غیر مرکزی اسٹوریج سے کیا مراد ہے؟
ہوم
آرٹیکلز
غیر مرکزی اسٹوریج سے کیا مراد ہے؟

غیر مرکزی اسٹوریج سے کیا مراد ہے؟

جدید
شائع کردہ Mar 16, 2023اپڈیٹ کردہ Mar 31, 2023
7m

TL؛DR

بلاک چین سے تقویت یافتہ، غیر مرکزی اسٹوریج سسٹمز کسی واحد ادارے یا تنظیم کے زیر انتظام روایتی مرکزی اسٹوریج سرورز کے برعکس ہوتے ہیں، اور یہ ڈیٹا کی فائلز کو جغرافیائی لحاظ سے منقسم نوڈز پر پیئر ٹو پیئر (P2P) نیٹ ورکنگ کے ذریعے باہم مربوط رکھتے ہیں۔

بلاک چین ڈیٹا کی فائلز کو نقائص، فریق مخالف کے خطرات، اور یک نکاتی ناکامیوں سے محفوظ رکھنے کا عمل یقینی بناتی ہے، لہٰذا اسے استعمال کرتے ہوئے غیر مرکزی اسٹوریج نیٹ ورکس کو برقرار رکھا جا سکتا ہے اور ان کی سکیورٹی کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ 

تعارف

2006 میں، برطانوی ریاضی دان Clive Humby نے ایک محاورہ وضع کیا یعنی "ڈیٹا تیل کی ایک نئی صورت ہے"۔ یہ بیان پہلے کی نسبت کسی ایسے دور میں زیادہ متعلقہ ہو جاتی ہے جہاں ہمارا ذاتی ڈیٹا ہمارے آن لائن تجربے کے ساتھ نہایت گہری سطح پر منسلک ہو چکا ہے۔

آجکل، ہماری ڈیجیٹل شناخت کو عملی شکل دینے والے ڈیٹا کو عام طور پر ایک مرکزی طریقے سے اسٹور کیا جاتا ہے۔ اگرچہ اسٹوریج کے مرکزی حل زیادہ قابل رسائی ہیں، لیکن وہاں صارفین کو اس ضمن میں مکمل کنٹرول حاصل نہیں ہوتا کہ وہ کون سا ڈیٹا شیئر کرنا چاہتے ہیں اور وہ کیسے شیئر کرنا چاہتے ہیں، جس کے نتیجے میں یہ ڈیٹا ممکنہ طور پر خسارے، رازداری کی خلاف ورزیوں، اور سائبر حملوں کے لیے زد پذیر ہو جاتا ہے۔ 

تاہم، Web3 کی آمد نے ہمارے ایک دوسرے کے ساتھ آن لائن تعامل کرنے کا انداز تبدیل کر دیا ہے، اور بلاک چین ٹیکنالوجی نے اس تبدیلی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ 

بلاک چین سے تقویت یافتہ ایپلیکیشنز اعتماد یافتہ فریق ثالث کی ضرورت کے بغیر آزادانہ طور پر چلتی ہیں، جس کے نتیجے میں ایک ایسا غیر مرکزی انٹرنیٹ تشکیل پاتا ہے جہاں صارفین اپنے زیادہ سے زیادہ ڈیٹا اور آن لائن تجربات کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔ مزید برآں، غیر مرکزی اسٹوریج کے منظر عام پر آنے کے بعد، صارفین اپنے ڈیٹا کو واحد مرکزی سرور کے بجائے ایک منقسم انداز میں اسٹور کر سکتے ہیں اور اس تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ 

مرکزی بمقابلہ غیر مرکزی اسٹوریج

مرکزی اسٹوریج

کئی سالوں سے مرکزی ڈیٹا اسٹوریج کا رواج عام چلا آ رہا ہے۔ اسٹوریج کے اس طریقہ کار میں ایک فراہم کنندہ واحد سرور یا سرورز کے گروپ پر ڈیٹا کا نظم کرتا ہے اور اسے برقرار رکھتا ہے، جو سب کچھ عموماً ایک ہی جگہ پر وقوع پذیر ہوتا ہے۔

اس طریقے سے ڈیٹا تک بآسانی رسائی حاصل ہو سکتی ہے اور اس کا نظم ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، کلاؤڈ اسٹوریج عام طور پر ایک مرکزی حل ہوتا ہے جہاں ڈیٹا کو کسی ایک تنظیم، جیسے Amazon، Google، یا Dropbox کے زیر انتظام سرورز پر رکھا جاتا ہے۔

