TL؛DR
کوئی نئی کرپٹو کرنسی تخلیق کرتے وقت، آپ ایک کوائن یا ٹوکن بنانے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ کوائن اپنی ذاتی بلاک چین کا حامل ہوتا ہے، جبکہ ٹوکن کو پہلے سے موجود نیٹ ورک پر بنایا جاتا ہے۔ کرپٹو کرنسیز اپنی سکیورٹی اور غیر مرکزی ماہیت کے لیے بلاک چینز پر انحصار کرتی ہیں۔
ٹوکن تخلیق کرنے کے لیے کرپٹو کوائن بنانے کے مقابلے میں کم مہارت اور کوشش درکار ہوتی ہے۔ کسی کوائن کو بنانے کے لیے عام طور پر ڈویلپرز اور ماہرین کی ایک ٹیم درکار ہو گی۔ اس کے باوجود ٹوکن کے لیے تکنیکی معلومات کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن دیگر بلاک چینز، جیسے Ethereum، Binance اسمارٹ چین، Solana، اور Polygon کے استعمال سے انہیں منٹوں میں بنایا جا سکتا ہے۔
آپ کی جانب سے کسی ٹوکن یا کوائن کا انتخاب تبدیل ہو سکتا ہے جس کا دارومدار آپ کو مطلوب حسبِ منشا بنانے کی صلاحیت اور سہولت پر ہو گا۔ مجموعی طور پر، اس میں شامل اخراجات کا دارومدار مطلوبہ کام، جیسا کہ بیرونی ڈویلپرز اور وقت پر ہوتا ہے۔
Ethereum اور Binance اسمارٹ چین، ڈیجیٹل کرنسی تخلیق کرنے کے لیے مقبول بلاک چینز ہیں۔ آپ یا تو ذاتی طور پر ٹوکنز بنانے کے لیے پہلے سے قائم شدہ کوڈ کو استعمال کر سکتے ہیں یا کوائن تخلیق کرنے کی سروس استعمال کرنے کے لیے ادائیگی کر سکتے ہیں۔ سائیڈ چینز ایک اور مقبول انتخاب ہیں کیونکہ یہ بلاک چین کے بنیادی فوائد کے ساتھ حسبِ منشا بنانے کی زیادہ صلاحیت فراہم کرتی ہیں۔
اپنی ذاتی کرپٹو تخلیق کرنے سے پہلے، آپ کو اس کی سہولت، ٹوکنامکس، اور قانونی حیثیت پر غور کرنا ہو گا۔ اس کے بعد، آپ کی جانب سے بلاک چین، مفاہمتی میکانزم، اور آرکیٹیکچر کا انتخاب، وہ تمام چیزیں ہوں گی جو ڈویلپمنٹ اسٹیج کے لیے درکار ہوتی ہیں۔ اس کے بعد، آپ اپنے پراجیکٹ کے آڈٹ اور ایک حتمی قانونی پڑتال پر غور کر سکتے ہیں۔ اگرچہ کافی حد تک کوئی بھی شخص کرپٹو کرنسی تخلیق کر سکتا ہے، مگر ایک مضبوط پراجیکٹ بنانے کے لیے سنجیدہ کام اور عزم کی ضرورت ہوتی ہے۔
تعارف
کرپٹو کے بہت سے فینز کے لیے اپنی ذاتی کرپٹو کرنسی، اس کے استعمال کی صورتیں، اور سامعین تخلیق کرنے کا تصور خاصی دلچسپی کا باعث ہے۔ لیکن شروعات کا بہترین نقطہ کون سا ہے؟ درحقیقت کوائنز اور ٹوکنز تخلیق کرنے کے بہت سے طریقے موجود ہیں۔ اس کے اخراجات اور معلومات بھی آپ کے پراجیکٹ کی پیچیدگی کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہیں۔ اگر آپ اپنی ذاتی کرپٹو کرنسی بنانے کا سوچ رہے ہیں، تو ہمارا آرٹیکل اس کی مبادیات پر روشنی ڈالے گا تاکہ آپ شروعات کر سکیں۔
کرپٹو کرنسی کیا ہے؟
