TL؛DR
Binance اسمارٹ چین (BSC) Go Ethereum (Geth) پروٹوکول کا ہارڈ فورک ہے، اور اسی لیے، اس میں متعدد چیزیں Ethereum بلاک چین سے مماثل ہیں۔ تاہم، BSC ڈویلپرز نے چند اہم شعبوں میں خاطر خواہ تبدیلیاں کی ہیں۔ سب سے بڑی تبدیلی BSC کا مفاہمتی میکانزم ہے، جو کہ سستی اور تیز تر ٹرانزیکشنز کی اجازت دیتا ہے۔
تعارف
پہلی نظر میں، Binance اسمارٹ چین (BSC) اور Ethereum ایک جیسے معلوم ہوتے ہیں۔ BSC پر بنائی گئی DApps اور ٹوکنز Ethereum ورچوئل مشین (EVM) کے ساتھ مطابقت پذیر ہوتے ہیں۔ شاید آپ نے غور کیا ہو کہ آپ کے عوامی والیٹ کے ایڈریسز، دونوں بلاک چینز پر ایک ہی جیسے ہیں۔ حتیٰ کہ ایسے کراس چین پراجیکٹس بھی ہیں جو دونوں نیٹ ورکس پر کام کرتے ہیں۔ تاہم، دونوں چینز کے درمیان چند ایک واضح فرق موجود ہیں۔ اگر آپ سوچ رہے ہیں، کہ آپ کو کون سی استعمال کرنی ہے، تو ان کے درمیان موجود فرق کو جاننا اور سمجھنا بہترین ہو گا۔
بلاک چین ٹریفک اور DApp ایکو سسٹم
جون 2021 تک، Ethereum، BSC پر 810 کی نسبت، بلاک چین پر 2800 سے بھی زائد DApps کی میزبانی کر رہا تھا۔ یہ ایک واضح فرق ہے، تاہم BSC کے وجود کی کم مدت کو مدنظر رکھتے ہوئے، یہ ایک مضبوط اور بڑھتے ہوئے ایکو سسٹم کو ظاہر کرتا ہے۔
فعال ایڈریسز بھی آن چین موجود ایک قابل غور اور اہم میٹرک ہیں۔ ایک نئی بلاک چین ہونے کے باوجود، BSC نے 7 جون، 2021 کو ایڈریسز میں 2,105,367 تک کا اضافہ ریکارڈ کیا – جو کہ 9 مئی، 2021 کو Ethereum کے اب تک کے اعلیٰ ترین 799,580 ایڈریسز کی دگنی سے بھی زائد تعداد ہے۔
لہٰذا اچانک ہی BSC میں اس متاثر کن ترقی کا کیا سبب ہے؟ ایک بڑی حد تک اس کا سہرا، تصدیق کے تیز تر اوقات، اور کم فیس کو جاتا ہے۔ BSC کی ترقی کا تعلق NFTs کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور ٹرسٹ والیٹ اور MetaMask جیسے مقبول کرپٹو والیٹس کے ساتھ مطابقت پذیری سے بھی ہو سکتا ہے۔
اگر ہم روزمرہ کی ٹرانزیکشنز پر نگاہ ڈالیں، تو ان دونوں کے درمیان ایک اور بڑا فرق موجود ہے۔ BSC پر، صارفین کے لیے اپنے فنڈز کی منتقلی اور اسمارٹ معاہدہ جات کے ساتھ تعامل انجام دینے کا عمل تیز اور سستا ہوتا ہے۔ ذیل میں آپ BSC کی تقریباً 12 ملین پر مشتمل یومیہ ٹرانزیکشنز کی اعلیٰ ترین سطح اورچار ملین پر مشتمل اس کا موجودہ اسٹیٹس ملاحظہ کر سکتے ہیں۔
