اسٹاپ کی حد والا آرڈر کیا ہے؟
ہوم
آرٹیکلز
اسٹاپ کی حد والا آرڈر کیا ہے؟

اسٹاپ کی حد والا آرڈر کیا ہے؟

نو آموز
شائع کردہ Dec 9, 2018اپڈیٹ کردہ May 22, 2023
7m

TL؛DR

اسٹاپ کی حد والا آرڈر اسٹاپ ٹریگر اور متعین آرڈر کو یکجا کرتا ہے۔ اسٹاپ کی حد والے آرڈرز ٹریڈرز کو اس قابل بناتے ہیں کہ وہ منافعے کی کم از کم رقم کچھ ایسی سیٹ کریں جس پر وہ مطمئن ہوں یا زیادہ سے زیادہ رقم ایسی سیٹ کریں جو وہ کسی ٹریڈ پر خرچ کر سکتے ہیں یا اس کا خسارہ برداشت کر سکتے ہیں۔ ایک مرتبہ جب آپ اسٹاپ کی حد والا کوئی آرڈر سیٹ کر دیتے ہیں اور ٹریگر قیمت پوری ہو جاتی ہے، تو آپ کے لاگ آؤٹ یا آف لائن ہونے کے باوجود بھی، ایک متعین آرڈر خوکار طور پر دے دیا جائے گا۔ آپ مزاحمت اور معاونت کی سطحوں اور اثاثے کے اتار چڑھاؤ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مناسب حکمتِ عملی کے ساتھ اسٹاپ کی حد والے آرڈرز دے سکتے ہیں۔

ایک اسٹاپ کی حد والے آرڈر کی صورت میں، اسٹاپ کی قیمت کسی ایکسچینج کے لیے وہ ٹریگر قیمت ہوتی ہے جو ایک متعین آرڈر دینے کے لیے مقرر کی جاتی ہے۔ متعین قیمت ایسی قیمت ہوتی ہے جس پر آپ کا آرڈر انجام دیا جائے گا۔ آپ اس متعین قیمت کو حسب منشاء بنا سکتے ہیں، جو عام طور پر خریداری کے آرڈر کی صورت میں اسٹاپ کی قیمت سے زیادہ اور بیچنے کے آرڈر کی صورت میں اس سے کم پر سیٹ کی جاتی ہے۔ یہ فرق مارکیٹ کی قیمت کی ان تبدیلیوں کو موافق بناتا ہے جو اس وقت کے درمیان وقوع پذیر ہوتی ہیں جب اسٹاپ کی قیمت متحرک ہوتی ہے اور متعین آرڈر دیا جاتا ہے۔


تعارف

اگر آپ HODL کرنے کے بجائے فعال طور پر ٹریڈنگ شروع کرنے کے خواہش مند ہیں، تو آپ کو ممکنہ طور پر مارکیٹ آرڈرز کے علاوہ کچھ اور بھی استعمال کرنا پڑ سکتا ہے۔ اسٹاپ کی حد والا آرڈر نسبتاً زیادہ کنٹرول اور چیزوں کو حسب منشاء بنانے کی استعداد فراہم کرتا ہے۔ اس کا تصور نوآموز لوگوں کے لیے مبہم ثابت ہو سکتا ہے، لہٰذا آئیں پہلے متعین، اسٹاپ خسارے، اور اسٹاپ کی حد والے آرڈرز کے مابین کلیدی فرق کا جائزہ لیتے ہیں۔


متعین آرڈر بمقابلہ اسٹاپ خسارے کا آرڈر بمقابلہ اسٹاپ کی حد والا آرڈر

متعین آرڈرز، اسٹاپ خسارے کے آرڈرز، اور اسٹاپ کی حد والے آرڈرز، سب سے زیادہ عام اقسام میں سے چند ہیں۔ متعین آرڈرز آپ کو قیمتوں کی وہ حد سیٹ کرنے کی اجازت دیتے ہیں کہ جس پر ٹریڈ کرنے سے آپ مطمئن ہوں، اسٹاپ خسارے کا آرڈر اسٹاپ کی ایک ایسی قیمت سیٹ کرتا ہے جو مارکیٹ آرڈر کو متحرک بناتی ہے، اور ایک اسٹاپ کی حد والا آرڈر ان دونوں کی خصوصیات کو یکجا کرتا ہے۔ آیئے مزید تفصیل سے اس کا جائزہ لیتے ہیں:

