تعارف
کرپٹو کرنسی کی ٹریڈنگ سے منافع جات حاصل کرنے کے بے شمار طریقے موجود ہیں۔ ٹریڈنگ کی حکمت عملیاں ان تکنیکوں کو ایک ایسے مربوط فریم ورک کے اندر منظم کرنے میں آپ کی مدد کرتی ہیں جس پر آپ عمل کر سکتے ہیں۔ اس طرح، آپ اپنی کرپٹو کرنسی کی حکمت عملی کی مسلسل نگرانی کر سکتے ہیں اور اسے بہتر بنا سکتے ہیں۔
ٹریڈنگ کی حکمت عملی بناتے وقت آپ کو جن دو اہم مکاتب فکر پر غور کرنے کی ضرورت ہو گی، وہ تکنیکی تجزیہ (TA) اور بنیادی تجزیہ (FA) ہیں۔ ہم اس فرق کو بیان کریں گے کہ ان میں سے کون سا طریقہ کس قسم کی حکمت عملیوں پر لاگو ہوتا ہے، لیکن آگے بڑھنے سے پہلے اس چیز کو یقینی بنائیں کہ آپ ان دونوں تصورات کے مابین فرق کو سمجھتے ہیں۔
چونکہ ٹریڈنگ کی کئی مختلف حکمت عملیاں موجود ہیں، اس لیے ہم صرف ان پر بات کریں گے جو سب سے زیادہ عام ہیں۔ اس آرٹیکل کی بنیادی توجہ کرپٹو کرنسی کی ٹریڈنگ کی حکمت عملیوں پر مرکوز ہے۔ تاہم، یہ دیگر مالیاتی اثاثوں جیسا کہ فاریکس، اسٹاکس، آپشنز، یا سونے جیسی قیمتی دھاتوں پر بھی لاگو ہو سکتی ہیں۔
تو، کیا آپ ٹریڈنگ کے لیے اپنی حکمت عملی مرتب کرنا چاہیں گے؟ یہ آرٹیکل ان بنیادی باتوں میں آپ کی مدد کرے گا کہ آپ کو کرپٹو مارکیٹس پر قیاس آرائی کرنے کے حوالے سے کیا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیئے۔ ٹریڈنگ کی مضبوط حکمت عملی کے ساتھ، اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ آپ اپنی ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری کے اہداف پورے کر لیں گے۔
ٹریڈنگ کی حکمت عملی کیا ہے؟
ہم ٹریڈنگ کی حکمت عملی کو آپ کی ٹریڈنگ کی تمام سرگرمیوں کے لیے ایک جامع منصوبے کی حیثیت سے بیان کر سکتے ہیں۔ یہ ایک ایسا فریم ورک ہے جسے آپ اپنی ٹریڈنگ کی تمام کوششوں میں رہنمائی حاصل کرنے کے لیے بناتے ہیں۔
ٹریڈنگ کا منصوبہ مالیاتی خطرے کو کم کرنے میں بھی مدد کر سکتا ہے، کیونکہ یہ بہت سے غیر ضروری فیصلوں کو ختم کر دیتا ہے۔ اگرچہ ٹریڈنگ کرنے کے لیے ٹریڈنگ کی حکمت عملی کا موجود ہونا لازمی نہیں ہے، تاہم بعض اوقات یہ ازحد مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ اگر مارکیٹ میں کوئی غیر متوقع صورتحال پیدا ہو جاتی ہے (اور ایسا یقیناً ہو گا)، تو آپ کے جذبات کی بجائے – آپ کی ٹریڈنگ کا منصوبے آپ کے رد عمل کا تعین کرے گا۔ بالفاظ دیگر، ٹریڈنگ کے منصوبے کی موجودگی آپ کو ممکنہ نتائج کے لیے تیار کرتی ہے۔ یہ آپ کو عجلت میں ایسے پُرخطر فیصلے کرنے سے روکتی ہے، جو اکثر بڑے مالی نقصانات کا سبب بن جاتے ہیں۔
مثال کے طور پر، ایک جامع ٹریڈنگ کی حکمت عملی میں درج ذیل چیزیں شامل ہو سکتی ہیں:
آپ کس درجے کے اثاثہ جات کی ٹریڈ کرتے ہیں
آپ کون سے سیٹ اپس اختیار کرتے ہیں
آپ کون سے ٹولز اور اشارے استعمال کرتے ہیں