دوسری طرف، Ethereum نے کبھی بھی یومیہ 1.75 ملین ٹرانزیکشنز سے تجاوز نہیں کیا۔ وہ صارفین جو اپنے فنڈز کو باقاعدگی سے منتقل کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے BSC ہی مقبول ترین انتخاب معلوم ہوتا ہے۔ یومیہ ٹرانزیکشنز کو، فعال ایڈریسز کے سیاق و سباق میں بھی دیکھے جانے کی ضرورت ہے۔ اس تحریر کے وقت، BSC کے ایسے صارفین کی بھی ایک وسیع تعداد موجود ہے جو اوسطاً زیادہ ٹرانزیکٹ کرتے ہیں۔
Ethereum اور BSC پر سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی DeFi DApps
غیر مرکزی فنانس کی صورت میں، بلاک چینز کی مطابقت پذیری کی وجہ سے BSC اور Ethereum کے درمیان ایک بڑے پیمانے پر DApp کراس اوور واقع ہوتا ہے۔ ڈویلپرز، بآسانی ایپلیکیشنز کو Ethereum سے BSC پر پورٹ کر سکتے ہیں، اور نئے BSC پراجیکٹس، ایک مختلف نام کے ساتھ، Ethereum سے اوپن سورس کوڈ کو اکثر دوبارہ استعمال کر سکتے ہیں۔ آئیے، DAppRadar پر صارفین کے لحاظ سے، Ethereum پر پانچ اولین DApps کا جائزہ لیتے ہیں۔
یہاں آپ دو خودکار مارکیٹ میکرز (Uniswap اور SushiSwap)، ایک کرپٹو گیم (Axie Infinity)، اور پیئر ٹو پیئر مارکیٹ پلیس (OpenSea) کا مرکب ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ اگر آپ BSC کے پانچ مقبول ترین پر نگاہ ڈالیں، تو آپ کو بہت ساری چیزیں مماثل نظر آئیں گی۔
PancakeSwap کو Uniswap کے ہارڈ فورک کے طور پر تخلیق کیا گیا تھا۔ Autofarm اور Pancake Bunny منافع جاتی فارمز ہیں – ایک ایسا زمرہ جو ہمیں Ethereum کے مقبول پانچ میں نظر نہیں آتا۔ Biswap اور Apeswap دونوں خودکار مارکیٹ میکرز ہیں۔ چوںکہ BSC پر فیس بہت کم اور ٹرانزیکشنز نہایت تیز ہوتی ہیں، چنانچہ Binance اسمارٹ چین پر منافع جاتی فارمز زیادہ باصلاحیت ہوتے ہیں۔ یہ عوامل BSC صارفین کے لیے ان کو زیادہ مقبول بناتے ہیں۔
کرپٹو گیمز کی صورت میں، Ethereum حقیقی طور پر وہاں پر موجود مقبول ترین عنوانات کا گھر ہے۔ حالاںکہ BSC پر ایسے پراجیکٹس موجود ہیں جو CryptoKitties اور Axie Infinity سے بہت زیادہ مماثل ہیں، تاہم وہ پھر بھی Ethereum پر کلاسک گیمز جتنی سامعین کی بڑی تعداد کو جمع کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔
نیٹ ورکس کے مابین ٹرانسفرز
اگر آپ نے اپنے والیٹ میں BEP-20 یا ERC-20 ڈپازٹ کیے ہیں، تو آپ نے غور کیا ہو گا کہ آپ کے Ethereum اور BSC والیٹ کے ایڈریسز ایک جیسے ہیں۔ جیسا کہ، مثلاً، اگر آپ ایکسچینج سے اپنے ٹوکن نکلواتے وقت غلط نیٹ ورک کا انتخاب کرتے ہیں، تو آپ ان کو بآسانی کسی اور بلاک چین سے بحال کر سکتے ہیں۔