ایک کرپٹو کرنسی، جسے کرپٹو بھی کہا جاتا ہے، ڈیجیٹل اثاثے کی ایک ایسی قسم ہے جس کے استعمال کی کئی صورتیں ہوتی ہیں۔ بنیادی طور پر یہ لوگوں کے مابین ڈیجیٹل سطح پر قدر کی منتقلی کا ایک ذریعہ ہے، جس میں مالی قدر، مالکانہ حقوق، یا حتیٰ کہ ووٹنگ کی مراعات تک شامل ہیں۔ چونکہ کرپٹو کی جڑیں بلاک چین ٹیکنالوجی میں موجود ہیں اس لیے یہ ڈیجیٹل ادائیگی کے دیگر سسٹمز سے مختلف ہوتی ہے۔ یہ بنیاد کرپٹو کرنسیز کو حکومتوں اور بینکس جیسے مرکزی اداروں سے آزادی فراہم کرتی ہے۔
Bitcoin کسی کرپٹو کرنسی کی مقبول ترین مثال ہے۔ اس کے استعمال کی سادہ صورت یہ ہے کہ یہ ثالثین کی ضرورت کے بغیر دنیا بھر میں کہیں بھی کسی بھی شخص کو ٹرانسفر کی جا سکتی ہے۔ اس کی بلاک چین تمام ٹرانزیکشنز کو ریکارڈ کرتی ہے اور اس کی سکیورٹی اور نیٹ ورک کے استحکام کو یقینی بناتی ہے۔
کرپٹو کوائنز اور ٹوکنز کے مابین فرق
کرپٹو کرنسیوں کو تقریباً دو اقسام میں تقسیم کیا جا سکتا ہے: کوائنز اور ٹوکنز۔ ان کے درمیان فرق کرنا آسان ہے۔ کوائنز اپنی مقامی بلاک چین کے حامل ہوتے ہیں، مثلاً، Bitcoin۔ Ether (ETH) کی اپنی ذاتی Ethereum بلاک چین ہوتی ہے۔ عام طور پر کوائنز کو نیٹ ورک کے مقابلے میں زیادہ افادیت حاصل ہوتی ہے، جیسا کہ ٹرانزیکشن کی فیس کے لیے ادائیگی، اسٹیکنگ، یا گورننس میں حصہ لینا۔
ٹوکنز پہلے سے موجود بلاک چینز پر بنائے جاتے ہیں۔ ہو سکتا ہے وہ کوائنز سے ملتا جلتا کردار ادا کریں، لیکن بنیادی طور پر ٹوکنز کے ذاتی پراجیکٹس میں سہولت موجود ہوتی ہے۔ اس کی ایک مثال Binance اسمارٹ چین کے PancakeSwap کا CAKE ہے۔ آپ اسے PancakeSwap کے ایکو سسٹم میں مختلف قسم کی ٹرانزیکشنز جیسا کہ نان فنیجبل ٹوکنز کو منٹ کرنے یا ان کی لاٹری کھیلنے کی ادائیگی کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم، CAKE کی اپنی ذاتی بلاک چین نہیں ہے، لہٰذا اسے BSC پر ہر ایپلیکیشن میں استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ Ethereum بلاک چین پر جاری کردہ ہزاروں ERC-20 ٹوکنز پر بھی یہی بات صادق آتی ہے۔ ہر ٹوکن کسی مخصوص پراجیکٹ کا حصہ ہے جس کے استعمال کی صورتیں مختلف ہوتی ہیں۔
کرپٹو کوائنز اور ٹوکنز بنانے کے درمیان فرق۔
جیسا کہ بیان کیا جا چکا ہے کہ ٹوکن تخلیق کرنے کا عمل کوائن تخلیق کرنے کی نسبت آسان تر ہے۔ ایک کوائن آپ سے کسی بلاک چین کو کامیابی سے بنانے اور برقرار رکھنے کا تقاضا کرتا ہے۔ آپ پہلے سے موجود کسی اور چین کو فورک (ایک کاپی بنا سکتے ہیں) کر سکتے ہیں، لیکن اس سے آپ کے نیٹ ورک کو برقرار رکھنے میں مدد کے لیے درکار صارفین اور توثیق کاران کی تلاش کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ہے۔ اس کے باوجود، محض ٹوکن بنانے کی نسبت کوئی نیا کوائن بنانے میں کامیابی کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ یہاں ان دونوں آپشنز کا ایک بنیادی جائزہ دیا گیا ہے:
