کیا ایک سے زائد میٹاورس کی موجودگی ممکن ہے؟
ہوم
آرٹیکلز
کیا ایک سے زائد میٹاورس کی موجودگی ممکن ہے؟

کیا ایک سے زائد میٹاورس کی موجودگی ممکن ہے؟

جدید
شائع کردہ Sep 14, 2022اپڈیٹ کردہ Dec 23, 2022
5m

TL؛DR

میٹا ورس ایک آن لائن، اور مشغولیتی دنیا ہے، جو کہ اپنے صارفین کی ڈیجیٹل اور حقیقی زندگیوں کو مربوط کرتی ہے۔ آگمینٹڈ ریئیلیٹی (AR)، ورچوئل ریئیلیٹی (VR)، اور بلاک چین جیسی ٹیکنالوجیز کو ضم کرتے ہوئے، میٹا ورس، کام کرنے، میل جول، اور آرام کے نئے ڈیجیٹل طریقوں کی پیشکش کرتی ہے۔ 

Decentraland اور SecondLive جیسے پراجیکٹس، پہلے سے ہی کمائی کے لیے کھیلی جانے والی گیمز اور دیگر بلاک چین ایپلیکیشنز کے ساتھ تجربات کر رہے ہیں، جس سے کمیونٹیز اس قابل ہو سکتی ہیں کہ مشترکہ اہداف پر یکجا ہو کر کام کر سکیں۔ مزید براں، تکنیکی دنیا میں موجود معروف نام، اس رجحان کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذاتی میٹاورسز بنا رہے ہیں۔

اگرچہ، مختلف میٹاورسز بھی وجود رکھ سکتی ہیں، تاہم اس صورت میں ان سب ہی کو فائدہ پہنچے گا اگر یہ ایک دوسرے کے ساتھ مربوط ہو جاتی ہیں۔ بلاک چین کی ٹیکنالوجی، میٹاورس میں باہم عمل کا ایک منفرد طریقہ پیش کرتی ہے۔ یہ ممکنہ طور پر صارفین کو اس قابل بنا سکتی ہے کہ وہ میٹا ورسز کے مابین کرپٹو کرنسیز، آئٹمز، اور دیگر ڈیجیٹل اثاثہ جات کو منتقل کر سکیں۔

تعارف

میٹاورس، ان الفاظ میں سے ایک ہے جس کا تذکرہ لوگ ٹیکنالوجی، کرپٹو کرنسیز، اور انٹرنیٹ پر غور کرتے ہوئے ضرور کرتے ہیں۔ اب بھی میٹاورس کو مکمل طور پر متعارف نہیں کروایا گیا، تاہم یہ بات قابل غور ہے کہ چھوٹے پراجیکٹس اور عالمی کمپنیاں، ڈیجیٹل دنیا کے مستقبل کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں۔

میٹاورس کیا ہے؟

میٹاورس، ایک ایسی مربوط، اور ورچوئل کائنات کا تصور ہے جسے 3D اوتاروں کے ذریعے دریافت کرنا ممکن ہو۔ آپ اسے انٹرنیٹ کی ترقی کا اگلا قدم شمار کر سکتے ہیں، جس میں مزید مشغولیتی اور تعاملاتی تجربات کی پیشکش کی جائے گی۔

میٹاورس میں، آگمینٹڈ ریئیلیٹی (AR)، ورچوئل ریئیلیٹی (VR)، اور بلاک چین جیسی ٹیکنالوجیز شامل ہوتی ہیں۔ جہاں AR صارفین کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ ایک کیمرہ کا استعمال کرتے ہوئے ڈیجیٹل بصری عناصر کو حقیقی شکل دے سکیں، وہیں VR، کمپیوٹر کی جانب سے تخلیق کردہ ورچوئل ماحول قائم کرتی ہے جسے صارفین VR ہیڈ سیٹس کے ذریعے دریافت کرتے ہیں۔ دریں اثناء، بلاک چین ٹیکنالوجی ملکیت کے ڈیجیٹل ثبوت کے ساتھ جائیداد کی ملکیت، ڈیجیٹل سطح پر جمع کاری، اور مالیتی ٹرانسفر کو ممکن بناتی ہے۔

NFT پلیٹ فارمز، جیسے کہ  Binance NFT کی مارکیٹ پلیس بھی گیمنگ پراجیکٹس اور کرپٹو کمیونٹیز کے مابین تعلق فراہم کرتے ہوئے گیمنگ میٹاورس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ مزید براں، کمیونٹی کی جانب سے چلائی جانے والی BNB اسمارٹ چین (BSC) بھی کئی میٹاورس پراجیکٹس کی میزبانی کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، Fortnite نے میٹاورس کا ایک ایسا پلیٹ فارم تیار کیا ہے، جس نے اپنی ورچوئل دنیا میں 350 ملین سے زائد پلیئرز کو مربوط کیا ہے۔