اگر آپ حادثاتی طور پر BSC سے ERC-20 ٹوکن نکلواتے ہیں، تو آپ ان کو اب بھی متعلقہ BSC ایڈریس میں ڈھونڈ سکتے ہیں۔ اگر آپ حادثاتی طور پر BSC سے Ethereum میں ٹوکنز بھیجتے ہیں تو آپ اسی عمل کاری کو انجام دے سکتے ہیں۔ دونوں صورتوں میں، خوش قسمتی سے آپ مستقل طور پر اپنے فنڈز سے محروم نہیں ہوتے۔ مزید تصیلی رہنمائی کے لیے، Binance میں غلط نیٹ ورک پر ٹرانسفر کردہ کرپٹو کو کس طرح بحال کریںکو ملاحظہ کریں۔۔
ٹرانزیکشن فیس
BSC اور Ethereum ٹرانزیکشن فیس کے لیے گیس ماڈلاستعمال کرتے ہیں جو ٹرانزیکشن کی پیچیدگی کی پیمائش کرتا ہے۔ BSC صارفین گیس کی قیمت نیٹ ورک کی ضرورت کے مطابق سیٹ کر سکتے ہیں، اور مائنرز گیس کی زائد قیمتوں کے ساتھ ٹرانزیکشنز کو ترجیح دیں گے۔ تاہم، Ethereum کے لندن ہارڈ فورک میں کچھ ترامیم شامل ہوتی ہیں جو ممکنہ طور پر زائد فیس کی ضرورت کو ختم کریں گی۔
Ethereum اپ ڈیٹ فی بلاک بنیادی فیس کے ساتھ قیمت کا ایک نیا میکانزم تخلیق کرتا ہے۔ ٹرانزیکشنز کی ضرورت پر انحصار کرتے ہوئے، اور صارفین کا از خود گیس کی قیمت طے کرنے کی ضرورت کو ختم کرتے ہوئے بنیادی قیمت تبدیل ہوتی ہے۔
تاریخی لحاظ سے، Ethereum کی گیس کی فیس BSC سے ہمیشہ زیادہ رہی ہے۔ اب تک کی بلند ترین اوسط مئی 2021 میں دیکھی گئی، جو کہ 68.72$ تھی۔ یہ رجحان تبدیل ہونا شروع ہو چکا ہے، لیکن Ethereum اب بھی زیادہ مہنگی ہے۔
آئیے، بہتر طور پر سمجھنے کے لیے Etherscan سے Ethereum کی اوسط لاگتوں پر نگاہ ڈالتے ہیں۔ تین اولین اعداد و شمار Ethereum پر گیس کی موجودہ قیمتوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ BSC اور Ethereum، دونوں کے لیے، ایک Gwei حسبِ ترتیب 0.000000001 BNB یا ETH کے مساوی ہوتا ہے۔ اگر آپ کم قیمت ادا کرتے ہیں، تو آپ کی ٹرانزیکشن مکمل ہونے میں کافی وقت لے گی۔
کسی اور والیٹ میں ERC-20 ٹوکن کے ایک عام ٹرانسفر کے لیے، اس تحریر کے وقت اوسط قیمت 2.46$ ہے۔ متعدد ٹرانزیکشنز پر مبنی Uniswap کا لیکویڈیٹی پول استعمال کرتے ہوئے یہ عدد بڑھ کر 7.58$ تک چلا جاتا ہے۔
ذیل میں، ہم BSC پر محض 0.03$ فیس کی ٹرانزیکشن ملاحظہ کر سکتے ہیں، جو کہ Ethereum گیس ٹریکر میں ERC-20 کے ٹرانسفر کے مساوی ہے۔ BSC نے ٹرانزیکشن (21,000) کی طرف سے استعمال کی جانے والی گیس کو گیس کی قیمت (5 Gwei) کے ساتھ ضرب دے کر اس کا شمار کیا ہے۔
ٹرانزیکشن کا وقت