کیا چیز آپ کے داخل اور خارج ہونے کی سرگرمیوں (آپ کے اسٹاپ خسارے کی تقرری) کو متحرک کرتی ہے
کیا چیز آپ کی پوزیشن کے سائز کا تعین کرتی ہے
آپ اپنے پورٹ فولیو کی کارکردگی کی دستاویز سازی اور پیمائش کیسے کرتے ہیں
اس کے علاوہ، آپ کی ٹریڈنگ کے منصوبے میں دیگر عمومی رہنما اصول بھی شامل ہو سکتے ہیں، یہاں تک کہ چند معمولی تفصیلات بھی شامل ہو سکتی ہیں۔ مثلاً، آپ اس چیز کی وضاحت کر سکتے ہیں کہ آپ کسی بھی صورت میں جمعے کو یا پھر اس صورت میں ٹریڈ نہیں کریں گے اگر آپ تھکاوٹ یا نیند محسوس کر رہے ہوں۔ یا پھر آپ ٹریڈنگ کا ایک معمول مرتب کر سکتے ہیں، تاکہ آپ محض ہفتے کے مخصوص دنوں میں ہی ٹریڈ کر سکیں۔ کیا آپ ہفتے کے اختتام پر Bitcoin کی قیمت چیک کرتے رہتے ہیں؟ ہمیشہ ہفتے کے اختتام سے قبل اپنی پوزیشنز کو بند کر دیں۔ اس طرح کا ذاتی ہدایت نامہ بھی آپ کی ٹریڈنگ کی حکمت عملی میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
ٹریڈنگ کی حکمت عملی تیار کرنے میں بیک ٹیسٹنگ اور فارورڈ ٹیسٹنگ کے ذریعے کی جانے والی توثیق بھی شامل ہو سکتی ہے۔ مثال کے طور پر، آپ Binance Futures کے Testnet پر پیپر ٹریڈنگ کو آزما سکتے ہیں۔
اس آرٹیکل میں، ہم ٹریڈنگ کی حکمت عملیوں کی دو اقسام پر غور کریں گے: فعال اور غیر فعال۔
جیسا کہ آپ عنقریب ہی دیکھیں گے، ضروری نہیں کہ ٹریڈنگ کی حکمت عملیوں کی تعریفیں مقرر ہوں، اور وہ ایک دوسرے سے ملتی جلتی ہو سکتی ہیں۔ درحقیقت متعدد حکمت عملیوں کو یکجا کرتے ہوئے، ایک مخلوط نقطۂ نظر پر غور کرنا بھی بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔
ٹریڈنگ کی فعال حکمت عملیاں
فعال حکمت عملیوں میں زیادہ وقت اور توجہ درکار ہوتی ہے۔ ہم انہیں فعال اس لیے کہتے ہیں کیونکہ ان میں مستقل نگرانی اور پورٹ فولیو کی متواتر نظم کاری شامل ہوتی ہے۔
ایک روزہ ٹریڈنگ
ایک روزہ ٹریڈنگ فعال ٹریڈنگ کی سب سے زیادہ مشہور و معروف حکمت عملی ہو سکتی ہے۔ یہ سوچ ایک عام غلط فہمی ہے کہ تمام فعال ٹریڈرز فطری طور پر ایک روزہ ٹریڈرز ہوتے ہیں، در حقیقت ایسا کچھ نہیں ہے۔
ایک روزہ ٹریڈنگ، ایک ہی دن میں پوزیشنز میں داخل اور خارج ہونے پر مشتمل ہوتی ہے۔ در اصل، ایک روزہ ٹریڈز کا مقصد دن کے دوران قیمت میں آنے والی تبدیلی سے فائدہ اٹھانا ہے، یعنی، قیمت کی ایسی تبدیلیاں جو ٹریڈنگ کے ایک دن میں وقوع پذیر ہوتی ہیں۔
"ایک روزہ ٹریڈنگ" کی اصطلاح روایتی مارکیٹس سے آئی ہے، جہاں ٹریڈنگ، محض دن کے مخصوص اوقات میں کھولی جاتی ہے۔ لہٰذا، ان مارکیٹس میں، ٹریڈنگ کا عمل رک جانے پر، ایک روزہ ٹریڈرز کبھی بھی رات بھر کے لیے اپنی پوزیشنز برقرار نہیں رکھتے۔