مرکزی ڈیٹا اسٹوریج کے اندر سکیورٹی کے تناظر میں، ڈیٹا کو عام طور پر 128 bit SSL ٹیکنالوجی کے ذریعے اس وقت مرموز کیا جاتا ہے جب یہ آپ کے کمپیوٹر سے مرکزی اسٹوریج سرور پر منتقل ہوتا ہے۔ ایک مرتبہ جب یہ مرکزی اسٹوریج پر پہنچ جاتا ہے تو اسے 256 bit مرموز کاری کے ساتھ بھی مرموز کیا جا سکتا ہے۔

غیر مرکزی اسٹوریج

تاہم، مرکزی ڈیٹا اسٹوریج کے کچھ کمزور پہلو بھی ہیں۔ سکیورٹی اقدامات خواہ کیسے ہی سخت کیوں نہ ہوں، مرموز کاری کی کلیدیں بہرطور اسٹوریج پلیٹ فارم کے پاس ہوتی ہیں۔ اس وجہ سے رسائی، شفافیت، اور کنٹرول کے ضمن میں ممکنہ خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ مزید برآں، چونکہ ہر چیز ایک ہی جگہ پر رکھی جاتی ہے اس لیے ہیکرز یک نکاتی ناکامی کو آزمانے کے لیے نسبتاً زیادہ آسانی سے ہدف بنا سکتے ہیں اور ڈیٹا کی بڑی مقدار تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ 

دوسری طرف، غیر مرکزی سسٹمز ڈیٹا کو کسی واحد مقام کے بجائے کمپیوٹرز کے جغرافیائی طور پر منتشر نیٹ ورک پر اسٹور کرتے ہیں۔ اس طرح کسی مرکزی سرور یا فراہم کنندہ پر انحصار کیے بغیر ڈیٹا کی بڑی مقداروں کو اسٹور کرنا ممکن ہو جاتا ہے، جس سے سینسرشپ اور رازداری کی مداخلت جیسے ممکنہ مسائل کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ 

غیر مرکزی اسٹوریج کیسے کام کرتی ہے؟

غیر مرکزی اسٹوریج میں ڈیٹا کو ایک سے زیادہ کمپیوٹرز یا P2P نیٹ ورک جیسا کہ BitTorrent یا InterPlanetary File System (IPFS) پروٹوکول سے مربوط نوڈز میں اسٹور کرنا شامل ہے۔

غیر مرکزی اسٹوریج سسٹم پر اپلوڈ کردہ ڈیٹا کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے اور اسٹوریج کے لیے پورے نیٹ ورک میں متعدد نوڈز پر بھیج دیا جاتا ہے۔ اگر آپ کو اپنی ڈیٹا فائل بازیافت کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے، تو یہ نیٹ ورک اسے اسٹور کرنے والی انفرادی نوڈز میں موجود منقسم اجزاء کو باہم یکجا کرے گا، اور انہیں ازسرِنو جوڑ دے گا تاکہ آپ ڈاؤن لوڈ کر سکیں۔ 

مزید برآں، غیر مرکزی اسٹوریج سسٹم میں موجود نوڈز فائلز کو دیکھ یا تبدیل نہیں کر سکتی ہیں کیونکہ ایک کرپٹوگرافک ہیش میکانزم نیٹ ورک پر اسٹور کردہ تمام ڈیٹا کو خود کار طور پر مرموز کر دیتا ہے۔ صارفین پر لازم ہے کہ وہ اپنے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے لیے اپنی نجی کلیدوں کو بروئے کار لائیں اور غیر مجاز اداروں کو معلومات کی بازیافت سے روکیں۔ 

مرکزی اسٹوریج کے مقابلے میں غیر مرکزی اسٹوریج کے فوائد

غیر مرکزی ڈیٹا اسٹوریج کچھ ایسے مسائل کو دور کرسکتا ہے جو روایتی مرکزی اسٹوریج سرورز کو درپیش ہوتے ہیں۔ یہاں پر چند ایسے فوائد بیان کیے گئے ہیں جو غیر مرکزی اسٹوریج نیٹ ورکس کو اپنے مرکزی فریقین مخالف پر حاصل ہوتے ہیں۔

بہتر سکیورٹی اور رازداری

چونکہ روایتی مرکزی اسٹوریج نیٹ ورکس کا تمام ڈیٹا ایک ہی مقام پر رکھا جاتا ہے، اس لیے یہ سائبر حملوں کے خطرے سے زیادہ زد پذیر ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس، چونکہ غیر مرکزی اسٹوریج سسٹمز کا ڈیٹا واحد سرور پر رہنے کے بجائے متعدد نوڈز میں تقسیم ہوتا ہے اس لیے یہ زیادہ مضبوط سکیورٹی کی پیشکش کرتے ہیں۔

