تعارف
ٹریڈنگ یا سرمایہ کاری میں نئے آنے والے فرد کے طور پر، چارٹس پڑھنا ایک نہایت ہی مشکل کام ثابت ہو سکتا ہے۔ کچھ لوگ اپنے دل میں آنے والے خیال پر انحصار کرتے ہیں اور اپنے وجدان کی بنیاد پر اپنی سرمایہ کاریاں انجام دیتے ہیں۔ اگرچہ یہ حکمت عملی بڑھتی ہوئی مارکیٹ کے ماحول میں عارضی طور پر کام کر سکتی ہے، تاہم ممکنہ طور پر یہ ایک طویل عرصے تک کارآمد ثابت نہیں ہو سکتی۔
بنیادی طور پر، ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری امکانات اور خطرے کے نظم کا کھیل ہے۔ لہٰذا، سرمایہ کاری کے تقریباً کسی بھی انداز کے لیے کینڈل اسٹک چارٹس کو پڑھنا اہم ہوتا ہے۔ یہ آرٹیکل وضاحت کرتا ہے کہ کینڈل اسٹک چارٹس کیا ہوتے ہیں اور انہیں کیسے پڑھا جائے۔
کینڈل اسٹک چارٹ کیا ہوتا ہے؟
کینڈل اسٹک چارٹ، مالیاتی چارٹ کی ایک ایسی قسم ہے جو مذکورہ مدت کے اندر کسی اثاثے کی قیمتوں میں اتار چڑاؤ کی گرافک انداز میں نمائندگی کرتی ہے۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، یہ کینڈل اسٹکس سے بنا ہوتا ہے، جن میں سے ہر ایک وقت کی یکساں مدت کو ظاہر کرتی ہے۔ کینڈل اسٹکس، ورچوئل سطح پر سیکنڈز سے لے کر سالوں تک کسی بھی مدت کو ظاہر کر سکتی ہیں۔
کینڈل اسٹک چارٹس کی تاریخ 17th صدی سے شروع ہوتی ہے۔ چارٹنگ ٹول کے طور پر اس تخلیق کا سہرا اکثر چاول کے ایک جاپانی ٹریڈر، Homma کو دیا جاتا ہے۔ یہ انہی کے خیالات تھے جنہوں نے ممکنہ طور پر ہمیں اس چیز کی بنیاد فراہم کی جسے اب جدید کینڈل اسٹک چارٹ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ Homma کی تحقیق کو بہتر بنانے میں بہت سے لوگوں نے اپنا کردار ادا کیا، جس میں سب سے زیادہ نمایاں کام Charles Dow نے انجام دیا، جو کہ جدید تکنیکی تجزیے کے بانیوں میں سے ایک ہیں۔
اگرچہ کینڈل اسٹک چارٹس کو کسی بھی قسم کے دوسرے ڈیٹا کے تجزیے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم انہیں زیادہ تر مالیاتی مارکیٹس کے تجزیے میں سہولت کاری کے لیے بروئے کار لایا جاتا ہے۔ درست استعمال کیے جانے پر، یہ وہ ٹولز ہیں جو قیمت کے ردوبدل میں نتائج کے امکانات کا اندازہ لگانے میں ٹریڈرز کی مدد کر سکتے ہیں۔ یہ مفید ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ یہ ٹریڈرز اور سرمایہ کاروں کو ان کے مارکیٹ کے تجزیے کی بنیاد پر اپنے ذاتی خیالات تشکیل دینے کے قابل بناتے ہیں۔
کینڈل اسٹک چارٹس کیسے کام کرتے ہیں؟
ہر ایک کینڈل اسٹک کو تخلیق کرنے کے لیے قیمتوں کے درج ذیل پوائنٹس کی ضرورت ہوتی ہے:
ابتدائی قیمت — اس مخصوص ٹائم فریم کے اندر اثاثے کی پہلی ریکارڈ کردہ ٹریڈنگ کی قیمت۔
زیادہ قیمت — اس مخصوص ٹائم فریم کے اندر اثاثے کی سب سے زیادہ ریکارڈ کردہ ٹریڈنگ کی قیمت۔