ڈیجیٹل کرنسی کی ٹریڈنگ کے اکثر پلیٹ فارمز دن میں 24 گھنٹے، سال میں 365 دن کھلے رہتے ہیں۔ لہٰذا، جب کرپٹو مارکیٹس کی بات آتی ہے تو ایک روزہ ٹریڈنگ ذرا مختلف تناظر میں استعمال ہوتی ہے۔ عام طور پر اس سے مراد مختصر مدت پر مبنی ٹریڈنگ کا طریقہ ہے، جہاں ٹریڈرز 24 گھنٹے یا اس سے کم دورانیے کے اندر پوزیشنز میں داخل اور خارج ہوتے ہیں۔
عام طور پر ایک روزہ ٹریڈرز، ٹریڈ کے تصورات قائم کرنے کے لیے قیمت کی حرکات اور تکنیکی تجزیے کو استعمال کریں گے۔ اس کے علاوہ، وہ مارکیٹ کے کمزور پہلو تلاش کرنے کے لیے دیگر کئی تکنیکیں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔
کرپٹو کرنسی کی ایک روزہ ٹریڈنگ بعض لوگوں کے لیے کافی منافع بخش ثابت ہو سکتی ہے، لیکن کبھی کبھار یہ نہایت پریشان کن، اور کٹھن ثابت ہوتی ہے اور اس میں زیادہ خطرہ شامل ہو سکتا ہے۔ اس لیے، زیادہ تجربہ کار ٹریڈرز کو ایک روزہ ٹریڈنگ کی تجویز دی جاتی ہے۔
سوئنگ ٹریڈنگ
سوئنگ ٹریڈنگ طویل مدتی ٹریڈنگ کی ایک ایسی حکمت عملی ہے جو ایک دن سے زائد عرصے تک پوزیشنز کو ہولڈ کرنے پر مشتمل ہوتی ہے لیکن عام طور پر یہ مدت چند ہفتوں یا ایک ماہ سے زیادہ نہیں ہوتی۔ کچھ پہلوؤں سے سوئنگ ٹریڈنگ، ایک روزہ ٹریڈنگ اور رجحان پر مبنی ٹریڈنگ کے بیچ کی چیز ہے۔
عام طور پر سوئنگ ٹریڈرز اتار چڑھاؤ کی ان لہروں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں جنہیں ختم ہونے میں کئی دن یا ہفتے لگ جاتے ہیں۔ سوئنگ ٹریڈرز اپنے ٹریڈ کے تصورات کو قائم کرنے کے لیے تکنیکی اور بنیادی عوامل کو باہم ملاتے ہوئے استعمال کر سکتے ہیں۔ فطری طور پر، بنیادی تبدیلیوں کو ختم ہونے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے، اور یہی وہ مقام ہے جہاں پر بنیادی تجزیہ عمل میں آتا ہے۔ اس کے باوجود، چارٹ پیٹرنز اور تکنیکی اشارے سوئنگ ٹریڈنگ کی حکمت عملی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سوئنگ ٹریڈنگ نوآموز افراد کے لیے فعال ٹریڈنگ کی سب سے زیادہ آسان حکمت عملی ہو سکتی ہے۔ ایک روزہ ٹریڈنگ کی نسبت، سوئنگ ٹریڈنگ کو یہ اہم فائدہ بھی حاصل ہے کہ سوئنگ ٹریڈز کو ختم ہونے میں زیادہ وقت لگتا ہے۔ اس کے باوجود، یہ اس حد تک مختصر ضرور ہوتی ہیں کہ ٹریڈ پر نظر رکھنا زیادہ مشکل نہیں ہوتا۔
اس وجہ سے ٹریڈرز کو اپنے فیصلوں پر غور و فکر کرنے کے لیے زیادہ وقت مل جاتا ہے۔ زیاہ تر صورتوں میں، ان کے پاس اس حوالے سے ردعمل دکھانے کے لیے خاطر خواہ وقت موجود ہوتا ہے کہ ٹریڈ میں کس طرح سے پیش رفت ہو رہی ہے۔ سوئنگ ٹریڈنگ کے ذریعے، فیصلے کم جلد بازی اور زیادہ سمجھداری کے ساتھ کیے جا سکتے ہیں۔ دوسری جانب، ایک روزہ ٹریڈنگ اکثر اوقات فوری فیصلوں اور تیز رفتاری سے عمل درآمد کا مطالبہ کرتی ہے، جو نوآموز افراد کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔
رجحان پر مبنی ٹریڈنگ