اس وجہ سے ہیکرز کے لیے غیر مرکزی نیٹ ورک پر حملہ کرنا اور معلومات حاصل کرنے کا عمل نسبتاً مشکل ہو جاتا ہے۔ مزید برآں، صارفین کو غیر مرکزی سسٹم میں ڈیٹا اسٹور کرنے کے لیے ذاتی معلومات جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہے، اس لیے یہاں شناخت خفیہ رکھنے کا ایک اضافی فائدہ بھی موجود ہے۔

یک نکاتی ناکامی کی عدم موجودگی

اگرچہ مرکزی ڈیٹا اسٹوریج نیٹ ورکس تک رسائی اور ان کی نظم کاری آسان عمل ہے، لیکن وہ ٹرانسمیشن کے ایسے نقائص سے زد پذیر ہوتے ہیں جو ممکنہ طور پر ڈیٹا کے نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔ ایک غیر مرکزی اسٹوریج نیٹ ورک متعدد مربوط شدہ نوڈز پر مشتمل ہوتا ہے، جو زیادہ اضافی پن اور خطرے کی برداشت فراہم کرتا ہے تاکہ اگر بالفرض کوئی ایک نوڈ ناکام بھی ہو جائے تب بھی صارفین نیٹ ورک پر موجود دیگر نوڈز کے ذریعے ڈیٹا تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

ڈاؤن لوڈ کی تیز تر رفتاریں

اگر مرکزی اسٹوریج کے نیٹ ورک پر ٹریفک گنجائش سے بڑھ جائے، تو اس پر رکاوٹیں درپیش ہو سکتی ہیں۔ غیر مرکزی اسٹوریج بلاک چین ٹیکنالوجی کی بدولت، بینڈوتھ کے استعمال کو ممکنہ طور پر کم کر سکتی ہے کیونکہ اس میں ڈیٹا فائلز کو اسٹور کرنے والی نوڈز عالمگیر سطح پر پھیلے ہوتے ہیں۔

نسبتاً کم لاگت

غیر مرکزی سسٹم پر ڈیٹا کی ہوسٹنگ کرنے والی کئی نوڈز موجود ہوتی ہیں، اس لیے یہاں مرکزی کے مقابلے میں زیادہ اسٹوریج دستیاب ہوتی ہے۔ جب اسٹوریج کے پہلے سے موجود مرکزی پلیٹ فارمز کے ساتھ موازنہ کیا جائے، تو یہ عام طور پر کم تر لاگت پر منتج ہوتے ہیں، بالخصوص ایسے چھوٹے صارفین اس سے استفادہ کر سکتے ہیں جو توسیع کی مناسبت سے لاگت میں کمی سے فائدہ نہیں حاصل کر سکتے۔ 

ڈیٹا کی اضافی سالمیت

ڈیٹا کی سالمیت کا مطلب اس امر کی اہلیت ہے کہ ڈیٹا اپنے مکمل عرصہ حیات کے دوران یکساں خصوصیات کو برقرار رکھے گا۔ مرکزی اسٹوریج سسٹمز کے اندر ڈیٹا کی سالمیت کو برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا ہے کیونکہ اگر سرور میں کوئی خرابی آ جائے یا ویب پیج کسی دوسرے مقام پر منتقل ہو جائے تو ڈیٹا عدم دستیاب ہو جاتا ہے۔ غیر مرکزی اسٹوریج کی صورت میں، ڈیٹا لامحدود مدت تک قابل رسائی رہ سکتا ہے اور، ہیشنگکے ذریعے برقرار رہتا ہے۔

غیر مرکزی اسٹوریج کے کمزور پہلو کیا ہیں؟

اگرچہ غیر مرکزی ڈیٹا اسٹوریج کو مرکزی سسٹمز کے مقابلے میں فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، لیکن کچھ ایسی کمزوریاں بھی موجود ہیں جو درج بالا فوائد سے متصادم ہو سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر، چونکہ غیر مرکزی اسٹوریج سسٹمز ڈیٹا کو اسٹور کرنے اور بازیافت کرنے کے لیے نوڈز کے ایک نیٹ ورک پر انحصار کرتے ہیں، اس لیے رسائی کے اوقات مرکزی اسٹوریج سسٹمز کے مقابلے میں سست رفتار ہو سکتے ہیں۔ 

اسی طرح، اگرچہ غیر مرکزی اسٹوریج ڈیٹا کی ملکیت کے نقطہ نظر سے مرکزی سسٹمز کی نسبت زیادہ محفوظ ہو سکتی ہے، لیکن یہ سیکورٹی اور دیگر خطرات سے محفوظ نہیں ہے۔ مشتبہ نوڈز نیٹ ورک پر اسٹور کردہ ڈیٹا کی حفاظت پر سمجھوتہ کر سکتی ہیں۔ مزید برآں، غیر مرکزی اسٹوریج سسٹمز درست انداز میں کام کرنے کے لیے نیٹ ورک کے انفراسٹرکچر پر انحصار کرتے ہیں۔ اس طرح، نیٹ ورک پر بندشوں کی صورت میں نیٹ ورک پر اسٹور کردہ ڈیٹا کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے۔