کم قیمت — اس مخصوص ٹائم فریم کے اندر اثاثے کی کم ترین ریکارڈ کردہ ٹریڈنگ کی قیمت۔
اختتامی قیمت — اس مخصوص ٹائم فریم کے اندر اثاثے کی آخری ریکارڈ کردہ ٹریڈنگ کی قیمت۔
مجموعی طور پر، عموماً اس ڈیٹا سیٹ کا حوالہ OHLC کی قدروں کے طور پر دیا جاتا ہے۔ ابتدائی قیمت، زائد قیمت، کم قیمت، اور اختتامی قیمت کے درمیان موجود تعلق یہ تعین کرتا ہے کہ کینڈل اسٹک کیسی دکھائی دیتی ہے۔
ابتدائی قیمت اور اختتامی قیمت کے درمیان موجود فاصلے کا حوالہ باڈی کے طور پر دیا جاتا ہے، جبکہ باڈی اور زیادہ قیمت/کم قیمت کے درمیان موجود فاصلے کا حوالہ بطور بتی یا سایہ دیا جاتا ہے۔ کینڈل کی زیادہ قیمت اور کم قیمت کے درمیان موجود فاصلے کو کینڈل اسٹک کی حد کہا جاتا ہے۔
کینڈل اسٹک چارٹس کو کیسے پڑھا جائے
بہت سے ٹریڈرز روایتی بار اور لائن چارٹس پڑھنے کے مقابلے میں کینڈل اسٹک چارٹس پڑھنے کو آسان سمجھتے ہیں، اگرچہ یہ دونوں یکساں معلومات فراہم کرتے ہیں۔ کینڈل اسٹک چارٹس کو ایک ہی نظر میں پڑھا جا سکتا ہے، جو قیمت کی حرکات کی سادہ سی عکاسی کرتے ہیں۔
عملی طور پر، ایک کینڈل اسٹک کسی مخصوص مدت کے دوران بُلز اور بیئرز کے درمیان مقابلے کو ظاہر کرتی ہے۔ عموماً، باڈی جتنی طویل ہو گی، پیمائش کی مدت کے اندر خریدنے اور بیچنے کا دباؤ اتنا ہی زیادہ ہو گا۔ اگر کینڈل پر موجود بتیاں چھوٹی ہیں، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ پیمائش کی مدت کے اندر زیادہ قیمت (یا کم قیمت)، اختتامی قیمت کے نزدیک ہے۔
مختلف چارٹنگ ٹولز کے رنگ اور ترتیبات میں فرق ہو سکتا ہے، لیکن عموماً، اگر باڈی سبز ہو، تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اثاثہ اپنی ابتدائی قیمت سے زیادہ قیمت پر بند ہوا۔ سرخ کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ پیمائش کی مدت کے دوران قیمت میں کمی آئی تھی، اس لیے اختتامی قیمت، ابتدائی قیمت کے مقابلے میں کم تھی۔
بعض چارٹسٹس سیاہ اور سفید عکاسی کو ترجیح دیتے ہیں۔ لہٰذا سبز اور سرخ استعمال کرنے کی بجائے، چارٹس اضافوں کو کھوکھلی کینڈلز جبکہ کمیوں کو سیاہ کینڈلز سے ظاہر کرتے ہیں۔
وہ باتیں، جو کینڈل اسٹک چارٹس آپ کو نہیں بتاتے
اگرچہ کینڈل اسٹک چارٹس آپ کو قیمت کی حرکات کا ایک عام تصور فراہم کرنے کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں، تاہم ممکن ہے کہ وہ آپ کو ہر وہ چیز فراہم نہ کریں جو آپ کو ایک جامع تجزیے کے لیے درکار ہے۔ مثلاً، کینڈل اسٹکس تفصیل سے یہ نہیں دکھاتیں کہ ابتدائی اور اختتامی قیمت کے درمیان آنے والے وقفے میں کیا ہوا، یہ صرف (سب سے زیادہ اور سب سے کم قیمت کے ساتھ) دو پوائنٹس کے درمیان ہونے والے فاصلے کو ظاہر کرتی ہیں۔
