بلاک چین کے استعمال کی صورتیں: انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT)
ہوم
آرٹیکلز
بلاک چین کے استعمال کی صورتیں: انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT)

بلاک چین کے استعمال کی صورتیں: انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT)

نو آموز
شائع کردہ Apr 16, 2019اپڈیٹ کردہ Feb 23, 2023
5m

انٹرنیٹ آف تھنگز کیا ہوتا ہے؟

1950 کی دہائی میں ڈیجیٹل انقلاب کے ابتدائی دنوں کے بعد سے، شاندار ٹیکنالوجی کی ایک وسیع حد وجود میں آئی۔ ابتدائی طور پر صرف چند افراد کے لیے میسر ہونے کے باوجود بھی، انڈسٹری نے فوری ترقی کی، اور بہت سی نئی ٹیکنالوجیز جلد ہی منظرِ عام پر آ گئیں اور قابلِ رسائی بن گئیں۔

آخر کار اختراعی ڈیوائسز (جیسا کہ RFID چپس، سینسرز، اور انٹرنیٹ) کی متعدد اقسام کی آمد اور ان کی بہتر رسائی نے 'انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT)' کے تصور کا آغاز کیا۔ IoT ٹیکنالوجی نے کمپیوٹر کی صدی میں ایک نمایاں پیش رفت کی، جو اب کمپیوٹرز کے علاوہ دوسری چیزوں کو بھی انٹرنیٹ سے مربوط ہونے کے قابل بناتی ہے۔


IoT کی ہسٹری

IoT کا پہلا جانا مانا استعمال MIT میں ہوا تھا، جہاں یونیورسٹی کے طلباء نے اپنی کولا ڈسپینسر مشین کی نگرانی کرنے اور اس میں سپلائی کا ذخیرہ دوبارہ سے شامل کرنے کے لیے سستے سینسرز کا استعمال کیا۔ 1994 کے آس پاس Reza Raji کی طرف سے تحریر کردہ ایک جرنل آرٹیکل میں گھروں اور فیکٹریوں کو خودکار بنانے کی غرض سے ڈیٹا کے متحرک پیکٹس کے خیال کی تجویز دینے پر، IoT میں مزید ترقی آئی۔ 

1990 کی دہائی کے آس پاس، Microsoft نے دیگر متعدد کمپنیوں کے ساتھ ایسے ہی خیالات آزمانے کا آغاز کیا، اور 2002 کے بعد سے میڈیا کے متعدد آؤٹ لیٹس نے IoT کی کامیابیوں کا تذکرہ کرنا شروع کیا - جس میں کسی نگران معلوماتی سسٹم سے مربوط شدہ اور آپس میں مربوط شدہ اسمارٹ ڈیوائسز کا استعمال شامل تھا۔ اس کے باوجود، کئی افراد 2008 کو IoT انڈسٹری کی شروعات کا آفیشل سال قرار دیتے ہیں، جب لوگوں کی نسبت انٹرنیٹ سے مربوط شدہ الیکٹرانک ڈیوائسز کی تعداد زیادہ تھی۔


IoT کس طرح کام کرتا ہے؟

بنیادی طور پر، IoT ٹیکنالوجی متعدد مادی ڈیوائسز اور اشیاء کا انٹرنیٹ کے ذریعے باہم کام کرنے کا عمل ہے، اور یہ عموماً ایسے سینسرز اور نان کمپیوٹنگ ڈیوائسز کے نیٹ ورک پر مبنی ہے، جو انٹرنیٹ کے ذریعے کمپیوٹرز یا/اور ڈیوائسز کے ساتھ مواصلات انجام دیتے ہیں۔ اس میں تھرمو اسٹیٹس، دل کی دھڑکن مانیٹر کرنے والے آلے، اسپرنکلرز، اور ہوم سکیورٹی سسٹمز کا استعمال شامل ہو سکتا ہے۔ IoT ٹیکنالوجی کی تنوعات، ڈیوائسز اور سینسرز کی ایک وسیع حد کی ریموٹ مانیٹرنگ، کنٹرول، خودکاری، اور اسٹیٹس چیکنگ کے قابل بناتی ہیں، جو اسمارٹ ہومز اور از خود چلائی جانے والی گاڑیوں میں استعمال ہو سکتی ہیں۔