بلاک چینز پر ٹرانزیکشن کے اوسط اوقات کی پیمائش کرنا تھوڑا پیچیدہ ہو سکتا ہے۔ اگرچہ، اُس صورت میں ٹرانزیکشن مکمل ہو جاتی ہے جب مائنرز اس بلاک کی توثیق کر لیتے ہیں جس میں وہ موجود ہوتی ہے، تاہم دیگر عوامل آپ کے انتظار کے وقت پر اثرانداز ہو سکتے ہیں:
اگر آپ نے معقول حد تک اپنی فیس زیادہ پر سیٹ نہیں کی، تو ہو سکتا ہے کہ مائنرز آپ کی ٹرانزیکشن میں تاخیر کریں یا اسے سرے سے بلاک میں شامل ہی نہ کریں۔
بلاک چین کے ساتھ مزید پیچیدہ تعاملات کے لیے کئی ساری ٹرانزیکشنز کی ضرورت ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر، لیکویڈیٹی پول میں لیکویڈیٹی شامل کرنا۔
زیادہ تر سروسز بلاکس کی ایک مخصوص تعداد کی تصدیق ہونے کے بعد ہی ٹرانزیکشن کو درست قرار دیں گی۔ یہ اضافی تصدیق، نیٹ ورک کی جانب سے بلاک کے مسترد ہو جانے کی صورت میں مرچنٹس اور سروس کے فراہم کنندگان کی ادائیگیاں واپس ہو جانے کا خطرہ کم کر دیتی ہے۔
اگر ہم Ethereum کے لیے اوپر دی گئی گیس کی شماریات پر نگاہ ڈالیں، تو ہم دیکھ سکتے ہیں کہ ٹرانزیکشن کا وقت 30 سیکنڈز سے 16 منٹس تک محیط ہے۔ یہ اعداد کامیاب ٹرانزیکشنز کو مدنظر رکھتے ہیں، تاہم اضافی تصدیق کے تقاضوں کو نہیں۔
مثال کے طور پر، اگر آپ اپنے Binance اکاؤنٹ میں ETH (ERC-20) ڈپازٹ کرواتے ہیں، تو آپ کو نیٹ ورک کی 12 بار تصدیق ہونے تک انتظار کرنا ہو گا۔ جیسا کہ آپ ذیل میں دی گئی ڈایاگرام میں دیکھ سکتے ہیں، تقریباً ہر 13 سیکنڈز بعد ایک بلاک کی مائننگ کے ساتھ، اپنے اسپاٹ والیٹ میں ETH ڈپازٹ کرتے ہوئے اس میں مزید 156 سیکنڈز کا اضافہ ہو جائے گا۔
BSC پر، بلاک کا اوسط وقت 3 سیکنڈ ہے۔ جب ہم اس کا موازنہ Ethereum کے 13 سیکنڈز کے ساتھ کرتے ہیں، تو ہمیں رفتار میں تقریباً 4.3 گنا بہتری دکھائی دیتی ہے۔
معاہداتی میکانزم
اگرچہ Ethereum کا پروف آف ورک (PoW) پر مشتمل مفاہمتی میکانزم Bitcoin سے مماثلت رکھتا ہے، تاہم، یہ BSC کے اسٹیک کردہ اتھارٹی کے ثبوت (PoSA) سے بہت حد تک مختلف ہے۔ تاہم، یہ فرق زیادہ دیر تک نہیں رہے گا۔ Ethereum 2.0 کے ساتھ، اس کی بجائے نیٹ ورک ایک پروف آف اسٹیک (PoS) پر مبنی میکانزم کا استعمال کرے گا۔
BSC کا PoSA، پروف آف اتھارٹی (PoA) اور ڈیلیگیٹڈ پروف آف اسٹیک (DPoS) کے پہلوؤں کو یکجا کرتا ہے۔ 21 توثیق کار اپنی باری پر بلاکس تیار کرتے ہیں، اور اس کے عوض، انعام کے طور پر BNB کی ٹرانزیکشن فیس حاصل کرتے ہیں۔ توثیق کار بننے کے لیے ایک نوڈ چلانے اور منتخب کردہ امیدوار بننے کے لیے کم سے کم 10,000 BNB اسٹیک کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