کوائن تخلیق کرنا
اگر آپ اپنی ذاتی بلاک چین ڈویلپ کرتے ہیں تو نیا کوائن تخلیق کرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ تاہم، پہلے سے موجود بلاک چین کی فورکنگ تیزی سے ہو سکتی ہے اور اسے آپ کے نئے کوائن کی بنیاد کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ Bitcoin Cash (BCH) فورک شدہ پراجیکٹ کی ایک مثال ہے۔ ایسا کرنے کے لیے بھی، آپ کو بلاک چین کے اعلی سطحی تکنیکی اور کوڈنگ کے علم کی ضرورت ہو گی۔ آپ کے پراجیکٹ کی کامیابی کا دارومدار اس بات پر بھی ہو گا کہ آپ کتنے نئے صارفین کو اپنے بلاک چین نیٹ ورک کی جانب راغب کرتے ہیں، جو کہ ایک چیلنج ہے۔
ٹوکن تخلیق کرنا
پہلے سے موجود بلاک چین پر ٹوکن تخلیق کرنے سے اس کی سکیورٹی اور اچھی ساکھ سے لیوریج حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اگرچہ آپ کو اپنے ٹوکن کے تمام پہلوؤں پر مکمل اختیار حاصل نہیں ہو گا، لیکن پھر بھی اسے بہت حد تک حسبِ منشا بنایا جا سکتا ہے۔ آپ کا اپنا ذاتی ٹوکن بنانے کے لیے، بالخصوص BSC اور Ethereum پر مختلف قسم کی ویب سائٹس اور ٹولز دستیاب ہیں۔
مجھے اپنے پراجیکٹ کے لیے کوائن بنانا چاہیئے یا ٹوکن؟
عام طور پر ایک ٹوکن غیر مرکزی فنانس (DeFi) کی ایپلیکیشنز اور کمائی کے لیے کھیلیں پر مبنی گیمز کے لیے کافی ہو گا۔ BSC اور Ethereum دونوں میں کام کرنے کے ضمن میں ڈویلپرز کے لیے بے پناہ لچک پذیری اور آزادی موجود ہے۔
اگر آپ کوائن یا بلاک چین کی فعالیت کی حدود کو بڑھانا چاہتے ہیں تو، اس کی اپنی ذاتی بلاک چین کے ساتھ کوائن بنانا زیادہ بہتر رہے گا۔ کوئی نئی بلاک چین اور کوائن بنانا یقیناً کرپٹو ٹوکن جاری کرنے سے زیادہ مشکل ہے۔ لیکن اگر یہ صحیح طریقے سے کیا جائے، تو یہ بہت زیادہ جدت اور نئے امکانات پیدا کر سکتا ہے۔ Binance اسمارٹ چین، Ethereum، Solana، اور Polygon اچھی مثالیں ہیں۔
اس کے باوجود، ان دونوں آپشنز کو کامیاب ہونے کے لیے تکنیکی، اقتصادی اور مارکیٹ کے علم کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ محنت بھی درکار ہو گی۔
کرپٹو کرنسی تخلیق کرنے کے لیے مقبول حل
کرپٹو کرنسیز بنانے کے لیے کچھ مقبول ترین حل BSC، Ethereum اور Solana ہیں۔ یہ دونوں نیٹ ورکس پہلے سے موجود معیارات کی بنیاد پر مختلف قسم کے ٹوکنز بنانے کے طریقے فراہم کرتے ہیں۔ BEP-20 اور ERC-20 ٹوکن کے معیارات ایسی نمایاں مثالیں ہیں جنہیں کرپٹو والیٹ کا تقریباً کوئی بھی فراہم کنندہ معاونت فراہم کر سکتا ہے۔