IoT برائے ذاتی اور گھریلو استعمال

IoT ٹیکنالوجی، ذاتی اور گھریلو سطح پر کئی ایک مختلف طریقوں سے استعمال ہو سکتی ہے۔ اس کی عام مثالیں گھر کی خودکاری سے وابسہ ہیں، جہاں لائٹس، ایئر کنڈیشنرز، ہیٹرز، اور حتیٰ کہ سکیورٹی سسٹمز مانیٹر اور کنٹرول کرنے کے لیے، کئی ڈیوائسز تعینات ہو سکتی ہیں۔ یہ ڈیوائسز، دیگر ذاتی آئٹمز سے بھی مربوط ہو سکتی ہیں، جن میں اسمارٹ واچز اور اسمارٹ فونز شامل ہیں، یا ایسے خاص اسمارٹ مراکز سے بھی مربوط ہو سکتی ہیں، جو گھریلو استعمال کی مختلف اسمارٹ پراڈکٹس (مثلاً اسمارٹ TVs اور ریفریجیریٹرز) مربوط کرنے کی غرض سے ڈیزائن کیے جاتے ہیں۔

خودکار گھروں میں یہ اہلیت موجود ہے کہ وہ ضعیف اور معذور افراد کے لیے معاون ٹیکنالوجی مہیا کرتے ہوئے، ان کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری لا سکیں - خاص کر ایسے افراد کے لیے جن کی بصارت، سماعت یا حرکت محدود ہے۔ اس عمل میں حقیقی وقت کے سینسرز کا استعمال شامل ہو سکتا ہے، جو گھر کے افراد کو اُن کے رشتہ داروں کی دل کی ڈھرکن کے غیر معمولی ہونے یا کم ہونے پر خبردار کرتے ہیں۔ ایک اور دلچسپ مثال میں اسمارٹ بیڈز کا استعمال شامل ہے، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا کوئی بیڈ کسی فرد کے استعمال میں ہے یا نہیں، اور چند اسپتال پہلے سے ہی انہیں آزما رہے ہیں، تاکہ یہ ٹریک رکھا جا سکے کہ مریض کب اپنا بستر چھوڑتے ہیں۔


IoT برائے کمرشل اور صنعتی استعمال

صنعتی استعمال کی صورتوں کی چند ایک مثالوں میں، ماحولیاتی حالات جیسا کہ درجہ حرارت، نمی، ہوا کا دباؤ، اور معیار کا ٹریک رکھنے کے لیے سینسرز کا استعمال شامل ہو سکتا ہے۔ فارمرز بھی IoT ڈیوائسز کا استعمال کر سکتے ہیں، تاکہ اپنے مویشیوں کو پانی یا خوراک کی ہونے والی کمی کا ٹریک رکھ سکیں، نیز، مینوفیکچررز بھی انہیں استعمال کر سکتے ہیں، تاکہ کسی اہم پراڈکٹ کے ختم ہونے پر آگاہ رہ سکیں۔ وہ خودکار مشینز کو بھی سیٹ کر سکتے ہیں، تاکہ کسی پراڈکٹ کی طلب کے کسی مخصوص حد سے کم ہونے پر اُس کا زائد آرڈر دے سکیں۔


حدود

انٹرنیٹ آف تھنگز متعدد دلچسپ تنوعات کی پیشکش کرتا ہے اور یقینی طور پر یہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ تاہم، جہاں تک اس کی حدود کا تعلق ہے، تو کاروباری ادارہ جات اور گھروں کو IoT سسٹمز کے استعمال میں درپیش ایک مسئلہ یہ ہے کہ انہیں متعدد ڈیوائسز کی نگرانی اور مربوط کاری سے نمٹنا پڑتا ہے (اور ان میں سے اکثر انٹرنیٹ کنکشن پر منحصر ہوتی ہیں)۔ اگر نفاذ مناسب نہ ہو، تو کمپنیوں اور گھروں کے مالکان کو کئی ساری مختلف ایپس تک رسائی حاصل کرنی پڑتی ہے، تاکہ اپنی کثیر ڈیوائسز کی نگرانی کو یقینی بنا سکیں۔ یہ عمل، ممکنہ صارفین کے لیے IoT کو مزید وقت طلب اور کم پُر کشش بنائے گا۔ 