مرکزی اسٹوریج میں معیار کی یکسانیت کا فقدان بھی موجود ہے۔ مختلف پروٹوکولز مختلف مرموز کاری کے طریقے اور منظوری کے میکانزمز استعمال کر سکتے ہیں، جس کی وجہ سے باہمی تعامل کی استعداد کو یقینی بنانا دشوار ہو جاتا ہے۔ علاوہ ازیں، غیر مرکزی اسٹوریج سسٹمز میں مرموز کاری اور کلیدی نظم کاری کے ساتھ وابستہ خطرات ابھی تک حل طلب ہیں۔

اختتامی خیالات 

اگرچہ غیر مرکزی اسٹوریج ابھی تک ایک ترقی پذیر ٹیکنالوجی ہے جس نے ابھی تک عوامی مقبولیت حاصل نہیں کی، تاہم یہ Web3 پر مبنی انقلاب کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ چونکہ صارفین ڈیٹا اسٹور کرنے کے لیے زیادہ سستے، موثر، اور محفوظ میکانزم کی تلاش میں ہیں، اس لیے BitTorrent جیسے غیر مرکزی پلیٹ فارمز توقع سے پہلے مقبولیت حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید برآں، ڈیٹا کی خلاف ورزیوں، اسٹوریج کے بڑھتے ہوئے اخراجات، اور روایتی ڈیٹا اسٹوریج اسپیس میں موجود سینسر شپ کی وجہ سے اکثر لوگ غیر مرکزی پراڈکٹس کی جانب مائل ہو سکتے ہیں۔ بہر حال، اگرچہ غیر مرکزی اسٹوریج اپنے مرکزی فریق مخالف کو درپیش بعض مسائل کو حل کرنے میں مدد کر سکتا ہے، لیکن اس کے باوجود اس کی کچھ اپنی حد بندیاں بھی ہیں۔ موجودہ وقت میں، مرکزی اسٹوریج اکثر لوگوں کے لیے بدستور ایک پُرکشش حل ہے، اور اگر غیر مرکزی اسٹوریج زیادہ مقبولیت حاصل کر بھی لے، تب بھی مارکیٹ میں اس کا خاطر خواہ شیئر موجود رہے گا۔

مزید مطالعہ 


اعلامیہ اور خطرے کا انتباہ: یہ مواد آپ کو کسی قسم کی نمائندگی اور ضمانت کے بغیر، صرف عام معلومات اور تعلیمی مقاصد کے لیے "جوں کا توں" کی بنیاد پر پیش کیا گیا ہے۔ اس کو مالی، قانونی یا دیگر پیشہ ورانہ مشورہ نہ سمجھا جائے، اور نہ ہی اس کا مقصد کسی خاص پراڈکٹ یا سروس کی خریداری کی تجویز دینا ہے۔ آپ کو موزوں پیشہ وران مشاورت کاران سے اپنا ذاتی مشورہ حاصل کرنا چاہیئے۔ براہ کرم نوٹ کریں کہ جب یہ آرٹیکل فریق ثالث کے تعاون کنندہ کی جانب سے جمع کروایا گیا ہو، تو جن خیالات کا اظہار کیا گیا ہے وہ فریق ثالث سے تعلق رکھتے ہیں اور ضروری نہیں کہ وہ Binance اکیڈمی کے نطریات کی عکاسی کریں۔ براہِ کرم مزید تفصیلات کے لیے یہاں سے ہمارا مکمل اعلامیہ پڑھیں۔ ڈیجیٹل اثاثے کی قیمتیں تغیر پذیر ہو سکتی ہیں۔ آپ کی سرمایہ کاری کی قدر میں نفع یا نقصان ہو سکتا ہے، اور ہو سکتا ہے کہ آپ کو وہ رقم واپس نہ ملے جو آپ نے سرمایہ کاری میں لگائی تھی۔ آپ اپنی سرمایہ کاری کے فیصلوں کے از خود ذمہ دار ہیں اور Binance اکیڈیمی آپ کو ہونے والے کسی بھی قسم کے نقصانات کے لیے جوابدہ نہیں ہے۔ اس مواد کو مالی، قانونی، یا دیگر پیشہ ورانہ مشورے کے طور پر نہیں گردانا جانا چاہیئے۔ مزید معلومات کے لیے، ہماری استعمال کی شرائط اور خطرے کا انتباہ ملاحظہ کریں۔