رجحان پر مبنی ٹریڈںگ جسے بعض اوقات پوزیشن ٹریڈنگ بھی کہا جاتا ہے، ایک ایسی حکمت عملی ہے جو ایک طویل مدت، عموماً کم از کم چند ماہ کے لیے پوزیشنز کو ہولڈ کرنے پر مشتمل ہوتی ہے۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، رجحان کے ٹریڈرز سمتی رجحانات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ رجحان کے ٹریڈرز بڑھتے رجحان کے دوران لانگ پوزیشن اور گھٹتے رجحان کے دوران شارٹ پوزیشن میں داخل ہو سکتے ہیں۔
رجحان کے ٹریڈرز عام طور پر بنیادی تجزیے کو استعمال کریں گے، لیکن ضروری نہیں کہ ہمیشہ ایسا ہی ہو۔ اس کے باوجود، بنیادی تجزیہ ایسے واقعات پر غور کرتا ہے جن کو پایہ تکمیل تک پہنچنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے – اور یہی وہ حرکات ہیں جن سے رجحان کے ٹریڈرز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
رجحان پر مبنی ٹریڈنگ کی حکمت عملی یہ قیاس کرتی ہے کہ بنیادی اثاثہ رجحان کی سمت میں آگے بڑھتا رہے گا۔ تاہم، رجحان کے ٹریڈرز کو رجحان کے پلٹ جانے کے امکان کو بھی مدنظر رکھنا پڑتا ہے۔ اس لیے، وہ اپنی کامیابی کی شرح کو بڑھانے اور مالی خطرات کو کم کرنے کے لیے اپنی حکمت عملی میں متحرک اوسط، رجحان کی لکیریں، اور دیگر تکنیکی اشارے بھی شامل کر سکتے ہیں۔
رجحان پر مبنی ٹریڈنگ اس صورت میں نوآموز ٹریڈرز کے لیے بہترین ثابت ہو سکتی ہے اگر وہ مناسب انداز میں اپنی مطلوبہ احتیاط پوری کریں اور خطرے کی نظم کاری مکمل کریں۔
اسکیلپنگ
اسکیلپنگ آج کل موجود ٹریڈنگ کی تیز ترین حکمت عملیوں میں سے ایک ہے۔ اسکیلپرز بڑی تبدیلیوں یا طویل رجحانات سے فائدہ اٹھانے کرنے کی کوشش نہیں کرتے۔ یہ ایک ایسی حکمت عملی ہے جو متواتر مختصر تبدیلیوں سے فائدہ اٹھانے پر توجہ دیتی ہے۔ مثال کے طور پر، لگائی اور مانگی گئی قیمت کے فرق، لیکویڈیٹی میں موجود فرق، یا مارکیٹ کے دیگر کمزور پہلوؤں سے منافع جات حاصل کرنا۔
اسکیلپرز کا مقصد یہ نہیں ہوتا کہ وہ ایک طویل عرصے تک اپنی پوزیشنز کو ہولڈ کریں۔ یہ نہایت ہی عام سی بات ہے کہ اسکیلپ ٹریڈرز کے لیے پوزیشنز کو کھولنا اور بند کرنا محض چند سیکنڈوں کی بات ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسکیلپنگ کو عام طور پر ہائی فریکوئنسی ٹریڈنگ (HFT) کہا جاتا ہے۔
اگر کسی ٹریڈر کو لگے کہ مارکیٹ میں کوئی ایسا کمزور پہلو موجود ہے جو تواتر کے ساتھ واقع ہو رہا ہے اور وہ اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، تو اس صورت میں اسکیلپنگ بالخصوص ایک نہایت ہی منافع بخش حکمت عملی ثابت ہو سکتی ہے۔ جب بھی ایسا ہوتا ہے، تو وہ معمولی منافع جات حاصل کر سکتے ہیں جن میں وقت کے ساتھ اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ اسکیلپنگ عام طور پر زیادہ لیکویڈیٹی کی حامل مارکیٹس کے لیے بہترین ثابت ہوتی ہے، جہاں پوزیشنز میں داخل اور خارج ہونا نسبتاً آسان اور قابلِ پیشین گوئی ہوتا ہے۔