اگرچہ میٹاورس اب بھی زیر تعمیر ہے، تاہم ممکن ہے کہ اس میں گیمنگ کے پلیٹ فارمز سے کئی گنا بڑھ کر توسیع کی جائے۔ مثلاً، ڈیجیٹل شناخت میں استعمال، گھر بیٹھے کام، اور غیر مرکزی نظم کاری محض وہ چند ممکنہ شعبے ہیں جو میٹاورس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

میٹاورس میں کیا کچھ کیا جا سکتا ہے؟

میٹاورس، ایک مشترکہ ورچوئل دنیا تخلیق کرتی ہے جو کہ فزیکل اور ڈیجیٹل حقیقیت کو یکجا کرتی ہے۔ مثلاً، کاروباری ادارے، VR ہیڈ سیٹس کا استعمال کرتے ہوئے مخلوط حقیقت میں کی جانے والی میٹنگز کا اہتمام کرتے ہوئے، یا ایک ہی مقام پر موجود ہوئے بغیر معاہدات پر دستخط کرتے ہوئے میٹاورس کا استعمال کر سکتے ہیں۔

اسی طرح، آپ ورچوئل خانوں کے ساتھ تعامل انجام دیتے ہوئے سودا سلف خرید سکتے ہیں، ورچوئل دوستوں کو اپنی NFT کلیکشنز دکھا سکتے ہیں، اور اپنے گھر کے آرام سے نکلے بغیر آرٹ کی نمائشوں میں جا سکتے ہیں۔

Axie Infinity جیسی کمائی کے لیے کھیلی جانے والی گیمز، اور Gather.town جیسے عملی میل جول کے ٹولز، پہلے سے ہی ورچوئل دنیا کے ممکنہ پہلوؤں کو ثابت کر چکے ہیں۔ یہ صارفین کو تفریح کرنے، لوگوں سے ملنے جلنے، ڈیجیٹل کرنسیز کا استعمال کرتے ہوئے لین دین کرنے، اور حتیٰ کہ کمانے تک کے لیے بھی مدعو کرتے ہیں۔

Decentraland، دوسری جانب ایک ایسی آن لائن، ڈیجیٹل دنیا ہے، جو کہ سماجی عناصر کو کامیابی کے ساتھ کرپٹو کرنسیز اور ایسے NFTs سے یکجا کر دیتی ہے، جو کہ قابل جمع کاسمیٹکس سے لے کر ورچوئل جائیداد تک کسی بھی چیز کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ مثلاً، اگر کوئی پلیئر چاہے، تو وہ Ethereum بلاک چین پر موجود NFTs (نان فنجیبل ٹوکنز) کے طور پر جاری کردہ 16x16 میٹر کے زمینی پارسلز کو خریدنے کے لیے، Decentraland کی مقامی کرپٹو کرنسی، یعنی MANA کو استعمال کر سکتا ہے۔

بالآخر، میٹاورس انسانوں کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ ایک مشترکہ مفاد پر اکٹھے ہو سکیں۔ مثلاً، Fortnite نے کامیابی کے ساتھ Travis Scott کے ورچوئل فلکیاتی کانسرٹ کا اہتمام کیا، جسے دنیا بھر سے 12 ملین سے زائد لوگوں نے سنا۔ ایک عام کانسرٹ کے برعکس، گیمرز نے اپنے اوتار کے ذریعے معروف راپر کے ساتھ تعامل انجام دیا، اور اینیمیٹڈ، 3D مناظر سے لطف اٹھایا۔

کیا اس وقت صرف ایک میٹاورس موجود ہے؟

میٹاروس کا تصور یہ نشاندہی کرتا ہے، کہ اس وقت ایک واحد اور مشترکہ ورچوئل گراؤنڈ ہی موجود ہے، جسے تمام افراد شیئر کرتے ہیں۔ تاہم، جیسا کہ ہم دیکھ چکے ہیں، ایسی کئی میٹاورسز موجود ہیں، جو کہ ایک دوسرے سے الگ ہیں۔

لہٰذا، میٹاورسز کے اس مجموعے میں ہر میٹاورس کا ایک مخصوص فنکشن ہے۔ اسی طرح، جیسا کہ ہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم اپنے صارفین کو مخصوص سروسز فراہم کرتا ہے، یوں ہی میٹاورسز بھی مستقبل کے منفرد امکانات کی پیشکش کرتی ہیں۔ پچھلی مثالوں کی طرح، ممکن ہے کہ ایک میٹاورس گیمنگ کے لیے مخصوص ہو تو دیگر میل جول یا کانسرٹس کے لیے مخصوص ہوں۔