متعین آرڈر

جب آپ کوئی متعین آرڈر سیٹ کرتے ہیں، تو آپ زیادہ سے زیادہ قیمتِ خرید یا کم سے کم قیمتِ فروخت کا انتخاب کرتے ہیں۔ جب مارکیٹ کی قیمت آپ کی متعین قیمت کے مطابق یا اس سے بہتر ہو گی تو اس صورت میں آپ کا ایکسچینج خودکار طور پر آرڈر کو پُر کرنے کی کوشش کرے گا۔ یہ آرڈرز اس صورت میں مفید ثابت ہوتے ہیں جب آپ کے پاس داخلی یا خارجی ہدفی قیمت موجود ہوتی ہے اور آپ کو اس وقت تک انتظار کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوتا جب تک کہ مارکیٹ آپ کی شرائط کو پورا نہیں کر دیتی۔

عام طور پر، ٹریڈرز بیچنے کے متعین آرڈرز کی قیمت کو مارکیٹ کی موجودہ قیمت سے زیادہ اور خریداری کے متعین آرڈرز کی قیمت کو مارکیٹ کی موجودہ قیمت سے کم پر سیٹ کرتے ہیں۔ اگر آپ مارکیٹ کی موجودہ قیمت پر ایک متعین آرڈر دیتے ہیں، تو یہ ممکنہ طور پر چند ہی سیکنڈز میں مکمل ہو جائے گا (تاوقتیکہ یہ مارکیٹ کم لیکویڈیٹی کی حامل نہ ہو)۔

مثال کے طور پر، اگر Bitcoin کی مارکیٹ کی قیمت $32,000 (BUSD) ہے، تو قیمت $31,000 یا اس سے کم ہوتے ہی، آپ BTC خریدنے کے لیے خریداری کا متعین آرڈر $31,000 پر سیٹ کر سکتے ہیں۔ آپ بیچنے کا متعین آرڈر $33,000 پر بھی دے سکتے ہیں، یعنی اگر قیمت $33,000 یا اس سے زیادہ ہو جاتی ہے تو ایکسچینج آپ کے BTC کو بیچ دے گا۔

اسٹاپ کی حد والا آرڈر

جیسا کہ بیان کیا جا چکا ہے، اسٹاپ کی حد والا آرڈر اسٹاپ ٹریگر اور متعین آرڈر کو یکجا کرتا ہے۔  اسٹاپ آرڈر آپ کا متعین آرڈر دینے کے لیے ایکسچینج کی ٹریگر قیمت کو شامل کرتا ہے۔ آئیں دیکھتے ہیں کہ یہ کس طرح سے کام کرتا ہے۔


اسٹاپ کی حد والا آرڈر کس طرح سے کام کرتا ہے؟

اسٹاپ کی حد والے آرڈر کو بہترین انداز میں سمجھنے کے لیے اسے حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے۔ اسٹاپ کی قیمت ایک متعین آرڈر دینے کے لیے ایک ٹریگر کے طور پر کام کرتی ہے۔ جب مارکیٹ اسٹاپ کی قیمت پر پہنچ جاتی ہے، تو یہ خودکار طور پر ایک حسبِ منشا قیمت (متعین قیمت) کے ساتھ متعین آرڈر کو تخلیق کرتی ہے۔

اگرچہ اسٹاپ اور متعین قیمتیں ایک جیسی ہو سکتی ہیں، تاہم یہ ضروری نہیں۔ در حقیقت، بہتر ہو گا کہ آپ اسٹاپ کی قیمت (ٹریگر قیمت) کو بیچنے کے آرڈرز کی متعین قیمت سے ذرا سا زائد حد پر سیٹ کریں۔ خریداری کے آرڈرز کی صورت میں، آپ اسٹاپ کی قیمت کو متعین قیمت سے ذرا سا کم حد پر سیٹ کر سکتے ہیں۔ یہ امر آپ کے متعین آرڈر کے متحرک ہونے کے بعد اس کے پُر ہونے کے امکانات میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔


خریدنے اور بیچنے کے اسٹاپ کی حد والے آرڈرز کی مثالیں

خریداری کی اسٹاپ کی حد

فرض کریں کہ BNB فی الوقت $300 (BUSD) پر ہے، اور آپ اس کو اس وقت خریدنا چاہیں گے جب یہ قیمت میں اضافے پر مبنی رجحان میں داخل ہونے لگے۔ تاہم، اگر BNB کی قیمت تیزی سے بڑھنا شروع ہو جاتی ہے تو آپ اس کے لیے بہت زیادہ رقم ادا کرنا نہیں چاہیں گے، لہٰذا اس صورت میں آپ کو وہ قیمت محدود کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جو آپ ادا کریں گے۔

فرض کریں آپ کا تکنیکی تجزیہ آپ کو آگاہ کرتا ہے کہ اگر مارکیٹ $310 سے اوپر نکل جاتی ہے تو اس صورت میں بڑھتے رجحان کا آغاز ہو سکتا ہے۔ بریک آؤٹ وقوع پذیر ہونے کی صورت میں، آپ کسی پوزیشن کو کھولنے کے لیے خریداری کا اسٹاپ کی حد والا آرڈر استعمال کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ آپ اپنی اسٹاپ کی قیمت کو $310 پر اور اپنی متعین قیمت کو $315 پر سیٹ کر دیتے ہیں۔ جیسے ہی BNB $310 تک پہنچ جاتا ہے، تو BNB کو $315 پر خریدنے کے لیے ایک متعین آرڈر دیا جاتا ہے۔ آپ کا آرڈر 315 یا اس سے کم قیمت پر پُر ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ $315 آپ کی متعین قیمت ہے، لہذا مارکیٹ کے اس سے زیادہ تیزی سے اوپر جانے کی صورت میں، ہو سکتا ہے کہ آپ کا آرڈر مکمل طور پر پُر نہ ہو سکے۔

بیچنے کی اسٹاپ کی حد

فرض کریں کہ آپ نے BNB کو $285 (BUSD) میں خریدا تھا اور اب اس کی قیمت $300 ہے۔ قیمت کے آپ کی داخلی قیمت پر واپس آ جانے پر، آپ خسارہ جات سے بچنے کے لیے اسٹاپ کی حد والے آرڈر کو استعمال کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تاکہ BNB کو بیچا جا سکے۔ آپ $289 کی اسٹاپ کی قیمت اور $285 کی متعین قیمت (جس قیمت پر آپ نے BNB خریدا) کے ساتھ بیچنے کا اسٹاپ کی حد والا آرڈر سیٹ اپ کرتے ہیں۔ اگر قیمت $289 تک پہنچ جاتی ہے، تو $285 پر BNB بیچنے کے لیے ایک متعین آرڈر دیا جائے گا۔ آپ کا آرڈر 285 یا اس سے زیادہ قیمت کے ساتھ پُر کیا جا سکتا ہے۔


Binance پر اسٹاپ کی حد والا آرڈر کیسے دیتے ہیں؟

فرض کریں کہ آپ نے حال ہی میں اس امید پر $31,820.50 (BUSD) میں پانچ BTC خریدے ہیں کیونکہ آپ کو لگتا ہے کہ قیمت جلد ہی بڑھنا شروع ہو جائے گی۔


اس صورتحال میں، اگر آپ کا مفروضہ غلط ثابت ہوتا ہے اور قیمت گرنا شروع ہو جاتی ہے تو بہتر ہے کہ آپ اپنے خسارہ جات کو کم کرنے کے لیے بیچنے کا اسٹاپ کی حد والا آرڈر سیٹ کریں۔ ایسا کرنے کے لیے، اپنے Binance اکاؤنٹ میں لاگ ان کریں اور BTC/BUSD مارکیٹ پر جائیں۔ اس کے بعد [Stop-limit] کی ٹیب پر کلک کریں اوربیچے جانے والے BTC کی رقم کے ساتھ، اسٹاپ اور متعین قیمت سیٹ کریں۔

اگر آپ کو لگتا ہے کہ $31,820 معاونت کی ایک قابل اعتماد سطح ہے، تو آپ (اس صورت میں کہ جب یہ برقرار نہ رہے) اس قیمت سے ذرا سا نیچے اسٹاپ کی حد والا آرڈر سیٹ کر سکتے ہیں۔ اس مثال میں، ہم $31,790 کی اسٹاپ کی قیمت اور $31,700 کی متعین قیمت کے ساتھ 5 BTC کے لیے اسٹاپ کی حد والا آرڈر دیں گے۔ آئیں اس کا مرحلہ وار جائزہ لیتے ہیں۔