ERC-20 کا تعلق Ethereum بلاک چین سے ہے، جبکہ BEP-20 Binance اسمارٹ چین (BSC) کا حصہ ہے۔ یہ دونوں نیٹ ورکس ایسے اسمارٹ معاہدوں کی تخلیق کاری اور حسبِ ضرورت بنانے کا موقع فراہم کرتے ہیں جو آپ کو اپنے ذاتی ٹوکنز اور غیر مرکزی ایپلیکیشنز (DApps) بنانے کے قابل بناتے ہیں۔ DApps کے ساتھ، آپ ایک ایسا ایکو سسٹم بنا سکتے ہیں جو آپ کے ٹوکن کو استعمال کی مزید صورتیں اور فعالیت فراہم کرتا ہے۔
آپ سائڈ چینز کو بھی دیکھ سکتے ہیں جو Ethereum یا Polkadot جیسی بڑی چین کی سکیورٹی کو استعمال کرتے ہیں لیکن کسی حد تک حسبِ ضرورت بھی بنائی جا سکتی ہیں۔ Polygon نیٹ ورک Ethereum سے منسلک ہے اور اسی طرح کا تجربہ فراہم کرتا ہے لیکن یہ استعمال میں سستا اور تیزتر ہے۔
بلاک چین کا انتخاب کرنے کے بعد، آپ کو اپنا ٹوکن بنانے کے لیے ایک طریقے کی ضرورت ہو گی۔ BSC اور Ethereum ورچوئل مشین پر مبنی دیگر بلاک چینز کے ساتھ، یہ عمل نسبتاً آسان ہے۔ آپ استعمال کے لیے تیار ایسے ٹولز بھی تلاش کر سکتے ہیں جو آپ کے فراہم کردہ پیرامیٹرز اور قواعد کی بنیاد پر ٹوکن تخلیق کرتے ہیں۔ عموماً ان کی ادائیگی کی جاتی ہے، لیکن یہ ان صارفین کے لیے زیادہ عملی آپشن ہے جو اسمارٹ معاہدہ جات کے بارے میں نہیں جانتے۔
اگر آپ اپنی ذاتی بلاک چین اور کوائن بنانا چاہتے ہیں، تو آپ کو ممکنہ طور پر بلاک چین ڈویلپرز اور انڈسٹری کے ماہرین کی ایک ٹیم درکار ہو گی۔ حتیٰ کہ اگر آپ Ethereum یا Bitcoin جیسی بلاک چین کو فورک کرنا چاہ رہے ہیں، تب بھی آپ کو اپنے نیٹ ورک کا سیٹ اپ کرنے کے لیے بہت سا کام کرنا ہو گا۔ اس میں توثیق کاران کے طور پر کام کرنے کے لیے صارفین کی حوصلہ افزائی اور بلاک چین کی فعالیت کو برقرار رکھنے کے لیے نوڈز چلانے کا عمل شامل ہو گا۔
اپنی کرپٹو ڈیزائن کرتے وقت کن چیزوں پر توجہ دینی چاہیئے
آپ کی بلاک چین یا کوائن یا ٹوکن بنانے جیسے واضح انتخابات کے علاوہ، ایسے چند دیگر اہم شعبے بھی ہیں جن پر غور کرنا ضروری ہے:
اپنی کرپٹو کرنسی کی افادیت واضح کریں
کرپٹو کرنسیز بہت سے کام کر سکتی ہیں۔ ان میں سے بعض سروسز تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کلیدوں کے طور پر کام کرتی ہیں۔ جبکہ دیگر اسٹاکس یا دوسرے مالیاتی اثاثوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔ اپنی کرپٹو بنانے کے عمل کو سمجھنے اور اس کا نقشہ بنانے کے لیے، آپ کو ابتدا سے ہی اس کے فیچرز کی وضاحت کرنے کی ضرورت ہو گی۔
اپنی ٹوکنامکس کو ڈیزائن کریں
ٹوکنامکس وہ اقتصادیت ہیں جو آپ کے کرپٹو کو کنٹرول کرتی ہیں، جیسے کہ کُل سپلائی، تقسیم کا طریقہ، اور ابتدائی قیمت۔ اگر ٹوکنامکس درست نہ ہوں، تو ایک اچھا خاصہ آئیڈیا ناکام ہو سکتا ہے اور صارفین اس کرپٹو کرنسی کو خریدنے کی جانب راغب نہیں ہوتے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ کوئی اسٹیبل کوائن بنا رہے ہیں لیکن اسے درست طور پر پیگ نہیں کر سکتے، تو کوئی بھی شخص اسے خریدنے یا ہولڈ کرنے کا خواہاں نہیں ہو گا۔
