی ہو جاتی ہیں۔ اس لیے، انہیں کسی ایسی محفوظ جگہ میں رکھنے پر توجہ دیں جہاں انہیں مناسب حد تک ٹھنڈا کیا جا سکے اور ممکنہ شور کے حوالے سے اپنے ہمسایوں کو مطلع کر دیں۔
5. کسی مائننگ پول میں شامل ہونے پر غور کریں
بطور انفرادی مائنر ہارڈ ویئر اور بجلی کے اخراجات کے ضمن میں مائننگ پولز آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔ چونکہ بلاک کا انعام پہلے کامیاب مائنر کو دیا جاتا ہے، اس لیے اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ سب سے پہلے آپ درست ہیش کا اندازہ لگا سکیں گے۔ مثاال کے طور پر، اگر آپ زیادہ طاقت کی حامل متعدد ASICs بھی چلا لیں تب بھی آپ Bitcoin کی کُل ہیشنگ کی طاقت کا ایک معمولی سا حصہ ہوں گے۔
مائننگ پولز میں مائننگ کی طاقت کا بڑا پول شامل ہوتا ہے، اس لیے اگلے بلاک کو دریافت کرنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں، اگر آپ اپنی ہیشنگ کی طاقت کو کسی مائننگ پول کے ساتھ یکجا کر دیتے ہیں، تو آپ ممکنہ طور پر انفرادی مائننگ کی نسبت زیادہ پیسے کما سکتے ہیں۔
عام طور پر مئننگ پولز میں ایک کوآرڈینیٹر موجود ہوتا ہے جو مائنرز کو منظم کرتا ہے تاکہ ان کی غلطیاں کرنے کا امکان کم ہو۔ مثال کے طور پر، ہیش کی طاقت کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے کوآرڈینیٹرز کو یہ بات یقینی بنانا ہو گی کہ مائنرز مختلف nonce مالیتوں کو استعمال کر رہے ہیں۔ اکثر اوقات، کوآرڈینیٹرز پول کے ہر ممبر کے لیے مائننگ کے انعامات تقسیم کرنے کے بھی ذمہ دار ہوتے ہیں۔
کیا کرپٹو کرنسی کی مائننگ واقعی فائدہ مند ہے؟
اگر لوگ اضافی آمدنی کے ذرائع پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہوں تو مائننگ ان امکانات میں سے ایک ہے جس پر وہ غور کر سکتے ہیں۔ ایک بار جب مائنر درست انداز میں فنکشنز کو سیٹ اپ کر لیتا ہے اور نیٹ ورک سے مربوط ہو جاتا ہے تو یہ کم محنت والا کام بن سکتا ہے۔
لیکن، بلاشبہ یہ مکمل طور پر غیر فعال نہیں ہو گی کیونکہ یہ ہارڈ ویئر کی بحالی، سافٹ ویئر اپڈیٹس، بجلی کے بلز کی ادائیگی وغیرہ جیسے امور کا تقاضا کرے گی۔
تاہم، مائننگ کے غیر فعال ہونے کے باوجود بھی، ضروری نہیں کہ یہ ہمیشہ منافع بخش ہی ہو۔ مثال کے طور پر، بنیادی کرپٹو کرنسی کا اتار چڑھاؤ مائنر کے بجلی کے اخراجات کے مقابلے میں نسبتاً کم مجموعی انعامات کا سبب بن سکتا ہے۔
کسی مائننگ آپریشن کے منافع بخش ہونے کا دارومدار اس کے سائز اور مقام پر ہے۔ مثال کے طور پر، کرپٹو کرنسی مائننگ کے سب سے بڑے فارمز ان ممالک میں واقع ہیں جہاں بجلی کے اخراجات کم ترین ہیں۔ اس کے علاوہ، بعض جگہوں پر بجلی کی قیمتیں بھی متغیر ہوتی ہیں جو مائننگ کے عمل میں خلل پیدا کر سکتی ہیں۔
مائننگ ہارڈ ویئر میں ابتدائی سرمایہ کاری کی وجہ سے، اس میں آپ کے منافع کمانے کا عمل شروع ہونے سے قبل شاید کچھ وقت لگے۔ لہٰذا، ہو سکتا ہے مائننگ کی پہلی مدت میں صرف خرچ ہی واپس آئے۔ اس کے علاوہ، جیسا کہ ہم نے پہلے سیکھا، ہارڈ ویئر پرانا اور ناکارہ ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں اضافی اخراجات درپیش ہو سکتے ہیں۔ لہذا، ابتدائی سرمایہ کاری کے بعد کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے لیے ہارڈ ویئر کی صورت میں مزید سرمایہ کاری کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
بعض لوگ بلاک چینز کی سکیورٹی اور غیر مرکزیت کی معاونت کرنے کے لیے کرپٹو کرنسی کو مائن کرنے کا انتخاب کرتے ہیں۔ بعض اوقات، اس میں منافع کا کوئی ہدف بھی نہیں ہوتا۔
اختتامی خیالات
مائننگ کا عمل بلاک چینز کے لیے ضروری ہے کیونکہ یہ ٹرانزیکشنز کے نئے بلاکس تخلیق اور توثیق کرنے کے علاوہ نیٹ ورک کو محفوظ بنانے میں مدد کرتا ہے۔ اگرچہ کوئی بھی شخص کرپٹو کرنسی کی مائننگ شروع کر سکتا ہے، تاہم پھر بھی اخراجات اور خطرات پر غور کرنا ضروری ہے۔
مائننگ کرتے وقت خاطر حد تک تکنیکی معلومات کی ضرورت بھی پیش آتی ہے، بالخصوص جب آپ اپنا مائننگ کا سامان حاصل اور سیٹ اپ کر رہے ہوں۔ اپنی ذاتی تحقیق کرنا اور اس کرپٹو کرنسی کی خصوصیات کو سمجھنا اہم ہے کہ جسے آپ مائن کرنا چاہتے ہیں۔ مائننگ کے ممکنہ انعامات حاصل کرنے کے لیے آپ کو ایک کرپٹو والیٹ بھی سیٹ اپ کرنے کی ضرورت ہو گی۔
لیکن یاد رکھیں، کہ کرپٹو کا ایکو سسٹم بہت تیزی سے تبدیل ہوتا ہے، لہٰذا اپنی نظر پراجیکٹ میں ہونے والی تبدیلیوں اور اپڈیٹس پر رکھیں کیونکہ وہ کرپٹو کرنسی مائننگ کے طریقہ کار کو تبدیل کر سکتی ہیں۔