جب آپ [Sell BTC] پر کلک کریں گے، تو ایک تصدیقی ونڈو ظاہر ہو گی۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سب کچھ درست ہو اور تصدیق کرنے کے لیے [Place Order] کو دبائیں۔ اپنا اسٹاپ کی حد والا آرڈر دینے کے بعد، آپ کو ایک تصدیقی پیغام دکھائی دے گا۔ آپ اپنے جاری آرڈرز کو دیکھنے اور ان کی نظم کاری کے لیے نیچے کی جانب اسکرول بھی کر سکتے ہیں۔


واضح رہے کہ اسٹاپ کی حد والے آرڈر پر صرف اسی صورت میں عملدرآمد کیا جائے گا جب یہ اسٹاپ کی قیمت تک پہنچ جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ متعین آرڈر صرف اسی صورت میں پُر کیا جائے گا جب مارکیٹ کی قیمت آپ کی متعین قیمت یا اس سے بہتر تک پہنچ جائے گی۔ اگر آپ کا متعین آرڈر حرکت میں آ جاتا ہے (اسٹاپ کی قیمت کے ذریعے)، لیکن مارکیٹ کی قیمت آپ کی سیٹ کردہ قیمت یا اس سے بہتر تک نہیں پہنچتی، تو متعین آرڈر کھلا رہے گا۔

بعض اوقات آپ کو کسی ایسی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے جہاں قیمت بہت تیزی سے گرنے لگتی ہے، اور آپ کا اسٹاپ کی حد والا آرڈر پُر ہوئے بغیر ہی گزر جاتا ہے۔ اس صورت میں، آپ کو ٹریڈ سے فوری طور پر باہر نکلنے کے لیے مارکیٹ آرڈرز کو اپیل کرنے کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔


اسٹاپ کی حد والا آرڈر استعمال کرنے کے فوائد

اسٹاپ کی حد والا آرڈر آپ کو اپنی ٹریڈز کو حسب منشاء بنانے اور ان کی منصوبہ بندی کرنے کا موقع دیتا ہے۔ ہم 24/7 کی کرپٹو مارکیٹ میں، ہر وقت قیمتوں کو چیک نہیں کر سکتے۔ ایک اور فائدہ یہ ہے کہ اسٹاپ کی حد والا آرڈر آپ کو منافعے کی مناسب رقم سیٹ کرنے کا موقع دیتا ہے۔ کسی حد کے بغیر، آپ کا آرڈر مارکیٹ کی جو بھی بھی قیمت ہو گی، اس پر پُر کر دیا جائے گا۔ بعض ٹریڈرز کسی بھی قیمت پر بیچنے کی بجائے ہولڈ میں رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔


اسٹاپ کی حد والا آرڈر استعمال کرنے کے نقصانات

اسٹاپ کی حد والے آرڈرز کے بھی وہی نقصانات ہوتے ہیں جو کہ متعین آرڈرز کے ہوتے ہیں، جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہوتی کہ آیا ان پر عملدرآمد ہو پائے گا۔ ایک متعین آرڈر صرف اس صورت میں پُر ہونا شروع ہو گا جب یہ کسی مخصوص قیمت یا اس سے بہتر تک پہنچ جائے گا۔ تاہم، ہو سکتا ہے کہ وہ قیمت کبھی بھی پوری نہ ہو سکے۔ اگرچہ آپ اپنی متعین اور اسٹاپ کی قیمتوں کے درمیان فرق پیدا کر سکتے ہیں، تاہم بعض اوقات یہ فرق کافی نہیں ہوتا ہے۔ زیادہ تغیر پذیر اثاثے اس فرق کو ختم کر سکتے ہیں جو آپ اپنے آرڈر میں پیدا کرتے ہیں۔