اس کی قانونی تعمیل کی پڑتال کرنا
دنیا بھر کے ممالک کرپٹو کرنسیز کے حوالے سے اپنے ذاتی قوانین اور اصول رکھتے ہیں۔ بعض عملداریاں تو کرپٹو کرنسیز کے استعمال پر پابندی بھی عائد کر سکتی ہیں۔ اپنے قانونی تقاضوں اور تعمیل کے ان مسائل پر مکمل توجہ دیں کہ جو آپ کو درپیش ہو سکتے ہیں۔
7 مراحل میں اپنی ذاتی کرپٹو کرنسی بنائیں
اگر آپ محض ٹوکن تخلیق کر رہے ہیں، تو ذیلی ٹیوٹوریل میں بیان کردہ ہر چیز لاگو نہیں ہو گی۔ اس سلسلے میں ڈیزائن کے پہلے تین مراحل زیادہ اہم ہوں گے۔ آپ کے کوائن کو حتمی طور پر منٹ کرنے سے پہلے ہماری اکثر ہدایات بلاک چین تخلیق کرنے کی مبادیات کا احاطہ کریں گی۔
1. ایک مناسب بلاک چین پلیٹ فارم کا انتخاب کریں۔
ٹوکن کے تناظر میں، آپ کو ایسی بلاک چین منتخب کرنی ہو گی جس پر آپ اپنی کرپٹو کو منٹ کریں گے۔ BSC اور Etheruem اس حوالے سے مقبول آپشنز ہیں، لیکن سائیڈ چینز کا تصور بھی بہتر ہو سکتا ہے۔ اپنا ذاتی کوائن بنانے کے سلسلے میں، آپ کو اپنی مرضی کے مطابق بلاک چین بنانے کے لیے اس کو ڈیزائن کرنے یا کسی کی خدمات حاصل کرنے کے بارے میں غور کرنا ہو گا۔
2. معاہداتی میکانزم کا انتخاب کریں۔
اگر آپ اپنی ذاتی بلاک چین بنا رہے ہیں یا اس حوالے سے تذبذب کا شکار ہیں کہ اپنے ٹوکن کے لیے کس چیز کا انتخاب کریں، تو اپنے مطلوبہ معاہداتی میکانزم کے بارے میں سوچیں۔ یہ میکانزمز اس بات کا تعین کرتے ہیں کہ کس طرح شرکاء نیٹ ورک پر ٹرانزیکشنز کی تصدیق اور توثیق کرتے ہیں۔ اکثر بلاک چینز پروف آف اسٹیک کو استعمال کرتی ہیں کیونکہ اس میں ہارڈ ویئر کے تقاضے کم ہیں اور اس کی کئی اقسام ہوتی ہیں۔ بعض لوگ Bitcoin کے زیرِ استعمال پروف آف ورک کو زیادہ محفوظ خیال کرتے ہیں، لیکن اسے برقرار رکھنا عام طور پر مہنگا ہوتا ہے اور یہ ماحول دوست بھی نہیں۔
3. اپنی بلاک چین کے آرکیٹیکچر کو ڈیزائن کریں۔
یہ مرحلہ صرف اس صورت میں درکار ہو گا اگر آپ کوئی کوائن تخلیق کر رہے ہیں۔ ہر بلاک چین عام لوگوں کو ٹرانزیکشنز کی توثیق کرنے یا نوڈز کو چلانے کی اجازت نہیں دیتی۔ کسی نجی، عوامی، اجازت یافتہ، یا عوامی بلاک چین کے مابین انتخاب کرنے کا فیصلہ اہم ہے۔ آپ کی بلاک چین کے آرکیٹیکچر کا دارومدار اس چیز پر ہو گا کہ آپ کا کوائن یا پراجیکٹ کون سے اہداف حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ مثال کے طور پر، کوائن تخلیق کرنے والی کمپنی یا ملک کو زیادہ کنٹرول حاصل کرنے کے لیے نجی بلاک چین حاصل کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔
4. بلاک چین کی ڈویلپمنٹ شروع کریں
جب تک کہ آپ کے پاس ڈویلپمنٹ کا ماہرانہ علم نہ ہو، اس وقت تک آپ کو اپنے خیالات کو عملی شکل دینے کے لیے بیرونی مدد کی ضرورت ہو گی۔ ایک بار جب کوئی بلاک چین لائیو ماحول میں چل پڑتی ہے، تو اس کے بعد اس کے بنیادی تصورات اور قواعد کو تبدیل کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے Testnet کو استعمال کریں کہ تمام امور منصوبہ بندی کے مطابق طے ہو رہے ہیں اور اپنی بلاک چین تیار کرنے کے لیے پوری ڈویلپمنٹ ٹیم کے ساتھ تعاون کریں۔
5. اپنی کرپٹو اور اس کے کوڈ کا آڈٹ کریں۔
Certik جیسی آڈٹنگ کمپنیاں آپ کی بلاک چین اور اس کی کرپٹو کرنسی کا کوڈ چیک کر سکتی ہیں تاکہ ہر قسم کی کمزوریوں کو تلاش کیا جا سکے۔ اس کے بعد آپ آڈٹ کو عوامی سطح پر شائع کر سکتے ہیں اور اس کے نتائج پر عمل بھی کر سکتے ہیں۔ یہ عمل آپ کے لیے بطور تخلیق کار اور ہر قسم کے ممکنہ صارفین یا سرمایہ کاروں کے لیے کچھ حفاظتی یقین دہانی فراہم کرتا ہے۔
6. قانونی پہلوؤں کو دو بار چیک کریں
اب جبکہ آپ کی ذاتی بلاک چین فعال ہو چکی ہے اور آپ اپنی کرپٹو کرنسی منٹ کرنے کے لیے تیار ہیں، تو یہ جانچنے کے لیے قانونی مشورہ لینا بہتر ہو گا کہ آیا آپ کو اجازت کے لیے درخواست دینے کی ضرورت ہے۔ ایک بار پھر، یہ مرحلہ اکیلے طے کرنا مشکل ہے اور اس کے لیے بیرونی مدد درکار ہو گی۔
7. اپنی کرپٹو کرنسی کو منٹ کریں
چاہے آپ ٹوکن بنا رہے ہوں یا کوئی کوائن، دونوں صورتوں میں آپ کو کسی بھی وقت کرپٹو کرنسی کو منٹ کرنے کی ضرورت ہو گی۔ آپ کی ٹوکنامکس کے لحاظ سے اس کا اصل طریقہ مختلف ہو گا۔ مثال کے طور پر، مقررہ سپلائی کے ٹوکنز ایک بار میں ہی اسمارٹ معاہدے کے ذریعے منٹ کیے جاتے ہیں۔ Bitcoin جیسے کوائنز بتدریج منٹ کیے جاتے ہیں، کیونکہ اس کے مائنرز ٹرانزیکشنز کے نئے بلاکس کی توثیق کرتے ہیں۔
BEP-20 ٹوکن کیسے تخلیق کریں
ایک سادہ BEP-20 ٹوکن بنانے کے سلسلے میں، آپ کو Binance اسمارٹ چین میں اسمارٹ معاہدہ نصب کرنے کے لیے کوڈنگ کی کچھ بنیادی مہارتیں درکار ہوں گی۔ آپ کو MetaMask انسٹال کرنے کی بھی ضرورت ہو گی اور گیس کی فیس ادا کرنے کے لیے آپ کے والیٹ میں کچھ BNB بھی موجود ہونے چاہئیں۔
1. اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نے MetaMask میں BSC مین نیٹ کو شامل کر دیا ہے۔ آپ ہمارے Binance اسمارٹ چین سے MetaMask کو مربوط کرنے کے ہدایت نامے میں تفصیلی ہدایات دیکھ سکتے ہیں۔
2. Remix پر جائیں، جو بلاک چینز پر ایسے اسمارٹ معاہدہ جات کو ڈویلپ اور نصب کرنے کے لیے ایک آن لائن ایپلیکیشن ہے جو Ethereum ورچوئل مشین سے مطابقت پذیر ہوتے ہیں۔ [contracts] فولڈر پر دائیں کلک کریں اور [New File] پر کلک کریں۔