اسکیلپنگ ٹریڈنگ کی ایک جدید حکمت عملی ہے جو اپنی پیچیدگی کی وجہ سے نوآموز ٹریڈرز کو تجویز نہیں کی جاتی۔ یہ مارکیٹس کی میکانکس کے حوالے سے بھی گہری سوجھ بوجھ کا تقاضا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، اسکیلپنگ عام طور پر بڑے ٹریڈرز (وہیلز) کے لیے زیادہ موزوں ہے۔ فیصدی منافعے کے اہداف بظاہر چھوٹے معلوم ہوتے ہیں، اس لیے بڑی پوزیشنز کی ٹریڈنگ زیادہ معقول ہو گی۔
سرمایہ کاری کی غیر فعال حکمت عملیاں
غیر فعال سرمایہ کاری کی حکمت عملیاں نسبتاً کم مداخلت پر مبنی طریقہ کار کو فعال کرتی ہیں، جہاں پورٹ فولیو کی نظم کاری میں کم وقت اور توجہ درکار ہوتی ہے۔ اگرچہ ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری کی حکمت عملیوں کے درمیان فرق موجود ہے، مگر اس کے باوجود ٹریڈنگ کے حتمی معنی منافع کمانے کی امید کے ساتھ اثاثوں کی خرید و فروخت ہے۔
خریدیں اور ہولڈ کریں
"خریدیں اور ہولڈ کریں" غیر فعال سرمایہ کاری کی ایک ایسی حکمت عملی ہے جہاں ٹریڈرز کوئی اثاثہ خریدتے ہیں، اور ان کا مقصد اسے مارکیٹ کے اتار چڑھاو سے قطع نظر ایک طویل عرصے تک ہولڈ کرنا ہوتا ہے۔
یہ حکمت عملی عام طور پر طویل مدتی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیوز میں استعمال ہوتی ہے، جہاں بنیادی مقصد یہ ہوتا ہے کہ وقت کی پرواہ کیے بغیر مارکیٹ میں داخل ہوا جائے۔ اس حکمت عملی کے پسِ منظر میں بنیادی طور پر یہ مقصد کارفرما ہوتا ہے کہ، اس قسم کی طویل مدت میں وقت یا ابتدائی قیمت کی خاص اہمیت نہیں ہے۔
خریدنے اور ہولڈ کرنے کی حکمت عملی تقریباً ہمیشہ بنیادی تجزیے پر مبنی ہوتی ہے اور عام طور پر تکنیکی اشاروں سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ ممکن ہے کہ اس حکمت عملی میں پورٹ فولیو کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی شامل نہ ہو – بلکہ محض ایک آدھ مرتبہ ہی ایسا کرنا پڑے۔
اگرچہ Bitcoin اور دیگر کرپٹو کرنسیز کی موجودگی کو ایک دہائی سے تھوڑا ہی زیادہ عرصہ گزرا ہے، لہٰذا HODL کے رجحان کا موازنہ خریدنے اور ہولڈ کرنے کی حکمت عملی سے کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، کرپٹو کرنسیز کا تعلق اثاثے کی ایک پُرخطر اور تغیر پذیر قسم سے ہے۔ اگرچہ کرپٹو کرنسی کی اسپیس میں Bitcoin کو خریدنے اور ہولڈ کرنے کی حکمت عملی خاصی معروف ہے، لیکن ہو سکتا ہے کہ خریدنے اور ہولڈ کرنے کی یہ حکمت عملی دیگر کرپٹو کرنسیز کے لیے موزوں نہ ہو۔
انڈیکس سرمایہ کاری
عام طور پر، انڈیکس کی سرمایہ کاری کا مطلب روایتی مارکیٹس میں ETFs اور انڈیکسز خریدنا ہے۔ تاہم، اس قسم کی پراڈکٹ کرپٹو کرنسی کی مارکیٹس میں بھی دستیاب ہے۔ اور یہ مرکزی کرپٹو کرنسی ایکسچینجز اور غیر مرکزی فنانس (DeFi) کی تحریک، دونوں میں موجود ہے۔