اگر آپ کے آرڈر کو پُر کرنے کے لیے خاطر خواہ ٹیکرز موجود نہیں ہیں تو اس صورت میں لیکویڈیٹی کا مسئلہ بھی درپیش ہو سکتا ہے۔ اگر آپ اپنے آرڈرز کے جزوی طور پر پُر ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں، تو پُر کریں یا منسوخ کریں کو استعمال کرنے پر غور کریں۔ یہ آپشن واضح کرتا ہے کہ آپ کے آرڈر پر صرف اسی صورت میں عملدرآمد ہونا چاہیئے جب یہ مکمل طور پر پُر کیا جا سکے۔ تاہم، واضح رہے کہ آپ اپنے آرڈر میں جتنی زیادہ شرائط شامل کریں گے، اس پر مکمل عملدرآمد ہونے کا امکان اتنا ہی کم ہو گا۔


اسٹاپ کی حد والے آرڈرز دینے کے لیے حکمت عملیاں

اب جبکہ ہم اسٹاپ کی حد والے آرڈرز کا مطالعہ کر چکے ہیں، ان کو استعمال کرنے کا بہترین طریقہ کیا ہے؟ آپ کے اسٹاپ کی حد والے آرڈرز کی اثر پذیری کو بڑھانے اور ان کے کچھ نقصانات سے بچنے کے لیے یہاں پر ٹریڈنگ کی کچھ بنیادی حکمت عملیاں بیان کی گئی ہیں۔  

1. اس اثاثے کے اتار چڑھاؤ کا مطالعہ کریں جس پر آپ اسٹاپ کی حد والا آرڈر دے رہے ہیں۔ آپ کے متعین آرڈر کے پُر ہونے کے امکانات کو بڑھانے کے لیے ہم پہلے ہی اسٹاپ آرڈر اور متعین آرڈر کے درمیان معمولی فرق سیٹ کرنے کی تجویز دے چکے ہیں۔ تاہم، اگر وہ اثاثہ تغیر پذیر ہے جس پر آپ ٹریڈ کر رہے ہیں، تو اس صورت میں آپ کو اپنا فرق نسبتاً بڑا سیٹ کرنے کی ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ 
2. اس اثاثے کی لیکویڈیٹی پر توجہ دیں جسے آپ ٹریڈ کر رہے ہیں۔ اسٹاپ کی حد والے آرڈرز بالخصوص اس صورت میں مفید ہوتے ہیں جب لگائی اور مانگی گئی قیمت کے زیادہ فرق یا کم لیکویڈیٹی کے حامل (سلِپیج کے باعث ان چاہی قیمتوں سے بچنے کے لیے) اثاثہ جات کی ٹریڈنگ کی جاتی ہے۔
3. قیمت کی سطحوں کا تعین کرنے کے لیے تکنیکی تجزیہ استعمال کریں۔ کسی اثاثے کی معاونتی یا مزاحمتی سطح پر اپنی اسٹاپ کی قیمت کو سیٹ کرنا ایک اچھا خیال ہے۔ ان سطحوں کا تعین کرنے کا ایک طریقہ تکنیکی تجزیہ ہے۔ مثال کے طور پر، آپ کسی بریک آؤٹ سے فائدہ اٹھانے کے لیے خریداری کے اسٹاپ کی حد والے ایسے آرڈر کو استعمال کر سکتے ہیں جس کی اسٹاپ کی قیمت ایک خاص مزاحمتی سطح سے ذرا سی زیادہ ہو۔ یا بیچنے کے اسٹاپ کی حد والے آرڈر کو معاونت کی سطح سے ذرا سا نیچے سیٹ کر سکتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مارکیٹ کے مزید گرنے سے پہلے ہی آپ ٹریڈ سے باہر نکل جائیں۔
اگر آپ کو اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں کہ معاونت اور مزاحمت کی سطحیں کیا ہوتی ہیں، تو معاونت اور مزاحمت کے بنیادی اصولوں کی تفصیل ملاحظہ کریں۔


اختتامی خیالات

اسٹاپ کی حد والا آرڈر ایک ایسا طاقتور ٹول ہے جو آپ کو سادہ مارکیٹ آرڈرز کی نسبت ٹریڈنگ کی زیادہ استعداد فراہم کر سکتا ہے۔ ایک اضافی فائدہ یہ بھی ہے کہ اس میں آرڈر مکمل ہونے کے لیے فعال طور پر ٹریڈنگ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ خواہ قیمت گرے یا بڑھے، دونوں صورتوں میں اسٹاپ کی حد والے متعدد آرڈرز کو یکجا کر کے اپنی ہولڈنگز کی نظم کاری کرنا آسان ہوتا ہے۔