3. فائل کو "BEP20.sol" کا نام دیں۔
4. اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ نے پروگرامنگ لینگویج کو [Solidity] پر سیٹ کیا ہے، ورنہ آپ کا اسمارٹ معاہدہ کام نہیں کرے گا۔ آپ نیچے دائیں جانب دیے گئے آئیکن پر کلک کر کے ایسا کر سکتے ہیں۔
5. BEP-20 اسمارٹ معاہدے کے کوڈ کو اپنی فائل میں کاپی کریں۔ آپ GitHub پر کوڈ کے پیرامیٹرز اور فنکشنز کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
6. اپنے کوائن کے لیے نام، علامت، اعشاریہ اور کُل سپلائی میں ترمیم کریں۔ یہاں ہم نے Binance اکاڈیمی کوائن (BAC) کو بطور مثال منتخب کیا ہے، جس میں 18 اعشاریہ ہیں اور 100,000,000 کی کُل سپلائی موجود ہے۔ 18 اعشاریہ جگہوں کو پُر کرنے کے لیے خاطر خواہ 0s کو شامل کرنا نہ بھولیں۔
7. اس کے بعد، آپ کو اسمارٹ معاہدہ مرتب کرنے کی ضرورت ہو گی۔ اسکرین کے بائیں جانب نیچے دکھائے گئے آئیکن پر کلک کریں، [Auto compile] اور [Enable optimization] کو چیک کریں، اس کے بعد [Compile] بٹن پر کلک کریں۔
8. معاہدے کے ABI کو کاپی کرنے کے لیے [ABI] بٹن پر کلک کریں۔
9. اسکرین کے بائیں جانب نیچے نمایاں کردہ آئیکن پر کلک کریں۔ اپنے ماحول کے طور پر [Injected Web3] کو منتخب کریں اور پھر MetaMask کو Remix سے مربوط ہونے کی اجازت دیں۔ آخر میں، [Deploy] پر کلک کرنے سے پہلے اس چیز کو یقینی بنائیں کہ آپ نے اپنا BEP20 معاہدہ منتخب کر لیا ہے۔
10. اب آپ کو MetaMask کے ذریعے ٹرانزیکشن کی فیس ادا کرنے کی ضرورت ہو گی تاکہ بلاک چین میں معاہدے کی تنصیب کی جا سکے۔ اسمارٹ معاہدے کے لائیو ہونے کے بعد، آپ کو اپنے معاہدے کے سورس کوڈ کی توثیق اور اسے شائع کرنے کی ضرورت ہو گی۔
BscScan میں معاہدے کے ایڈریس کو کاپی کریں، کمپائلر کی قسم کے طور پر [Solidity (Single)] کو منتخب کریں، اور اسے مرحلہ 7 میں استعمال ہونے والے کمپائلر ورژن سے مماثل کریں۔
11. اس کے بعد، Remix میں BEP20.sol پر دائیں کلک کریں اور [Flatten] کو دبائیں۔ اس کے بعد آپ کو کوڈ فلیٹ کرنے کے لیے Remix کو اجازت دینے کی ضرورت ہو گی۔
12. کوڈ کو اپنے BEP20_flat.sol سے فیلڈ میں کاپی کریں، اور یقینی بنائیں کہ [Optimization] جی ہاں پر سیٹ ہے۔ اب صفحے کے نیچے موجود [Verify and Publish] پر کلک کریں۔
13. اب آپ کو ایک کامیابی کی اسپلیش اسکرین نظر آئے گی۔ توثیق شدہ کوڈ کے ساتھ، آپ BscScan کے ذریعے معاہدے میں لاگو کردہ _mint کال کو استعمال کرتے ہوئے اپنے ٹوکن کو منٹ کر سکتے ہیں۔ BscScan پر موجود معاہدے کے ایڈریس پر جائیں اور [Write Contract] پر کلک کریں، اس کے بعد اپنے MetaMask اکاؤنٹ کو مربوط کے لیے [Connect to Web3] پر کلک کریں۔