دوسرے صارفین، جن کو تفویض کاران کہا جاتا ہے، ایک منتخب کردہ امیدوار کے پیچھے BNB اسٹیک کرتے ہیں۔ اس کے بعد، اسٹیک کی تعداد کے لحاظ سے منتخب کردہ اولین 21 امید وار، باریاں لے کر بلاکس پر عمل درآمد کریں گے۔ یہ پورا عمل، ہر 24 گھنٹے کے بعد دہرایا جاتا ہے۔ تفویض کاران، توثیق کاران کو حاصل ہونے والے انعامات میں سے بھی حصہ وصول کرتے ہیں۔
Ethereum کا PoW یکسر مختلف سسٹم ہے۔ کمیونٹی کے توثیق کاران کو منتخب کرنے کی بجائے، کمپیوٹیشنل پزل کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس میں کوئی بھی حصہ لے سکتا ہے، لیکن انہیں مائننگ کا مخصوص سازوسامان خریدنے یا کرائے پر لینے کی ضرورت ہو گی۔ آپ کی کمپیوٹیشن پاور جتنی زیادہ ہو گی، آپ کا سب سے پہلے پزل حل کرنے اور بلاک کی توثیق کرنے کا امکان اتنا ہی بڑھ جائے گا۔ کامیاب مائنرز کو ٹرانزیکشن فیس اور ETH کا انعام ملتا ہے۔
اگرچہ PoW مفاہمت تخلیق کرنے اور نیٹ ورک کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کا ایک مؤثر طریقہ ہے، تاہم ڈویلپرز نے دیگر میکانزمز کا استعمال بھی دریافت کیا ہے۔ ان کا ہدف سکیورٹی پر سمجھوتہ کیے بنا مزید مؤثر اور ماحول دوست متبادل تلاش کرنا ہے۔
ان وجوہات کی بناء پر، Ethereum نیٹ ورک بالآخر پروف آف اسٹیک پر سوئچ ہو جائے گا۔ توثیق کاران، بلاکس بنانے کا موقع حاصل کرنے کے لیے ETH اسٹیک کریں گے۔ دیگر توثیق کاران بلاک کی "تصدیق" کریں گے اور اس امر کی پڑتال کریں گے کہ آیا یہ درست ہے۔ اگر کوئی غلط ٹرانزیکشنز پر مبنی بلاک بناتا ہے، تو ان کے تمام اسٹیک کردہ کوائنز ضائع ہو جانے کا خطرہ ہو گا۔ پھر توثیق کاران کو کامیاب بلاکس اور کی جانے والی تصدیق کے بدلے انعامات موصول ہوں گے۔ ETH کی بڑی رقوم کو براہ راست ڈپازٹ اور اسٹیک کرتے ہوئے، مشکوک توثیق کاران کے فنڈز ضائع ہو جانے کا امکان ہو گا۔
اختتامی خیالات
یہ واضح ہے کہ Binance اسمارٹ چین اور Ethereum میں بہت سی چیزیں مماثل ہیں۔ کسی حد تک، یہی وہ چیز ہے جس نے Ethereum کے صارفین کے لیے BSC پر منتقلی اور BSC کے ساتھ تجربے کا آغاز آسان بنا دیا ہے۔ لیکن ان مماثلتوں کے باوجود، BSC نے کارکردگی اور صلاحیت کو آزمانے اور بہتر بنانے کے لیے دلچسپ تبدیلیوں کو اختیار کیا ہے۔ اسٹیک کردہ اتھارٹی کے ثبوت (PoSA) کے مفاہمتی میکانزم نے صارفین کے لیے بلاک چین کی مزید سستی اور تیز تر ٹرانزیکشنز سے مستفید ہونے کو ممکن بنا دیا ہے۔