Axie Infinity، Decentraland، اور SecondLive جیسے کرپٹو کے میٹاورس پراجیکٹس، میٹاورس کی تعمیر کی جانب اپنا ایک منفرد لائحہ عمل رکھتے ہیں۔ بلاک چین پر مبنی میٹاورسز کے علاوہ، تکنیکی دنیا کے معروف نام بھی میٹاورس کے تصور کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ مثلاً، Facebook نے اپنا نام تبدیل کر کے Meta رکھا اور میٹاورس سے متعلقہ مواد، سافٹ ویئر، اور AR اور VR ہیڈ سیٹس کی تشکیل میں اربوں ڈالرز لگا دیے۔ اسی طرح، Microsoft، Google، اور Tencent جیسی بڑی کمپنیاں بھی میٹاورس تعمیر کر رہی ہیں اور نئی ٹیکنالوجیز تشکیل دیتے ہوئے اس دوڑ میں شامل ہو رہی ہیں۔

مثالی طور پر، ان تمام میٹاورسز کو باہم عمل کے قابل ہونا چاہیئے۔ میٹاورس کے باہم عمل سے مراد یہ ہے، کہ ایک یا اس سے زائد میٹاورسز بآسانی ایک دوسرے کے ساتھ تعامل انجام دے سکیں اور ڈیٹا کا تبادلہ کر سکیں۔ باہم عمل کے قابل ہونے والی میٹاورسز صارفین کو اس قابل بنائیں گی کہ وہ ایک میٹاورس سے دوسری پر اثاثہ جات کو منتقل کر سکیں، جن میں NFTs اور کرپٹو کرنسیز شامل ہیں۔

بہت سے ڈویلپرز اور پروٹوکولز، میٹاورسز کو مربوط کرنے کے لیے بلاک چین کی ٹیکنالوجی پر قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ سب سے پہلے، یہ غیر مرکزی اور شفاف ہے۔ اور دوسرا یہ، کہ یہ ملکیت کا ڈیجیٹل ثبوت، توثیق، مالیت کی منتقلی، اور رسائی فراہم کر سکتی ہے۔

مثلاً، اگر کمائی کے لیے کھیلی جانے والی دو گیمز باہم عمل کے قابل ہوں، اور ایک ہی بلاک چین پر بنائی جائیں، تو پلیئرز ان کے مابین سوئچ کر سکتے ہیں، اور ان کی ورچوئل اشیاء دونوں گیمز میں قائم اور محفوظ کی جا سکتی ہیں۔ دیگر الفاظ میں، صارفین دونوں ورچوئل دنیاؤں میں اپنی بندوقیں، جلدیں، اور دیگر درون گیم اشیاء استعمال کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں، کرپٹو کرنسیز اور دیگر ڈیجیٹل اثاثہ جات کو مختلف بلاک چین نیٹ ورکس پر منتقل کرنے کے لیے بلاک چین کے برجز کو استعمال کرنے کا امکان بھی موجود ہے۔

مستقبل میں میٹاورسز کی ویب

میٹاورس ابھی تک تیاری کے ابتدائی مراحل میں ہے۔ کوئی نہیں جانتا کہ اس کا نتیجہ کیا ہو گا، تاہم بلا شبہ یہ ٹیکنالوجی کا ایک ایسا شعبہ ہے جو کہ سرمایہ کاران اور ڈویلپرز کو اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔ جیسا کہ ذکر کیا جا چکا ہے، میٹاورس ممکنہ طور پر کئی انفرادی میٹاورسز پر مشتمل ہو گی۔ تاہم، بلاک چین اور کرپٹو کرنسیز جیسی ٹیکنالوجیز، متعدد ورچوئل دنیاؤں کو مربوط کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

آگے جا کر، ممکن ہے کہ ہم مختلف مقاصد کے تحت بنائی گئی کئی میٹاورسز کو ایک واحد میٹاورس کا حصہ بنتے ہوئے دیکھیں۔ مختلف میٹاورسز کی ایک ویب کی تخلیق، مزید مقبولیت کو بھی فروغ دے سکتی ہے۔

اختتامی خیالات

مارکیٹ میں نئے پراجیکٹس کی آمد اور موجودہ پراجیکٹس میں نئی خصوصیات و سروسز کی پیشکش کے ساتھ ساتھ میٹاورس کی ترقی میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔ کرپٹو کی دنیا میں پہلے سے ہی کامیاب میٹاورس پراجیکٹس موجود ہیں، جن میں Decentraland جیسے بلاک چین کے مقامی، اور Fortnite اور Meta جیسی روایتی مارکیٹس کے پلیئرز بھی موجود ہیں۔ AR، VR، بلاک چین، اور دیگر ٹیکنالوجی میں ترقی کے ساتھ، ممکن ہے کہ ہمیں جلد ہی ایک نئی ورچوئل، اور سرحدوں سے عاری میٹاورسز دیکھنے کو ملیں۔