14. صفحے کے نیچے منٹ سیکشن پر چلے جائیں، اور ان ٹوکنز کی تعداد درج کریں جو آپ منٹ کرنا چاہتے ہیں۔ ہم 100,000,000 BAC منٹ کرنے جا رہے ہیں۔ اعشاریہ بھی شامل کرنا نہ بھولیں، جو مذکورہ صورت میں 18 ہیں۔ [Write] پر کلک کریں اور MetaMask پر فیس ادا کریں۔
15۔ اب آپ کو یہ دیکھنا ہو گا کہ آیا ٹوکنز منٹ کر دیے گئے ہیں اور اس والیٹ کو بھیجے گئے ہیں جس نے اسمارٹ معاہدہ بنایا تھا۔
اپنی کرپٹو کرنسی کو کیسے شامل فہرست کریں
Binance جیسے کرپٹو کرنسی ایکسچینج پر اپنے کوائن یا ٹوکن کو شاملِ فہرست کرتے ہوئے اسے ایک محفوظ اور منظم انداز میں وسیع تر سامعین کے لیے متعارف کروایا جا سکتا ہے۔ اگر آپ ایک مضبوط کرپٹو کرنسی پراجیکٹ بنانے اور ڈویلپ کرنے کا انتظام کر لیتے ہیں، تو آپ براہ راست فہرست سازی کروانے اور/یا Launchpad/Launchpool پر تقسیم کے لیے Binance کے آن لائن درخواست فارمز پُر کر سکتے ہیں۔
ہر کرپٹو کرنسی سخت مطلوبہ احتیاط کے عمل سے گزرتی ہے، اور آپ کو درخواست کے دوران اپنی پیشرفت کے بارے میں Binance کو باقاعدگی سے اپڈیٹ کرنے کی ضرورت ہو گی۔ آپ کو اپنی کرپٹو کرنسی کے ایکو سسٹم میں BNB اور BUSD کو قبول کرنے کی بھی ضرورت ہو گی، جیسا کہ انہیں لیکویڈیٹی کے طور پر فراہم کرنا یا اپنی ابتدائی کوائن کی آفر (ICO) یا ٹوکن کی فروخت کے دوران انہیں قبول کرنا۔
آپ کی ذاتی کرپٹو کرنسی بنانے کی لاگت
اس میں شامل اخراجات آپ کے منتخب کردہ طریقوں اور سیٹ اپ سے منسلک ہیں۔ اگر آپ ایک کوائن اور بلاک چین بنا رہے ہیں تو آپ کو ممکنہ طور پر ایک پوری ٹیم کو کئی مہینوں تک ادائیگی کرنا پڑے گی۔ ایک قابل اعتماد ٹیم کے ذریعے کوڈ آڈٹ کی لاگت بھی لگ بھگ $15,000 (USD) ہو سکتی ہے۔ سستی ترین قیمت کے ساتھ، BSC پر ایک سادہ سا ٹوکن $50 میں بنایا جا سکتا ہے۔ جب ہم اس کا اوسط نکالتے ہیں، تو کامیابی کے کچھ امکان کے ساتھ ایک کرپٹو کرنسی بنانے کے لیے، آپ کو اس کی تخلیق، مارکیٹنگ، اور کمیونٹی کی تعمیر پر ہزاروں ڈالرز خرچ کرنے کی ضرورت ہو گی۔
اختتامی خیالات
اگر آپ اپنی ذاتی کرپٹو کرنسی بنانے کا فیصلہ کرتے ہیں، تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہماری معلومات کو صرف نقطہ آغاز کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ یہ ایک تفصیلی موضوع ہے جس کو مکمل طور پر سمجھنے میں کافی وقت لگتا ہے۔ ٹوکن یا کوائن بنانے کے علاوہ، آپ کو اس بارے میں بھی سوچنے کی ضرورت ہے کہ اسے شروع کرنے کے بعد کامیاب بھی بنانا ہو گا۔ دیگر پراجیکٹس اور ان کی شروعات میں کیا چیز فائدہ مند تھی اور کیا نہیں، اس چیز کا مطالعہ بھی آپ کی ذاتی کرپٹو کرنسی بنانے میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