اسی وجہ سے، Apple اور Lenovo جیسی چند کمپنیوں نے ایسی ایپلیکیشنز بنائی ہیں، جو iOS کے ماحول میں صوتی احکام کے استعمال کے ذریعے بھی ڈیوائسز کو کنٹرول کرنے کے قابل بناتی ہیں۔ IoT کے دوسرے پلیٹ فارمز ایسے مراکز میں کام کرتے ہیں، جو انٹرنیٹ یا WiFi تک رسائی سے خود مختار ہیں۔ Amazon کا Echo اور Samsung کا SmartThings Hub اس کی مثالیں ہیں۔ لہٰذا، IoT ایسی ڈیوائسز کے ذریعے کام کرتا ہے جو سینسر سے مربوط ہوں، جو اکثر اوقات آیا انٹرنیٹ یا کسی دیگر WiFi ریسیور سے مربوط ہوتی ہیں، اور اس طرح مرکزی کنٹرول، پروگرامنگ، اور مانیٹرنگ کی اجازت دیتی ہیں۔


IoT کرپٹو کرنسیز

ممکنہ طور پر IoT کے متعدد سسٹمز، ڈیجیٹل اشیاء کے درمیان مالیاتی مائیکرو ٹرانزیکشنز پر منحصر ہوں گے، اور اس عمل کے لیے IoT ڈیوائسز کا ایک ایسے طریقہ کار سے مربوط ہونا ضروری ہے، جو نام نہاد مشین ٹو مشین (M2M) معیشت کی اجازت دیتا ہے - جو بنیادی طور پر غیر انسانی ڈیوائسز کے درمیان رقم کا تبادلہ ہے۔ اس ضمن میں، IoT سے مطابقت رکھنے والی کرنسیز کی طلب زیادہ ہے، اور یقینی طور پر کرپٹو کرنسیز ایک مناسب متبادل ہیں۔

پہلے پہل، بہت سارے افراد کا ماننا تھا کہ بلاک چین بذاتِ خود M2M معیشت کے لیے بنیادی فریم ورک ہو گی، کیونکہ یہ مائیکرو ادائیگیوں کے لیے موزوں ہے اور کرپٹو کرنسیز کے ساتھ وسیع پیمانے پر استعمال ہوتی ہے۔ تاہم، بلاک چین کے متعدد نیٹ ورکس کی کارکردگی اس لحاظ سے محدود ہے کہ فی سیکنڈ یہ کتنی ٹرانزیکشنز کی نظم کاری کر سکتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ اس وقت پروف آف ورک (PoW) اور پروف آف اسٹیک (PoS) کے زیادہ تر بلاک چین نفاذ توسیع پذیری کے لیے محدود اہلیت کے حامل ہیں، جس کی وجہ سے یہ M2M مائیکرو ٹرانزیکشنز پر بڑے پیمانے کی عمل کاری کرنے کے لیے ناموزوں ہیں۔ اس کے باوجود، یہ امر قابلِ غور ہے کہ بلاک چین کے کئی پراجیکٹس توسیع پذیری کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں، جس میں Bitcoin Lightning Network اور Ethereum Plasma شامل ہیں۔


اختتامی خیالات

آخر کار، انٹرنیٹ آف تھنگز (IoT) وسیع پیمانے پر ڈیوائسز کی خودکاری، سربراہی، اور کنٹرول کی اجازت دے گا، جس سے یقینی طور پر ہماری روزمرہ زندگیوں میں بہتری آئے گی اور کئی انڈسٹریز کی کارکردگی میں بہتری پیدا ہوگی۔ اس امر کا قوی امکان موجود ہے کہ کرپٹو کرنسیز IoT انقلاب کا حصہ ہوں گی، جو مائیکرو ٹرانزیکشنز اور M2M معیشت کے لیے ڈیجیٹل رقم کے طور پر خدمات سر انجام دیں گی۔ اس وقت، IoT انڈسٹری کو ہدف بنانے والے کرپٹو کرنسی پراجیکٹس کی تعداد محدود ہے، لیکن ہم ممکنہ طور پر مستقبل قریب میں بہت سے نئے پراجیٹکس تخلیق ہوتے ہوئے دیکھیں گے، کیونکہ ٹیکنالوجی تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے۔