مثال کے طور پر، اگرچہ کینڈل اسٹک کی بتیاں ہمیں کسی مدت کی زیادہ اور کم قیمت کے بارے میں ضرور بتاتی ہیں، لیکن وہ یہ نہیں بتا سکتیں کہ ان میں سے کون سی پہلے سامنے آئی۔ پھر بھی، زیادہ تر چارٹنگ ٹولز میں مدت کو تبدیل کیا جا سکتا ہے، جو ٹریڈرز کو مزید تفصیلات کے لیے کم قیمت کی حامل مدتوں کو بغور دیکھنے کی اجازت دیتا ہے۔
کینڈل اسٹک چارٹس میں قیمتوں کا بہت سا ڈیٹا بھی ظاہر ہو سکتا ہے، خاص کر تب جب کم قیمت کی حامل مدتوں کی چارٹنگ کی جائے۔ یہ کینڈلز بہت تیزی سے تبدیل ہو سکتی ہیں، جس سے انہیں سمجھنے میں مشکل ہو جاتی ہے۔
Heikin-Ashi کینڈل اسٹکس
اب تک ہم نے جس بارے میں بات کی ہے، اسے اکثر اوقات جاپانی کینڈل اسٹک چارٹ کہا جاتا ہے۔ لیکن، کینڈل اسٹکس کو شمار کرنے کے دیگر طریقے بھی موجود ہیں۔ Heikin-Ashi تکنیک ان میں سے ایک ہے۔
جاپانی زبان میں Heikin-Ashi کا مطلب "اوسط بار" ہے۔ ایسے کینڈل اسٹک چارٹس ترمیم کردہ فارمولا پر انحصار کرتے ہیں جو اوسط قیمت کا ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ہدف قیمت کی حرکات کو ہموار بنانا اور مارکیٹ کے شور کو فلٹر کرنا ہے۔ بالعموم، Heikin-Ashi کینڈلز مارکیٹ کے رجحانات، قیمت کے پیٹرنز، اور ممکنہ واپسیوں کی نشاندہی کو آسان بنا سکتی ہیں۔
ٹریڈرز اکثر غلط اشاروں سے بچنے اور مارکیٹ کے رجحانات کی نشاندہی کے مواقع میں اضافے کے لیے جاپانی کینڈل اسٹکس کے ساتھ ساتھ Heikin-Ashi کینڈلز کا استعمال کرتے ہیں۔ نچلی بتیوں سے عاری سبز Heikin-Ashi کیڈلز تیزی سے بڑھتے ہوئے رجحان، جبکہ بالائی بتیوں سے عاری سرخ کینڈلز تیزی سے گھٹتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔
اگرچہ Heikin-Ashi کینڈل اسٹکس ایک طاقتور ٹول ثابت ہو سکتی ہیں، لیکن تکنیکی تجزیے کی کسی بھی دوسری تکنیک کی طرح، یہ بھی چند حدود کی پابند ہیں۔ چونکہ یہ کینڈلز اوسط قیمت کا ڈیٹا استعمال کرتی ہیں، اس لیے پیٹرنز بننے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ قیمت کے فرق کو بھی ظاہر نہیں کرتیں اور قیمت کے دیگر ڈیٹا کو حذف بھی کر سکتی ہیں۔
اختتامی خیالات
کینڈل اسٹک چارٹس کسی بھی ٹریڈر یا سرمایہ کار کے لیے سب سے زیادہ بنیادی ٹولز میں سے ایک ہیں۔ یہ نہ صرف کسی مذکورہ اثاثے کے لیے قیمت کی حرکات کو بصری طور پر ظاہر کرتے ہیں، بلکہ مختلف مدتوں کے دوران ڈیٹا کے تجزیے کے لیے لچک پذیری کی پیشکش بھی کرتے ہیں۔
تجزیاتی نظریے اور موزوں مشق کے ساتھ ساتھ کینڈل اسٹک چارٹس اور پیٹرنز کا ایک جامع مطالعہ، مارکیٹ پر ٹریڈرز کو بتدریج سبقت فراہم کر سکتا ہے۔ پھر بھی، زیادہ تر ٹریڈرز او سرمایہ کاران متفق ہیں کہ دیگر طریقوں کو زیر غور لانا بھی اہم ہے، جیسا کہ بنیادی تجزیہ۔