کرپٹو انڈیکس کے پیچھے بنیادی مقصد یہ ہے کہ کرپٹو اثاثوں کی ایک باسکٹ لیں اور ایک ایسا ٹوکن بنائیں جو ان کی مشترکہ کارکردگی پر نظر رکھے۔ یہ باسکٹ اسی طرح کے شعبے کے کوائنز جیسے کہ، رازداری کے کوائنز یا سہولتیٍ ٹوکنز سے مل کر بنی ہو سکتی ہے۔ یا اس وقت تک یہ ایک یکسر مختلف چیز ہو سکتی ہے، جب تک اس میں قابلِ اعتماد پرائس فیڈ موجود ہو۔ جیسا کہ آپ تصور کر سکتے ہیں کہ، ان میں سے اکثر ٹوکنز کا زیادہ تر دارومدار بلاک چین کے اوریکلز پر ہوتا ہے۔
سرمایہ کاران کس طرح سے کرپٹو انڈیکسز کو استعمال کر سکتے ہیں؟ مثال کے طور پر، وہ رازداری کا انفرادی کوائن لینے کی بجائے رازداری کے کوائن کے انڈیکس میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ اس طرح، وہ محض ایک کوائن پر شرط لگانے کے خطرے کو ختم کرتے ہوئے، ایک سیکٹر کی حیثیت سے رازداری کے کوائنز پر شرط لگا سکتے ہیں۔
ممکن ہے کہ آنے والے سالوں میں ٹوکن کی طرز پر کی جانے والی انڈیکس سرمایہ کاری مزید مقبولیت حاصل کر لے گی۔ یہ بلاک چین انڈسٹری اور کرپٹو کرنسی کی مارکیٹس میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے نسبتاً کم مداخلت پر مشتمل طریقہ کار کو فعال کرتی ہے۔
اختتامی خیالات
کرپٹو ٹریڈنگ کی ایسی حکمت عملی مرتب کرنا کوئی آسان کام نہیں جو آپ کے مالیاتی اہداف اور شخصیت کے لحاظ سے موزوں ہو۔ ہم نے کرپٹو کرنسی کی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ٹریڈنگ کی چند حکمت عملیوں کا جائزہ لیا ہے، لہذا امید ہے کہ، آپ اس بات کا تعین کر لیں گے کہ ان میں سے کون سی حکمت عملی آپ کے لیے بہترین ہے۔
یہ جاننے کے لیے کہ کیا چیز کارآمد ہے اور کیا چیز نہیں، آپ کو اپنے مرتب کردہ اصولوں کو توڑے بغیر – ٹریڈنگ کی ہر حکمت عملی پر عمل کرنا چاہیئے اور اس کی نگرانی کرنی چاہیئے۔ ایک ٹریڈنگ جرنل یا شیٹ بنانا بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے تاکہ آپ ہر حکمت عملی کی کارکردگی کا تجزیہ کر سکیں۔
لیکن یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ آپ کو ہمیشہ یکساں حکمت عملیوں پر عمل نہیں کرنا۔ خاطر خواہ ڈیٹا اور ٹریڈنگ کے ریکارڈز کے ساتھ، آپ کو اپنے ذاتی طریقے اختیار اور ایڈجسٹ کرنا ہوں گے۔ بالفاظ دیگر، جیسے جیسے آپ ٹریڈنگ کا تجربہ حاصل کریں گے، ویسے ہی آپ کی ٹریڈنگ کی حکمت عملیوں میں بھی مسلسل ترقی ہوتی رہنی چاہیئے۔
اپنے پورٹ فولیو کے مختلف اجزاء کو مختلف حکمت عملیوں کے لیے مختص کرنے کا عمل بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ اس طرح، آپ خطرے کی مناسب نظم کاری انجام دیتے ہوئے، اپنی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
اگر آپ پورٹ فولیو کی نظم کاری کے بارے میں مزید پڑھنا چاہتے ہیں، تو اثاثے کی تفویض کاری اور تنوع کی وضاحت ملاحظہ کریں۔